ہیومینٹی فرسٹ کے پیارے قارئین السلام علیکم ورحمۃاللہ وبرکاتہٗ ہیومینٹی فرسٹ کی تیسویں سالگرہ کے یاد گار موقع پر میں انتہائی خوشی اور فخر کے ساتھ دل کی اتھا ہ گہرائیوں سے آپ سب کو مبارک باد پیش کرتا ہوں۔تیس سال سے انسانیت کی بے لوث خدمت ایک قابل ذکر سنگ میل ہے جو کہ آپ کی غیر متزلزل ہمت،ہمدردی، اور دنیا بھر میں ضرورت مندوں کا سہارا بننے کے عزم کا عکاس ہے۔ تین دہائیوں تک ہیومینٹی فرسٹ امید کی ایک ایسی مشعل کی طرح چمکی ہے جس نے آفات سے بچاؤ کے لیے امداد اور معاونت ،طبی مشن، تعلیمی پروگرام اور ترقیاتی اقدامات مہیا کیے ہیں۔آپ کی کاوشوں نے نہ صرف لوگوں کو فوری آرام مہیا کیا ہے بلکہ ان کے لیے ایسے اسباب بھی مہیا کیے ہیں جن کی مدد سے وہ پائیدار مستقبل کی راہ ہموار کر سکتے ہیں۔نسل،مذہب اور قومیت کی حدود سے آگے بڑھ کر، ہمدردی اور احساس کے جذبات کو عملی جامہ پہناتے ہوئے آپ نے حقیقی انسانیت کی روح کو مجسم کر دیا ہے۔ یہ اہم سنگ میل ہر اس رضا کار ،سٹاف ممبر اور مددگار کا مرہون منت ہے جس نے اس مقدس کام کو سر انجام دینے کے لیے انتھک محنت کی ہے۔ اس کامیابی کےموقع پر میری دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ آپ پر ا پنے فضلوں کی بارش جاری رکھے،آپ کو طاقت اور وسائل مہیا کرے تا کہ آپ اسلام کی روشنی میں حضرت محمد ﷺ اور اس زمانے میں آپؐ کے سچے خادم حضرت مسیح موعودؑ کی پاکیزہ مثالوں کی پیروی کرتے ہوئے اس اہم کام کو جاری و ساری رکھیں۔اللہ کرے کہ ہیومینٹی فرسٹ آنےوالی نسلوں کے لیے روشنی اور تسکین کا منبع بنی رہے ۔ اللہ آپ کی خدمات کو قبول فرمائے اور آپ کی کاوشوں کو اتنا بلند مرتبہ دے کہ وہ دنیا کےلیے عفو اور رحم کا نمونہ ہو ں۔