٭… ریویو آف ریلیجنز کے The God Summit پروگرام سے لی گئی چند ویڈیوز البانین زبان میں دکھائی گئیں٭…قرآن کریم کے تراجم کی نمائش نیز بک سٹال کا اہتمام ٭… متعدد ممالک کی نمائندگی میں ۲۵۰؍احباب کی شمولیت اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ البانیا کا سولہواں جلسہ سالانہ مورخہ ۱۹؍اکتوبر ۲۰۲۵ء کو مسجد بیت الاول، ترانا (Tirana) میں منعقد ہوا۔ جلسہ میں ۲۵۰؍افراد شامل ہوئے جن میں البانیا سے احمدی اور زیر تبلیغ احباب کے علاوہ کوسوو سے تقریباً ۱۰۰؍البانین احباب مکرم جناح الدین سیف صاحب (مبلغ سلسلہ و صدر جماعت کوسوو) کی قیادت میں تشریف لائے۔ اسی طرح شمالی مقدونیا اور مونٹینیگرو سے بھی احمدی و زیر تبلیغ احباب شامل ہوئے۔ علاوہ ازیں ان ممالک سے بھی احباب نے جلسہ سالانہ میں شرکت کی:یونان، اٹلی، بوسنیا، ڈنمارک، سویڈن، یوکے، آسٹریا، چیک ریپبلک، نائیجیریا اور پاکستان۔ جلسہ کی نوے فیصد حاضری البانین بولنے والے احباب پر مشتمل تھی۔ اس جلسہ میں مکرم Genci Ramaj صاحب کو بطور افسر جلسہ سالانہ خدمت کی توفیق ملی۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے از راہ شفقت مکرم محمد زکریا خان صاحب (امیر و مبلغ انچارج جماعت احمدیہ ڈنمارک) کو جلسہ سالانہ البانیا کے لیے مرکزی نمائندہ کے طور پر مقرر فرمایا۔ مردوں کے لیے جلسہ گاہ مسجد بیت الاول میں جبکہ مستورات کے لیے مشن ہاؤس کے لیکچر ہال میں تھا جہاںبڑی سکرین پر جلسہ کی تمام کارروائی دیکھنے کا انتظام کیا گیا تھا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے جلسے کا دن نہایت خوشگوار موسم میں گزرا اور تمام کارروائی بخیروعافیت مکمل ہوئی۔ الحمدللہ تقریب پرچم کشائی:صبح ساڑھے نو بجے مرکزی نمائندہ نے لوائے احمدیت جبکہ البانیا کا قومی پرچم مکرم ڈاکٹر Bujar Ramaj صاحب نائب صدر جماعت احمدیہ البانیا نے لہرایا۔ مرکزی نمائندہ نے دعا کروائی۔ پہلا اجلاس:پہلا اجلاس مرکزی نمائندہ کی زیرصدارت تلاوت قرآن کریم سے شروع ہوا جو مکرم Fatlum Musaj صاحب نے کی اور البانین ترجمہ مکرم Bekim Bici صاحب نے پیش کیا۔ مکرم ڈاکٹر Bujar Ramaj صاحب نے ’’دعا کی طاقت‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ اس کے بعد ریویو آف ریلیجنز کے The God Summit پروگرام سے لی گئی ایک ویڈیو ’’God Exists – Prove Me Wrong‘‘ البانین زبان میں ترجمہ کرکے دکھائی گئی جس میں دہریوں کے مختلف سوالات کے مدلل جواب پیش کیے گئے۔پھر جماعت احمدیہ البانیا کے رفاہی کاموں پر مشتمل ۶؍منٹ کی ویڈیو ڈاکومنٹری دکھائی گئی۔ بعدازاں مکرم Roland Caka صاحب پرنسپل ضلع Skrapar ہائی سکول نے جماعت احمدیہ البانیا اور ہیومینٹی فرسٹ جرمنی کے کاموں کو سراہا اور شکریہ ادا کیا۔ بعدہٗ ایک وقفہ کے دوران شاملین جلسہ کی خدمت میں ریفریشمنٹ پیش کی گئی اور احباب نے قرآن مجید کے تراجم کی نمائش دیکھی اور بک سٹال سے کتب خریدیں۔ دوسرا اجلاس:دوسرے اجلاس کی صدارت خاکسار (مبلغ سلسلہ و صدر جماعت احمدیہ البانیا) نے کی۔ تلاوت مکرم Riad Osmani صاحب (کوسوو) نے کی اور ترجمہ مکرم Ridvan Ismaili صاحب نے پیش کیا۔ اس کے بعد مکرم Shefqet Luca صاحب (مونٹینیگرو) نے کینسر سے اپنی معجزانہ شفایابی کے سلسلہ میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی قبولیت دعا کا ایمان افروز واقعہ بیان کیا۔ خاکسار نے ’’موجودہ دور میں آنحضرتﷺ کے اسوہ حسنہ پر عمل‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ پھر ریویو آف ریلیجنز کے The God Summit پروگرام سے ایک اور ویڈیو البانین زبان میں ترجمہ کرکے دکھائی گئی جس میں ایک فرانسیسی نوجوان کے ایمان افروز سفر کو پیش کیا گیا جو دہریت سے احمدیت کی طرف آتا ہے۔ اس اجلاس کے آخر پر حضرت مسیح موعودؑ کی تصنیف ’’ضرورۃ الامام‘‘ پر مذاکرہ ہوا۔ اس دوران مکرم Sali Beja صاحب، مکرم Genci Ramaj صاحب اور طفل عزیزم صبور احمد غوری نے ۲۰؍منٹ میں کتاب کے اہم مضامین پر روشنی ڈالی۔ ایک بج کر ۲۰؍منٹ پر نماز ظہر و عصر باجماعت ادا کی گئیں۔ بعد ازاں مشن ہاؤس کے صحن میں لگائے گئے پنڈال میں دوپہر کا کھانا پیش کیا گیا۔ اختتامی اجلاس:اختتامی اجلاس کا آغاز ایک طفل عزیزم نویدالرحمٰن (بوسنیا) کی تلاوت قرآن کریم سے ہوا اور ترجمہ مکرم Bekim Bici صاحب نے پڑھ کر سنایا۔ پھر ’’امام وقت کے ساتھ مل کر قبولیت دعا کا معجزہ‘‘ کے موضوع سے ایک ویڈیو دکھائی گئی جو The God Summit پروگرام سے لی گئی تھی۔ مرکزی نمائندہ نے ’’کونسی جماعت آنحضرتﷺ کے نقش قدم پر ہے؟ سچی جماعت کو پہچانو۔‘‘کے موضوع پر اختتامی تقریر کی۔ آپ نے البانین زبان میں مدلل، عام فہم اور نہایت پُراثر تقریر کی جسے سامعین نے بہت پسند کیا۔ آخر پر آپ نے دعا کروائی اور یوں یہ جلسہ سالانہ اختتام پذیر ہوا۔ الحمدللہ علیٰ ذالک اللہ تعالیٰ تمام احباب کو جنہوں نے جلسہ کی کامیابی کے لیے کوششیں کیں اجر عظیم عطا فرمائے اور ہم سب کو حضرت اقدس مسیح موعودؑ اور خلیفۃ المسیح ایدہ اللہ تعالیٰ کی دعاؤں کا وارث بنائے۔ آمین (رپورٹ: صمد احمد غوری۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ میلبرن ویسٹ، آسٹریلیا میں جلسہ سیرت النبیﷺاور تقریب آمین کا انعقاد