محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مورخہ ۲۴تا۲۶؍اکتوبر ۲۰۲۵ء کو مجلس خدام الاحمدیہ بھارت نے اپنا ۵۵واں اور مجلس اطفال الاحمدیہ بھارت نے اپنا ۴۶واں سالانہ مرکزی اجتماع قادیان دارالامان میں روایتی شان و شوکت کے ساتھ کامیابی سے منعقد کیا۔ سیدنا حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ارشاد کے مطابق اجتماع کا مرکزی موضوع ’’خدام الاحمدیہ کے مقاصد: تقویٰ، خلافت اور خدمت‘‘ مقرر کیا گیا۔ باجماعت نماز تہجد سے اجتماع کے پروگرامز کا آغاز کیا گیا۔ نماز فجر کے بعد مزار مبارک حضرت اقدس مسیح موعودؑ پر خدام دعا کی غرض سے تشریف لے گئے۔ اس اجتماع کی افتتاحی تقریب میں لوائے خدام الاحمدیہ لہرایا گیا۔ تلاوت قرآن کریم، عہد اور نظم کے بعد حضور انور کا روح پرور پیغام پڑھ کر سنایا گیا۔ بعد ازاں مجلس خدام الاحمدیہ بھارت کی سالانہ کارگزاری رپورٹ پڑھ کر سنائی گئی۔ اجتماع کے موقع پر ’’درویشان قادیان‘‘ کے موضوع پر ایک دلچسپ خصوصی نشست منعقد کی گئی جس میں درویشان قادیان کا تعارف کروایا گیا اور درویشان قادیان نے خلافت احمدیہ کے زیرسایہ کس طرح اس مقدس بستی کی حفاظت کی، اس کا تذکرہ کیا گیا۔ مجلس خدام الاحمدیہ کی تاریخ اور اس کے مقاصد تقویٰ، خلافت اور خدمت کے موضوع پر ایک ڈاکومنٹری بھی دکھائی گئی۔ اجتماع کے دوران مختلف علمی و ورزشی مقابلہ جات کروائے گئے۔ اجتماع کی خصوصی نشستوں کی Online Streaming بھی کی گئی تاکہ ہندوستان بھر کے خدام اس سے فائدہ اُٹھا سکیں۔ نیز اجتماع کی خصوصی نشستوں کا تامل، ملیالم اور بنگلہ زبان میں ترجمہ کا بھی اہتمام کیا گیا۔ اس مرتبہ ’’Beacon of Youth‘‘ کے نام سے خدام واطفال کی تعلیم و تربیت کے ليے الگ سے بعض خصوصی علمی نشستوں کا اہتمام کیا گیا جس میں حالات حاضرہ سے تعلق رکھنے والے مختلف موضوعات پر علماء نے لیکچرز دیے اور حاضرین کو سوالات کا موقع بھی دیا گیا۔ تقریب تقسیم انعامات اور مکرم صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ بھارت کی تقریر کے ساتھ اجتماع اختتام پذیر ہوا۔ اس اجتماع میں شرکت کے ليے ہندوستان بھر سے خدام و اطفال تشریف لائے اور جوش و خروش سے مقابلہ جات میں حصہ لیا۔ اللہ تعالیٰ اس اجتماع کو ہر لحاظ سے بابرکت فرمائے اور اس کے دُور رس نتائج ظاہر فرمائے، آمین۔ (رپورٹ:شعبہ پریس اینڈ میڈیا بھارت) ٭…٭…٭ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکا مجلس خدام الاحمدیہ بھارت کے سالانہ نیشنل اجتماع ۲۰۲۵ء کے موقع پر بصیرت افروز پیغام مکرم صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ بھارت السلام علیکم ورحمۃ اللہ وبرکاتہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ بھارت کو اپنا سالانہ نیشنل اجتماع منعقد کرنے کی توفیق مل رہی ہے۔ اللہ تعالیٰ اس اجتماع کو ہر لحاظ سے بہت بابرکت اور کامیاب فرمائے اور تمام خدام اور اطفال کو اس کے جملہ پروگراموں سے مستفیض ہونے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین آپ جو جماعت احمدیہ میں خدام اور اطفال کہلاتے ہیں آپ پر بہت اہم ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔ آپ کو خدا نے دنیا کی خدمت کے لئے پیدا کیا ہے اور اس کے لئے سب سے پہلے آپ کو خدا سے اپنا تعلق مضبوط بنانا ہے اور اس کے حضور جھکتے ہوئے اپنی عبادتوں کے معیاروں کو بلند سے بلند تر کرتے چلے جانا ہے۔ پس خاص طور پر اپنی پنجوقتہ نمازوں کو باقاعدگی اور خشوع و خضوع کے ساتھ ادا کرنے کی عادت ڈالیں اور قرآن کریم کی تلاوت اور اس کی تعلیمات پر عمل کرنا اپنی زندگیوں کا معمول بنائیں۔ جیسے جیسے آپ کا اللہ تعالیٰ کے ساتھ تعلق بڑھے گا آپ کے ایمان و یقین میں پختگی پیدا ہوتی چلی جائے گی جس کے نتیجہ میں پھر اللہ تعالیٰ آپ کو اپنے بے شمار فضلوں اور انعامات کا وارث بنائے گا۔ اور آپ ترقی کی منازل طے کرتے ہوئے دنیا اور معاشرہ میں امن و سلامتی کی فضاء قائم کرنے والے ہوں گے۔ان شاء اللہ ۔ لیکن اس کے لئے بہت محنت اور کوشش کی ضرورت ہے۔ خلافت احمد یہ کے ساتھ اخلاص و وفا کے تعلق کو بڑھانے کی ضرورت ہے۔ خلیفہ وقت کے ہر حکم اور ہر ارشاد پر دل و جان سے عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ کیونکہ یہی وہ بنیاد ہے جس کے نتیجہ میں پھر آپ کے لئے ترقی اور کامیابی کی راہیں کھلتی چلی جائیں گی۔ یاد رکھیں کہ آپ کی تمام تر ترقیات کا راز خلافت سے وابستگی میں پنہاں ہے۔ اور اس سے اخلاص و وفا کا تعلق ہمیشہ آپ کو دین و دنیا میں سرخرو کرتا چلا جائے گا۔ ان شاء اللہ احمدی خدام کی ایک اور بہت بڑی ذمہ داری یہ بھی ہے کہ آپ نے اپنی آئندہ نسلوں کی تربیت کی طرف خصوصی توجہ دینی ہے اور انہیں جماعت کے ساتھ مضبوطی سے جوڑے رکھنا ہے۔ اپنے گھروں میں نیکی، تقویٰ اور محبت کا ماحول قائم کرنا ہے تاکہ بچے آپ کے عملی نمونوں کو دیکھ کر سبق حاصل کریں اور اسلام کی تعلیمات سے روشناس ہو کر آنے والے زمانہ میں دنیا میں امن و سلامتی کا پیغام اور اسلام کی خوبصورت تعلیمات کو پھیلانے والے بنیں۔ حضرت اقدس مسیح موعود علیہ السلام فرماتے ہیں: ’’خود نیک بنو اور اپنی اولاد کے لئے ایک عمدہ نمونہ نیکی اور تقویٰ کا ہو جاؤ اور اس کو متقی اور دیندار بنانے کے لئے سعی اور دعا کرو۔ جس قدر کوشش تم ان کے لئے مال جمع کرنے کی کرتے ہو اسی قدر کوشش اس امر میں کرو۔ خوب یا درکھو کہ جب تک خدا تعالیٰ سے رشتہ نہ ہو اور سچا تعلق اس کے ساتھ نہ ہو جاوے کوئی چیز نفع نہیں دے سکتی‘‘(ملفوظات جلد 7، صفحہ 320، 2022ء ایڈیشن) اگر آپ ان ذمہ داریوں کو سمجھیں گے اور انہیں احسن رنگ میں نبھانے کی کوشش کریں گے تو اللہ تعالیٰ کی برکتوں کو حاصل کرنے والے ہوں گے اور جماعت کے روشن مستقبل کی بنیادوں کو پختہ کرتے چلے جائیں گے۔ اللہ تعالیٰ آپ سب کو ان باتوں پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے اور اس اجتماع کو آپ کے لئے ایک روحانی انقلاب کا ذریعہ بنائے۔ آمین مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ فن لینڈ کی ہیلسنکی بُک فیئر میں شرکت