https://youtu.be/lo2xu2IaMm4 محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے ہیومینٹی فرسٹ ساؤٹومے و پرنسپ نے تعلیمی سال ۲۰۲۵ء- ۲۰۲۶ء کے دوران اپنی خدمتِ انسانیت کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے ’’Knowledge for Life‘‘ کے موضوع پر ایک بابرکت اور وسیع المقاصد پراجیکٹ نہایت کامیابی اور وقار کے ساتھ مکمل کیا۔ اس پراجیکٹ کا بنیادی مقصد ملک کے ان مستحق اور محروم طلبہ تک تعلیم کی روشنی پہنچانا تھا جو مالی تنگی یا معاشرتی رکاوٹوں کے باعث تعلیم سے دُور رہ جاتے ہیں۔ اس نیک اقدام کے ذریعے ہیومینٹی فرسٹ نے نہ صرف بچوں کو تعلیمی وسائل فراہم کیے بلکہ ان کے دلوں میں امید، خوداعتمادی اور مستقبل کے بہتر خوابوں کو بھی جگایا۔ اس پراجیکٹ کے ذریعے کُل ۳؍ہزار ۹۷۰؍طلبہ کو براہِ راست فائدہ پہنچایا گیا۔ کئی طلبہ کے سکول کے داخلے مکمل کروائے گئے، درجنوں کو بستے، یونیفارم، کاپیاں، سٹیشنری اور دیگر ضروری تعلیمی سامان فراہم کیا گیا، متعدد سکولوں کو بھی اجتماعی طور پر سٹیشنری اور تعلیمی مواد دیا گیا۔ جیل کے طلبہ کو بھی سکول بیگ اور کاپیاں دی گئیں۔ ہیومینٹی فرسٹ نے ملک کے مختلف اضلاع میں یہ تقاریب منظم انداز میں منعقد کیں جن میں مقامی قیادت، حکومتی نمائندگان اور مختلف تعلیمی اداروں کے سربراہان نے شرکت کی۔ ۴؍ستمبر ۲۰۲۵ء کو ضلع لوباتا میں افتتاحی پروگرام ہوا جس میں ضلع کے میئر صاحب نے بھی شرکت کی۔ ۱۲؍ستمبر کو ڈسٹرکٹ می زوش میں، ۱۷؍ ستمبر کو ضلع کاوے، ۲۶؍ستمبر کو ضلع کانتاگالو، ۲۹؍ ستمبر کو ضلع لیمبا، ۲۹؍ستمبر کو ہی مرکزی مشن میں پروگرام ہوا جس میں ملک کی خاتونِ اوّل نے بھی شرکت کی۔ ۱۰؍ اکتوبر کو ساؤ ٹومے شہر کے سینٹرل پارک میں۔ علاوہ ازیں جزیرہ پرنسپ میں بھی ایک خصوصی ڈونیشن تقریب کا اہتمام کیا گیا جہاں مستحق طلبہ میں بستے، یونیفارمز اور سٹیشنری تقسیم کی گئی۔ اِن پروگراموں کو نیشنل میڈیا نے خوب کوریج دی۔ حکومت کے آفیشل سوشل میڈیا کے پیجز پر بھی خبریں نشر ہوئیں۔ اللہ تعالیٰ ان مساعی کو قبول فرماتے ہوئے ہمیں ملک و قوم کی بہترین خدمت کی توفیق عطا فرماتا چلا جائے۔ (رپورٹ:انصر عباس۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: مجلس انصار اللہ فن لینڈ کے دسویں سالانہ نیشنل اجتماع ۲۰۲۵ء کا کامیاب انعقاد