مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تحریر کرتے ہیں کہ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ۱۲؍نومبر ۲۰۲۵ء بروز بدھ بارہ بجے بعد دوپہر اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر مکرم مرزا عبد الباسط صاحب ابن مکرم مرزا عبدالحمید صاحب مرحوم (ہانسلو۔یوکے) کی نماز جنازہ حاضر اور چار مرحومین کی نمازِ جنازہ غائب پڑھائی۔ نماز جنازہ حاضر مکرم مرزا عبد الباسط صاحب ابن مکرم مرزا عبدالحمید صاحب مرحوم (ہانسلو۔یوکے) ۹؍نومبر ۲۰۲۵ء کو ۷۲سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم نے ابتدائی تعلیم ربوہ سے حاصل کی۔ ۱۹۸۵ء میں یوکے آئے۔ مرحوم ابتدا سے ہی جماعت کی خدمت میں بڑے مستعد تھے۔ حضرت خلیفۃالمسیح الرابع رحمہ اللہ کے یوکے آنے پر حفاظت کی ڈیوٹی بجالاتے رہے۔ جلسہ سالانہ یوکے پر تمام ممالک کے جھنڈے لگانے اور پرچم کشائی کا کام بھی شروع سے سرانجام دیتے رہے۔ جماعتی فنکشنز اور خصوصی تقریبات اور مساجد کے افتتاح وغیرہ پر ہر قسم کی سجاوٹ اور سپیشل ارینجمنٹ کی ڈیوٹی بھی باحسن طریق ادا کرتے تھے۔ مجلس خدام الاحمدیہ اور مجلس انصاراللہ کی نیشنل عاملہ میں خدمت کے علاوہ ٹی آئی کالج اولڈ سٹوڈنٹس کی انتظامیہ میں بھی خدمت کی توفیق پائی۔ مرحوم ہانسلو جماعت میں بطور سیکرٹری جائیداد خدمت کی توفیق پارہے تھے۔ آپ باسکٹ بال کے بہترین کھلاڑی تھے۔ربوہ میں سکول اور کالج کی باسکٹ بال ٹیم میں شامل رہے اورترقی کرتے کرتے پاکستان کی قومی ٹیم میں بھی شامل ہوئے۔ والی بال اور فٹ بال کے بھی بہترین کھلاڑی تھے۔ مجلس صحت یوکے میں بطور صدر باسکٹ بال خدمت کی توفیق پارہے تھے۔مرحوم صوم وصلوٰۃ کے پابند،بڑے شریف النفس، جماعت کے خدمت گزار، خلافت کے شیدائی ا یک نیک، مخلص اور باوفا انسان تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹی، ہمشیرہ اور تین بھائی شامل ہیں۔ آپ مکرم مرزا عبد الرشید صاحب (سیکرٹری ضیافت یوکے) کے چھوٹے بھائی تھے۔ نماز جنازہ غائب ۱۔مکرمہ رضیہ فردوس صاحبہ اہلیہ مکرم مبارک احمد صاحب مرحوم (ربوہ ) ۲۸؍اپریل ۲۰۲۵ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے صحابی حضرت اللہ دتہ صاحب رضی اللہ عنہ کی پوتی تھیں۔ مرحومہ صوم وصلوٰۃ اورتلاوت قرآن کریم کی پابند، صابرہ وشاکرہ، خوش اخلاق ایک نیک مخلص اور باوفا خاتون تھیں۔ چندوں کی بروقت ادائیگی کرتیں۔ خلافت سےگہرا عقیدت کا تعلق تھا۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں دو بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔ ۲۔مکرم غلام مصطفیٰ بیگ صاحب (آف جعفر آباد) ۲۹؍جون ۲۰۲۵ء کو بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ نے ۱۹۸۰ء میں بیعت کرکے احمدیت میں شمولیت اختیار کی۔ آپ ڈی ایس پی کی پوسٹ سے ریٹائر ہوئے۔ مرحوم نمازوں اور تلاوت قرآن کریم کے پابند، ہمدرد، ملنسار، ایک نیک فطرت اور مخلص انسان تھے۔ حضورانور کے خطبات اور خطابات بڑی باقاعدگی اور اہتمام سے سنتے تھے۔ مخالفت کے باوجود احمدیوں کے مقدمات میں مدد کرتے رہے۔ بہت شوق سے تبلیغ بھی کیا کرتے تھے۔مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹا اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔آپ کی دوبیٹیاں مربیان سے بیاہی ہوئی ہیں۔ آپ مکرم مرزا محمدالدین ناز صاحب مرحوم(صدر۔ صدر انجمن احمدیہ ربوہ ) کے خالہ زاد بھائی تھے۔ ۳۔مکرمہ عذرہ مبشر صاحبہ اہلیہ مکرم مبشر احمد انجم صاحب (۱۰۸رب۔ چودھری والا۔ ضلع فیصل آباد) ۲۳؍اگست ۲۰۲۵ء کو ۶۲سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ سابق درویش قادیان مکرم چودھری عبد الغفور رندھاوا صاحب کی بیٹی تھیں۔آپ نے لمبا عرصہ اپنی مجلس میں صدر لجنہ کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔مرحومہ صوم وصلوٰۃ کی پابند، تہجد گزار، نرم مزا ج، مہمان نواز، ہمدرد، غریب پروراور دوسروں کے کام آنے والی ایک نیک فطرت خاتون تھیں۔مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں میاں کے علاوہ ایک بیٹا اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔ ۴۔مکرم محمد عارف احمد صاحب ابن مکرم رحمت خان صاحب( نصیر آباد سلطان ربوه) ۲۰؍ جون ۲۰۲۵ء کو۵۳ سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔مرحوم کے دادا نے ۱۹۴۱ء میں حضرت خلیفۃالمسیح الثانی رضی اللہ عنہ کے دور میں احمدیت قبول کی۔آپ بڑے نیک اور خوش اخلاق انسان تھے۔ خلافت اور جماعت سے گہرا اخلاص کا تعلق تھا اور بچوں کو بھی نظام جماعت سے جوڑ کر رکھتے تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ۵ بیٹے اور تین بھائی شامل ہیں۔ اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین ٭…٭…٭