مورخہ۱۴؍ دسمبر ۲۰۲۵ء آج آسٹریلیا کے شہر سڈنی کے بونڈی بیچ پر ہونے والے دہشت گرد حملے کے متعلق جماعت احمدیہ مسلمہ عالمگیر کے سربراہ ، خلیفۃ المسیح الخامس، حضرت مرزا مسرور احمد صاحب ایّدہ الله تعالیٰ بنصرہ العزیز نے فرمایا: ’’جماعت احمدیہ مسلمہ عالمگیر کی جانب سے مَیں آسٹریلیا میں یہودی برادری کے معصوم افراد کو نشانہ بنانے والے گھناؤنے دہشت گرد حملے کی شدیدترین الفاظ میں مذمت کرتا ہوں۔ کوئی بھی چیز کبھی بھی ایسی پُرتشدد کارروائیوں کا جواز فراہم نہیں کر سکتی۔ اسلام انسانی جان کے مکمل احترام اور تقدس کا علم بردار ہے اور یہ تعلیم دیتا ہے کہ ایک معصوم انسان کا قتل پوری انسانیت کے قتل کے مترادف ہے۔ لہٰذا دہشت گردی اور نفرت آمیز کارروائیاں اسلام کی حقیقی تعلیمات کے سراسر منافی ہیں۔ بحیثیتِ مسلمان ہمارا ایمان ہم سے تقاضا کرتا ہے کہ ہم ہر مذہب اور عقیدے کے ماننے والوں کے ساتھ محبّت، ہمدردی اور شفقت کا برتاؤ کریں۔ ہم اس المناک سانحے سے متاثر ہ تمام افراد کے ساتھ دلی ہمدردی کا اظہار کرتے ہیں اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاگو ہیں ۔‘‘ (شعبہ پریس اینڈ میڈیا)