مجلس انصاراللہ نیوزی لینڈ کی چھٹی مجلس شوریٰ ۲۰۲۵ء کا کامیاب انعقاد
اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس انصار اللہ نیوزی لینڈ کی چھٹی مجلس شوریٰ مورخہ ۷؍نومبر ۲۰۲۵ء بروز جمعہ بیت المقیت، آکلینڈ میں منعقد ہوئی جس میں ملکی مجالس سے کُل ۵۰؍نمائندگان شامل ہوئے۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک

پہلا اجلاس شام ساڑھے پانچ بجے مکرم محمد یٰسین چودھری صاحب صدر مجلس انصار اللہ نیوزی لینڈ کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم اور عہد انصاراللہ کے ساتھ شروع ہوا۔ صدر صاحب نے افتتاحی تقریر میں مجلس شوریٰ کی اہمیت، ذمہ داریوں اور کووڈ کے باعث وقفے کے بعد منعقد ہونے والی اس چھٹی مجلس شوریٰ کے پس منظر پر روشنی ڈالی۔ اس کے بعد مکرم شفیق الرحمٰن صاحب مبلغ انچارج نے مجلس شوریٰ کی اہمیت، اسلامی تعلیمات، خلفائے احمدیت کے ارشادات اور آدابِ شوریٰ کے حوالے سے مدلل گفتگو کی۔
قائد صاحب عمومی نے سابقہ غیر تکمیل شدہ سفارشات پیش کرتے ہوئے انہیں مزید بہتر بنانے کے لیے تین سب کمیٹیاں مقرر کیں۔ سب کمیٹیوں کے اجلاس شام ساڑھے سات بجے تک جاری رہے۔ بعد ازاں نماز مغرب و عشاء ادا کی گئیں جس کے بعد کھانے کا انتظام تھا۔

دوسرا اجلاس:شام آٹھ بج کر چالیس منٹ پر دوسرا اجلاس مکرم صدر صاحب مجلس کی زیر صدارت تلاوت قرآن کریم سے شروع ہوا۔ کمیٹی سیکرٹریان نے اپنی اپنی سفارشات پیش کیں جنہیں برائے منظوری حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں پیش کیے جانے پر اتفاق کیا گیا۔ مکرم اقبال احمد خان صاحب قائد مال نے سالانہ بجٹ ۲۰۲۵ء پیش کیا جس کی بھی منظوری دی گئی۔
صدر صاحب نے اپنی اختتامی تقریر میں بیرونی ممبران کا شکریہ ادا کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ان کے سفر کو با برکت بنائے۔
انتخاب عہدیداران:بعد ازاں مکرم شفیق الرحمٰن صاحب مبلغ انچارج نے قواعد انتخاب پیش کیے اور صدر و نائب صدر مجلس انصار اللہ نیوزی لینڈ کے لیے انتخابات کروائے۔ آخر میں دعا کی گئی کہ اللہ تعالیٰ نئے منتخب ہونے والے صدران کو احسن رنگ میں خدمت دین کی توفیق عطا فرمائے اور اس مجلس شوریٰ کو بابرکت فرمائے۔ آمین
رات ۱۱؍بجے دعا کے ساتھ مجلس شوریٰ کا اختتام ہوا۔
اللہ تعالیٰ ہمیں مزید خدمت دین کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
(مبارک احمد خان۔ قائد اشاعت و نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)
٭…٭…٭
مزید پڑھیں: آئیوری کوسٹ کے دارالحکومت Yamoussoukroمیں احمدیہ مسجد کا سنگ بنیاد




