محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے لجنہ اماءاللہ کینیڈا کو نیشنل مجلس شوریٰ و نیشنل سالانہ اجتماعات لجنہ اماءاللہ و ناصرات الاحمدیہ مورخہ ۲۲تا۲۴؍اگست۲۰۲۵ء منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ نیشنل مجلس شوریٰ ۲۲؍اگست بروز جمعۃ المبارک منعقد ہوئی جس میں ۳۳۰؍نمائندگان نے شرکت کی۔ نمائندگان کی کثیر تعداد نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ مجلس شوریٰ کے اجلاس سے قبل طاہر ہال میں سنا۔ لجنہ اماء اللہ اور ناصرات کے اجتماعات ’’عبادات‘‘ کے مرکزی موضوع پر ۲۳و۲۴؍اگست۲۰۲۵ء مسجد بیت الاسلام اور اس سے ملحقہ وسیع و عریض پنڈالوں میں منعقد ہوئے۔ مجلس شوریٰ اور اجتماعات میں عبادات کی فرضیت، اہمیت اور برکات پر قرآن کریم، احادیث، ارشادات حضرت اقدس مسیح موعودؑ اور ارشادات خلفائے کرام پیش کیے گئے۔ ان اجتماعات کے لیے حضور انورایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا ارسال کردہ خصوصی پیغام اردو اور انگریزی میں دونوں روز پڑھ کر سنایا گیا۔ اجتماعات میں تلاوت قرآن کریم، حفظ القرآن، نظم، اردو، انگریزی اور فرانسیسی زبانوں میں تقاریر اور بیت بازی کے مقابلہ جات منعقد ہوئے۔ پوزیشنز حاصل کرنے والی ممبرات کو مکرمہ صاحبزادی امۃ الجمیل بیگم صاحبہ بنت حضرت مصلح موعودؓ نے انعامات دیے۔ علمی مقابلہ جات کے علاوہ مختلف پنڈالوں میں سیلف ڈیفنس، نظام وصیت کی برکات، آرتھرائٹس سے بچاؤ، ایگزسٹنس آف گاڈ اور ٹراما ریکوری جیسے موضوعات پر سیمینارز منعقد ہوئے۔ موجودہ حالات میں بچوں کی ذہنی اور اخلاقی تربیت کے موضوع پر ماؤں کے ساتھ ایک خصوصی نشست کا اہتمام کیا گیا۔ بک سٹال اور ہنگامی صورتحال میں ہماری تیاری کے بارے میں معلوماتی سٹال لگائے گئے۔ ’’حیا کی خوبصورتی‘‘ کے موضوع پر ایک سپیشل آرٹ نمائش بھی لگائی گئی۔ ممبرات لجنہ اماءاللہ اور ناصرات نے راک کلائمنگ اور تیر اندازی جیسے دلچسپ پروگراموں میں شامل ہو کر لطف اٹھایا۔ بازار سے کھانے، کپڑوں اور جیولری کے سٹالز سے بھی لجنہ ممبرات اور ناصرات نے فائدہ اٹھایا۔ محض خدا تعالیٰ کے فضل سے اجتماعات کامیابی سے منعقد ہوئے اور ان میں پانچ ہزار ۹۰۰؍سے زائد لجنہ ممبرات اور ناصرات نے شرکت کی۔ اللہ تعالیٰ سب شاملین کو خلافت کی کامل اتباع میں اپنی روحانی ترقی اور اللہ تعالیٰ کے ساتھ اپنے تعلق کو مضبوط کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔ (رپورٹ :امۃ السلام ملک۔ معاونہ صدر و انچارج شعبہ وصایا لجنہ اماءاللہ کینیڈا ) ٭…٭…٭ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیزکے لجنہ اماءاللہ کینیڈا کےسالانہ نیشنل اجتماع ۲۰۲۵ء کے موقع پر بصیرت افروز پیغام کا اردو مفہوم ممبرات لجنہ اماء اللہ و ناصرات الاحمدیہ کینیڈا، السلام علیکم و رحمۃ اللہ وبرکاتہ مجھے یہ جان کر خوشی ہوئی ہے کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے لجنہ اماء اللہ کینیڈا اپنا نیشنل اجتماع منعقد کر رہی ہے۔ اللہ تعالیٰ اس اجتماع کو ہر لحاظ سے نہایت بابرکت اور کامیاب بنائے اور تمام شاملین اس کے پروگرامز سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھائیں۔ آمین اجتماع خود احتسابی اور روحانی تجدید کا ایک موقع ہے۔ یہ اللہ تعالیٰ کے ساتھ اپنا تعلق مضبوط کرنے کا موقع ہے جو ایک مومن کی زندگی کی بنیاد ہے۔ اس تعلق کو بڑھانے کا سب سے اہم ذریعہ حقیقی عاجزی اور فہم کے ساتھ بروقت نمازوں کی ادائیگی ہے۔ جیسا کہ حضرت مسیح موعود علیہ الصلوٰۃ والسلام ایک جگہ فرماتے ہیں: ‘‘مَیں پھر تمہیں بتلاتا ہوں کہ اگر خدا تعالیٰ سے سچا تعلق، حقیقی ارتباط قائم کرنا چاہتے ہو تو نماز پر کاربند ہوجاؤ اور ایسے کاربند بنو کہ تمہارا جسم نہ تمہاری زبان بلکہ تمہاری رُوح، تمہاری روح کے ارادے اور جذبے سب کے سب ہمہ تن نماز ہوجائیں۔’’(ملفوظات جلد ۱صفحہ ۱۴۹، ایڈیشن ۲۰۲۲ء) یہ نمازآپ کو معاشرے میں پھیلی ہوئی برائیوں جیسے کہ مادہ پرستی اور اخلاقی زوال سے محفوظ رکھنے میں ایک ڈھال بن جاتی ہے۔ اسی طرح پردہ اور حیا کا نظام محض جسم ڈھانپنے کا نام نہیں بلکہ یہ ایک روحانی محافظ ہے جو وقار اور باطنی پاکیزگی کو بڑھاتا ہے اور ایک عورت کی عزت کی حفاظت کرتا ہے۔ آج کے دور میں جب معاشرتی دباؤ بہت شدید ہے، جو اکثر اسلامی اقدار کو چیلنج کرتا ہے تو یہی دو ستون، یعنی نماز اور حیا آپ کو بطور ایک احمدی مسلمان عورت حقیقی سکون عطا کریں گے اور آپ کو دوسروں کے لیے نور کی مشعل بننے کے قابل بنائیں گے۔ اگلی نسل کی اخلاقی اور دینی تربیت کی آپ کی بنیادی ذمہ داری کے لیے یہ روحانی استقلال سب سے اہم ہے۔ یاد رکھیں کہ آپ کا عملی نمونہ تربیت کرنے میں سب سے مؤثر ذریعہ ہے جو محض الفاظ یا ہدایات سے بہت آگے ہے۔ جب آپ کے بچے آپ کی نماز میں لگن، آپ کو حیا پر ثابت قدم اور آپ کو قرآن کریم کی تعلیمات کے پابند دیکھیں گے تو وہ فطری طور پر ان اقدار کو جذب کریں گے اور اپنی زندگیوں میں ان پر عمل کریں گے۔ مغرب کے ماحول میں جہاں انسان کو غافل کردینے والے بےشمار دنیاوی مشاغل اور اثرات موجود ہیں، ان بچوں کے ایمان کی حفاظت اور انہیں جماعت اور خلافت سے مضبوطی سے جوڑنے کے لیے یہ ذمہ داری انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔ گھر میں آپ کا کردار قوم ساز کا ہے جو مستقبل کے احمدیوں کے کرداروں کی تشکیل کر رہا ہے۔ اگر آپ ایک نیک نسل کی پرورش میں کامیاب ہو گئیں تو آپ نے احمدیت کے روشن مستقبل کو یقینی بنایا ہے۔ اللہ تعالیٰ لجنہ اماء اللہ کینیڈا کی ہر ممبر کو اپنی عظیم ذمہ داریوں کوسمجھنے اور تقویٰ و نیکی میں بڑھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین