اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس انصار اللہ ناروے کے شعبہ تربیت کو یکم نومبر ۲۰۲۵ء کو ’صفات باری تعالیٰ‘ کے بابرکت موضوع پر ایک تربیتی سیمینار کے انعقاد کی توفیق ملی۔ یہ سیمینار مسجد بیت النصر، اوسلو کے مسرور ہال میں بعد نماز مغرب زیرصدارت مکرم ڈاکٹر احمد رضوان صادق صاحب صدر مجلس انصاراللہ ناروے ہوا۔ ’صفات باری تعالیٰ‘ مجلس انصار اللہ ناروے کا سالانہ موضوع بھی ہے جس پر سارا سال بھی کام ہوتا رہاہے۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ بعد ازاں خاکسار (قائد تربیت مجلس انصاراللہ ناروے)نے ایک حدیث پیش کی جس کے بعد ایک نظم پیش کی گئی۔ سیمینار کا پہلا حصہ نہایت دلچسپ اور انٹرایکٹو نوعیت کا تھا۔ تمام حاضرین سے درخواست کی گئی کہ وہ ایک پرچی پر اللہ تعالیٰ کی کوئی ایک صفت تحریر کریں۔ تجزیہ سے یہ بات سامنے آئی کہ اکثریت نے الرحمٰنکی صفت لکھی، اس کے بعد الرحیم اور المالک کے اسمائے حسنیٰ سب سے زیادہ دہرائے گئے۔ اس موقع پر حاضرین کے درمیان ان صفاتِ الٰہیہ پر نہایت پُرمغز اور علمی گفتگو ہوئی۔ سیمینار کے دوسرے حصے میں مختصر مگر جامع تقاریر پیش کی گئیں جن میں مختلف صفاتِ باری تعالیٰ الرحمن، القدوس، المؤمن، السلام، الرفیق، الجبار اور الرزاق پر روشنی ڈالی گئی۔ یہ صفات مکرم عبدالرحمٰن قریشی صاحب قائد تعلیم، مکرم خالد محمود ملک صاحب قائد تبلیغ، مکرم عامر محمود خالد صاحب قائد اشاعت، مکرم رفیع احمد منہاس صاحب قائد مال، مکرم طاہر محمود صاحب زعیم مجلس نصر، مکرم وسیم احمد صاحب زعیم مجلس نورسترانڈ اور مکرم عرفان خالد صاحب زعیم مجلس اولنساکر نے پیش کیں۔ سیمینار کے آخر پر مکرم عبدالہادی مسعود صاحب مبلغ سلسلہ نے اللہ تعالیٰ کی صفت المُجیبپر تفصیلی روشنی ڈالتے ہوئے قبولیت دعا کے پر اثر واقعات سنائے۔ آخر میں صدر مجلس ڈاکٹر احمد رضوان صادق صاحب نے اختتامی کلمات کہے اور مربی صاحب نے دعا کروائی۔ اختتام پر نمازِ عشاء باجماعت ادا کی گئی۔ کل حاضری ۲۸؍نفوس پر مشتمل تھی۔ ضیافت نماز مغرب کے بعد پیش کی گئی۔ (رپورٹ : ڈاکٹر صفدر ملک۔قائد تربیت، مجلس انصار اللہ ناروے)