https://youtu.be/DLyeOcM4Y5w کرکٹ:پاکستان بمقابلہ جنوبی افریقہ، تین ایک روزہ میچز کی سیریز پاکستان نے۲۔۱؍سے اپنے نام کرلی۔ اس سیریز کے ساتھ فیصل آبادکے اقبال اسٹیڈیم میں۱۷؍سال بعد انٹرنیشنل کرکٹ کی واپسی ہوئی۔ پہلے مقابلہ میں پاکستان نے۲۶۴؍رنزکا ہدف آٹھ وکٹوں کے نقصان پر پورا کیا۔ سلمان علی آغا۶۲؍رنزبناکرمیچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے۔ دوسرے میچ میں پاکستانی ٹیم نے۲۶۹؍رنز بنائے، جنوبی افریقہ نے ہدف دووکٹوں کے نقصان پرحاصل کیا۔ Quinton de Kock نے ۱۲۳؍رنزکی ناقابلِ شکست اننگز کھیلی۔تیسرے اور فیصلہ کن مقابلے میں جنوبی افریقن ٹیم صرف۱۴۳؍رنزبناکرآؤٹ ہوئی اور پاکستان نے ٹارگٹ تین وکٹیں کھوکرپوراکیا۔ابراراحمدنے ۲۷؍رنزکے عوض چار کھلاڑیوں کوآؤٹ کیا۔ بھارت بمقابلہ آسٹریلیا:پانچ ٹی ٹوینٹی انٹرنیشنل میچز کی سیریز بھارت نے ۲۔۱؍سے جیت لی۔سیریزکا پہلا اور آخری میچ بارش کے باعث بلانتیجہ ختم ہوا۔میلبرن میں ہونے والے میچ میں آسٹریلوی ٹیم کامیاب رہی جبکہ ہوبارٹ اور کرارا، کوئنزلینڈ میں کھیلے گئے میچز میں بھارت نے فتح حاصل کی۔ ٹی ٹوینٹی کرکٹ کی عالمی درجہ بندی میں پہلے نمبر پر موجود بھارتی بلےباز Abhishek Sharma سیریزکے بہترین کھلاڑی قرارپائے۔ ہانگ کانگ سکسز:پاکستان نے فائنل میں کویت کو ۴۳؍رنزسے شکست دے کر چھٹی مرتبہ ہانگ کانگ انٹرنیشنل سکسز کا ٹائیٹل جیت لیا۔ پاکستان نے مقررہ چھ اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پر۱۳۵؍رنزبنائے، عباس آفریدی نے۱۱؍گیندوں پر۵۲؍رنز کی باری کھیلی۔جواب میں کویتی ٹیم ۹۲؍رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔پاکستان کی جانب سے معاذصداقت نے تین کھلاڑیوں کا شکار کیا۔ فٹ بال: یوئیفا چیمپئنز لیگ میں گذشتہ ہفتہ ہونے والے مقابلوں میں بارسلونا اور بیلجیم کے کلب Bruggeکا میچ ۳۔۳؍گول سے برابر ہوا۔مانچسٹرسٹی نے ڈورٹمنڈ کے خلاف ۴۔۱؍سے کامیابی حاصل کی اور بائرن میونخ نے PSGکو ۲۔۱؍سے ہرایا۔ لیورپول نے ریال میڈرڈ کے خلاف صفر کے مقابلہ میں ایک گول سے فتح حاصل کی۔ رواں سیزن میں اب تک ہونے والے چار چار مقابلوں میں جرمن کلب بائرن میونخ، انگلش کلب آرسنل اور اطالوی کلب انٹرمیلان ناقابلِ شکست ہے۔ ٹینس:سربیا کے Novak Djokovicنے ہیلینک چیمپئن شپ جیت کر تاریخ رقم کردی۔ یونان کے شہر ایتھنز میں ہونے والے اس ٹورنامنٹ کے فائنل میں ۳۸؍سالہ جوکووچ نے اٹلی کے Lorenzo Musetti کو ایک کے مقابلہ میں دوسیٹ میں شکست دے کر نہ صرف اے ٹی پی ٹور کے معمر ترین چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا بلکہ اپنے شاندار کیریئر کا ۱۰۱ واں ٹائیٹل جیتنے میں بھی کامیاب ہوئے۔ فارمولا وَن ریسنگ:۹؍نومبر کو ہونے والی برازیلین گراں پری McLarenکے برطانوی ڈرائیورLando Norrisنے جیت لی۔انہوں نے 4.309کلومیٹر ٹریک کے۷۱چکروں پرمشتمل ریس ایک گھنٹہ۳۲؍منٹ اورایک سیکنڈ میں مکمل کی۔ مرسیڈیز کے اطالوی ڈرائیور Andrea Kimi Antonelliنے دوسری جبکہ Red Bullکےڈچ ڈرائیور Max Verstappen نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ (ن م طاہر) ٭…٭…٭