اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۳۱؍اکتوبر ۲۰۲۵ء کو نماز عصر کے بعد احمدیہ مشن سیرالیون ہیڈکوارٹرز کے ہال میں مجلس خدام الاحمدیہ سیرالیون کے سابق صدر کے اعزاز میں ایک الوداعی اور نئے صدر کے استقبال کی تقریب منعقد ہوئی۔ مکرم موسیٰ میوا صاحب امیر جماعت احمدیہ سیرالیون کی صدارت میں تلاوت قرآن کریم سے پروگرام کا آغاز ہوا۔ سابق صدر مجلس مکرم مربی محمد مورث کمارا صاحب نے خدام کا عہد دہرایا۔ نیشنل معتمد مکرم احمدو الفا صاحب نے گذشتہ چار سال کی کارکردگی رپورٹ پیش کی اور درپیش چیلنجز کا ذکر کیا۔ بعد ازاں مکرم مولوی طاہر کوروما صاحب مہتمم مقامی نے تمام قائدین کی جانب سے سابق صدر صاحب کا شکریہ ادا کیا۔ خاکسار(نائب صدر اوّل و مبلغ سلسلہ) نے نیشنل عاملہ، مجلس خدام الاحمدیہ اور مجلس اطفال الاحمدیہ کی جانب سے سپاس نامہ پیش کیا جسے مکرم امیر صاحب نے فریم کی صورت میں سابق صدر صاحب کو دیا کیا۔ سابق صدر صاحب نے اپنی تقریر میں اپنے دور صدارت میں معاونت کرنے والے تمام کارکنان اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ بعدہٗ نئے صدر صاحب نے بھی سابق صدر صاحب کی خدمات کو سراہا اور آئندہ کے لیے دعا کی درخواست کی۔ بعدازاں دورانِ سال مجلس کے ساتھ ہمہ وقت تعاون کرنےوالے مشن کے دو ڈرائیورز کو اسناد پیش کی گئیں۔ نیشنل عاملہ مجلس خدام الاحمدیہ سیرالیون نے مکرم امیر صاحب کو مبلغ ۲۵؍ہزار نیو لیونز (سابقہ ۲۵؍ملین لیونز) کے عطیے کا چیک پیش کیا۔ یہ رقم جلسہ سالانہ کے لیے تیامہ(Taiama) میں نئی خرید کردہ زمین کے لیے عطیہ کی گئی ہے۔ آخر میں امیر صاحب نے گذشتہ چار سال میں اہم اہداف کی تکمیل پر خوشی کا اظہار کیا جس میں سر فہرست ہر سال نئے مقام پر اجتماع کا انعقاد اور حاضری میں اضافہ تھا۔ امیر صاحب نے ’اطاعت نظام اور اطاعت خلافت‘ پر روشنی ڈالی اور دعا سے تقریب اختتام پذیر ہوئی۔ نماز مغرب و عشاء کے بعد عشائیہ پیش کیا گیا۔ پروگرام میں نائب امراء، نیشنل عاملہ کے اراکین، نیشنل عاملہ مجلس خدام الاحمدیہ و اطفال الاحمدیہ ۲۰۲۴ء– ۲۵ء اور فری ٹاؤن کے قائدین مجالس شامل تھے۔ اللہ تعالیٰ سابقہ عہدیداران کی مساعی کو قبول فرمائے اور نئے عہدیداران کو مزید خدمت دین کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین (رپورٹ: ذیشان محمود۔ نائب صدر اوّل مجلس خدام الاحمدیہ سیرالیون)