اللہ تعالٰ کے فضل سے تعلیم الاسلام کالج اولڈ سٹوڈنٹس ایسو سی ایشن (TICOSA) جرمنی کے سالانہ ڈنر ۲۰۲۵ء کی باوقار تقریب۹؍نومبر ۲۰۲۵ء بروز اتوار بیت السبوح، فرینکفرٹ میں دوپہر دو بجےمنعقد ہوئی۔ الحمدللہ اس تقریب کا بنیادی مقصد TICOSAکی سالِ رواں ۲۰۲۵ء کی کارگزاری سے اراکین TICOSAاور احباب جماعت کو آگاہی دینا تھا۔ تقریب کے مہمان خصوصی مکرم مبارک احمد تنویر صاحب مبلغ انچارج و نائب امیر جرمنی اور TICOSA کے اعزازی ممبر پروفیسرڈاکٹر سیدبشارت احمد شاہ صاحب تھے۔ تقریب میں TICOSA کے ممبرز نےہمبرگ کے علاوہ دیگر قریبی شہروں سے شرکت کی۔ سٹیج پر میزبان مکرم عبد الغفور ڈوگر صاحب صدر TICOSA اور مہمانان خصوصی کے علاوہ دیگر متعدد عہدیداران تشریف فرما تھے۔ شعبہ سمعی و بصری کے تعاون سے لائیو دکھائی جانے والی سالانہ ڈنر کی یہ تقریب مختلف پہلوؤں اور حوالوں سے بہت یادگار رہی۔ شاملین تقریب جہاںآغاز میں محفل مشاعرہ میں شاعری سے محظوظ ہوئے، وہیں پہلی بار دو ممالک امریکہ اور کینیڈا میں قائم ٹی آئی کالج اولڈ سٹوڈنٹس کے صدور نے براہ راست شرکت کی اور اظہار خیال کرکے تقریب کو انٹرنیشنل تقریب کا رنگ دیا۔ نیزمکرم صاحبزادہ جمیل لطیف صاحب کا شکاگو، امریکہ سے بھیجا گیا پیغام پڑھ کر سنایا گیا۔ صاحب علم و قلم کی تین علمی و فکری تقاریر نے بھی تقریب کو جلا بخشی۔ اسی تقریب میں TICOSA کے ممبرزنے ایک ہزار ۵۷۰؍یورو کی رقم تنظیم کے فنڈ میں جمع کروائی۔ تقریب کا آغاز تلاوت قرآن کریم اور نظم سے ہوا۔ اس کے بعد ڈاکٹر وسیم احمد صاحب ناظم مشاعرہ کو دعوت دی گئی جنہوں نے حسب روایت اپنے کلام سے مشاعرہ کا آغاز کیا۔ بعد ازاں دیگر شعرائے کرام نے بھی اپنے کلام پڑھے۔ ان میں مکرم عبد الحمید رامہ صاحب، مکرم چودھری شریف خالد صاحب، مکرم چودھری کرم الٰہی صاحب، مکرم عبدالحمید حمیدی صاحب آف کینیڈا (آن لائن)، مکرم طاہر عدیم صاحب اور مکرم راجہ محمد یوسف صاحب شامل تھے۔ بعد ازاں صدر صاحب TICOSA نے سالانہ رپورٹ ۲۰۲۵ء پیش کرتے ہوئے شاملین تقریب کو بتایا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس سال TICOSA کے ممبرز کی مالی معاونت کے نتیجہ میں افریقہ مساجد فنڈ میں ۳۶؍ہزار یورو چھ مساجد کی تعمیر کے ليے ادا کيے گئے ہیں۔ ۲۴۰؍رمضان پیکٹ ربوہ میں تقسیم کيے گئے جس کے ليے ممبرز نے چار ہزار ۸۰۰؍یورو جمع کروائے تھے۔ اس کے علاوہ پاکستان میں مستحق بچوں کی تعلیم کے ليے نظارت تعلیم کو ۳۳؍لاکھ ۹۰؍ ہزار روپے جمع کروائے گئے۔ اس کے علاوہ سال کے مختلف مہینوں میں ہونے والی سرگرمیوں میں لندن میں باسکٹ بال ٹورنا منٹ میں شرکت اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ساتھ گروپ فوٹو بنوانے کی سعادت، سالانہ تفریحی پروگرام کے تحت مصر کے چار شہروں کی سیر کی گئی، مکرم مبارک احمد صدیقی صاحب کے ساتھ ایک ادبی نشست ہوئی، اسی طرح جلسہ سالانہ جرمنی اور سالانہ اجتماع مجلس انصاراللہ کے مواقع پر TICOSA کے سٹالز لگائے گئے۔ مکرم ناظر صاحب تعلیم صدر انجمن احمدیہ پاکستان نے بھی جلسہ سالانہ کے موقع پر TICOSAکے سٹال کا دورہ کیا۔ سالانہ ڈنر کے موقع پر دوران تقریب مختلف مواقع پر تین تقاریر بھی شاملین تقریب کو سننے کو ملیں جو موضوع کے لحاظ سے علمی، تحقیقی، ادبی اور فکری رنگ اپنے اندر سموئے ہوئے تھیں۔ ایک تقریر مہمان خصوصی مکرم مبلغ انچارج صاحب جرمنی کی تھی۔ آپ نے اپنے مختصر کلمات میں بانی جماعت احمدیہ کی آمد کی غرض تعلق باللہ اور ہمدردیٔ مخلوق کے تناظر میں مسلسل جہاد اور قربانی کی طرف توجہ دلائی۔ مہمان خصوصی مکرم پروفیسر ڈاکٹر سیدبشارت احمد شاہ صاحب نے اپنی تقریر میں TICOSAکی ماضی و حال کی مساعی کو سراہتے ہوئے علمی رنگ میں روشنی ڈالی۔ مکرم محمد الیاس منیر صاحب مربی سلسلہ و مدیر اعلیٰ اخباراحمدیہ جرمنی نے ٹی آئی کالج ربوہ کے حوالے سے اپنی یادوں کو کریدتے ہوئے سنہرے دنوں کا تذکرہ کیا اور کالج کی یادوں اور اس کے مقاصد کو جاری رکھنے اور نئی نسل کو اس عظیم درسگاہ کے بارےآگاہ رکھنے کی ضرورت پر زور دیا۔ تقریب کے اختتام پر مکرم مبلغ انچارج صاحب نے ۲۰۲۵ء میں مثالی تعاون کرنے والے TICOSA کے ممبرز کو تعریفی اسناد اور میڈلز دیے۔ مکرم چودھری حمید احمد صاحب پیٹرن ایسوسی ایشن نے تمام شاملین کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے تقریب میں شرکت کرکے اس کو رونق بخشی۔ مکرم حیدر علی ظفر صاحب مبلغ سلسلہ نے بھی خدمت انسانیت کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ دعا کے ساتھ سالانہ ڈنر کی تقریب اختتام کو پہنچی۔ بعد ازاں شاملین کی عشائیہ سے تواضع کی گئی۔ مغرب و عشا ءکی نمازوں کی ادائیگی کے بعد احباب گھروں کو روانہ ہوئے۔ (رپورٹ: منور علی شاہد،جرمنی) ٭…٭…٭