مکرم نوید احمد قمر صاحب ایریا مشنری بانجل/کومبو ریجن، گیمبیا تحریر کرتے ہیں کہ لجنہ اماء اللہ گیمبیا کو بانجل/کومبو ریجن میں ناصرات و لجنہ اماءاللہ کی سترھویں سالانہ تربیتی کلاس ۸تا۱۴؍اگست ۲۰۲۵ء جامع مسجد بیت السلام، ٹلنڈنگ میںمنعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ کلاس کی افتتاحی تقریب جمعۃ المبارک کے روز عصر کی نماز کے بعد منعقد ہوئی۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور نظم کے بعد صدر صاحبہ لجنہ اماءاللہ مکرمہ مریمہ جاٹا صاحبہ نے افتتاحی تقریر کی۔ شیڈول کے مطابق ہر روز نماز تہجد و فجر باجماعت ادا کرنے کے بعد ناشتہ پیش کیا جاتا۔ صبح کے اجلاس میں سورۃالمومنون آیات ۱تا۲۰؍کی تلاوت اور حفظ کی گئیں۔ نیز ان آیات کا ترجمہ اور تفسیر حافظہ صفیا ڈرامے صاحبہ نے مقامی زبان میں پیش کی۔ احادیث اور ان کی تفسیر بھی سکھائی گئی۔ بعد از نمازِ ظہر و عصر ’نماز‘ کے موضوع پر تدریس ہوتی جس دوران نماز کی اقسام، اہمیت اور قیام کے طریقے پڑھائے گئے۔ نیز حضرت مسیح موعودؑ کا ایک قصیدہ حفظ کروایا گیا۔ اس کے علاوہ کھیلوں کا بھی اہتمام تھا۔ مغرب و عشاء کے بعد کے اوقات میں مختلف موضوعات پر لیکچرز ہوئے جن کے عناوین تھے: احمدیت کے عہد کی تکمیل میں قربانی کی اہمیت، دجال کا تصور اور مہدی کی آمد کی علامات، کیریئر گائیڈنس پر ایک دلچسپ لیکچر اور صحت کی اہمیت و صفائی کی تلقین۔ ۱۵؍اگست کو تمام شاملین نے تحریری امتحان دیا۔ کلاس کی اختتامی تقریب کی صدارت مکرم بابا ایف تراولے صاحب امیر جماعت احمدیہ گیمبیا نے پردہ کی رعایت سے کی۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد بہترین تین طالبات کو انعامات دیے گئے۔ مکرم امیر صاحب نے اختتامی تقریر میں منتظمین، صدر صاحبہ لجنہ اماءاللہ، باورچیوں اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا اور تلقین کی کہ سیکھے گئے مضامین پر عمل کریں اور انہیں دوسروں تک بھی پہنچائیں۔ آپ نے نمازوں، تہجد کی طرف توجہ دلائی اور حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی صحت و درازیٔ عمر کے لیے بھی دعا کی تاکید کی اور دعا کروائی۔ اس کے بعد دوپہر کا کھانا پیش کیا گیا اور یوں کلاس اختتام پذیر ہوئی۔ اس سال کلاس میں ۱۶۰؍ناصرات و ممبرات لجنہ اماءاللہ شامل ہوئیں۔ الحمدللہ علیٰ ذالک مجلس خدام الاحمدیہ گیمبیاکی طرف سےتربیتی کلاس کا انعقاد اسی طرح اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ گیمبیا کے زیر انتظام بانجل/کومبو ریجن میں ایک ہفتہ پر مشتمل ٹریننگ آف ٹرینرز تربیت و تعلیم کلاس برائے اطفال اور خدام کامیابی کے ساتھ منعقد کی گئی جو ۱۷؍ اگست سے شروع ہوئی۔ افتتاحی تقریب میں مکرم محمود احمد طاہر صاحب نائب امیر و مبلغ انچارج نے شرکت کی۔ اس کلاس کے دوران طلبہ مختلف مضامین جیسے نماز، یسرناالقرآن، تجوید، حدیث، قرآن کریم کے کچھ حصوں کا حفظ اور دیگر متفرقات جیسے تفسیر القرآن کے تعارف کے متعلق لیکچرز سے مستفید ہوئے جو مختلف اساتذہ نے دیے۔ یہ کلاسز شرکاء کی روحانی اور علمی بنیاد کو مضبوط بنانے میں بہت مفید ثابت ہوئیں۔ کلاس کے اختتامی اجلاس کی صدارت مکرم امیر صاحب گیمبیا نے کی۔ آپ نے اس بات پر زور دیا کہ یہ کلاسیں خدام اور اطفال کے لیے اسلام اور احمدیت کی حقیقی تعلیمات سیکھنے کا ایک انمول موقع فراہم کرتی ہیں۔ آپ نے حاضرین کو یاد دلایا کہ آنحضورﷺ نے اپنے صحابہؓ کی تربیت کی جنہوں نے بعد میں ابتدائی مسلمانوں کی راہنمائی کی اور اسی طرح حضرت اقدس مسیح موعودؑ اور خلفائے کرام نے یہ تعلیمی اور روحانی تربیت کا مشن جاری رکھا۔ آخر میں امیر صاحب نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے ليے اور گیمبیا اور پوری انسانیت کے لیے دعاؤں کی درخواست کی۔ اس تقریب کا اختتام امیر صاحب کی قیادت میں اختتامی دعا سے ہوا جس کے بعد گروپ فوٹو لیا گیا۔ اس کلاس میں ۱۳۴؍سے زائد احباب نے شرکت کی۔ الحمدللہ (رپورٹ:مسعود احمد طاہر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: مجلس خدام الاحمدیہ لٹویا کےتیسرے سالانہ اجتماع ۲۰۲۵ء کا انعقاد