https://youtu.be/5BFBW02BeEE ٭… ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے کہا ہے کہ امریکہ جب تک صیہونی ریاست کی پشت پناہی سے پیچھے نہیں ہٹتا اور خطے سے اپنے فوجی اڈے ختم نہیں کرتا تعاون کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔انہوں نے کہا کہ امریکہ کی غرور و تکبر سے بھری ذہنیت صرف یہ چاہتی ہے کہ اس کی مانی جائے۔ اگر ہمارا ملک مضبوط ہوگا تو اس کے مخالفین کو یہ سمجھنے میں دیر نہیں لگے گی کہ ایک مضبوط ملک سے جنگ لڑنے میں ان کا فائدہ نہیں بلکہ نقصان ہے تو اس عمل سے ہمارے ملک کو تحفظ حاصل ہوگا۔ ٭…چینی صدر شی جن پنگ نے کہا ہے کہ چین اور روس کو باہمی سرمایہ کاری کو بتدریج بڑھانا چاہیے۔چینی صدر شی جن پنگ نے روسی وزیرِ اعظم میخائل میشوستن سے ملاقات کے بعد اپنے بیان میں کہا ہے کہ دونوں ممالک کو قریبی رابطے کو برقرار رکھنا چاہیے اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون بڑھانے کے نئے مواقع پیدا کرنے چاہئیں۔ چین اور روس کو نہ صرف اے آئی، ڈیجیٹل معیشت اور گرین ڈیولپمنٹ جیسے شعبوں میں تعاون کرنا چاہیے بلکہ توانائی اور زراعت جیسے روایتی شعبوں میں بھی تعاون کو آگے بڑھانا چاہیے۔ ٭…امریکی ریاست کینٹکیکے لوئی ول ایئرپورٹ کے قریب کارگو طیارہ گر کر تباہ ہوگیا ہے۔ لوئی ول ایئرپورٹ پر طیارہ حادثے کے بعد متعدد عمارتوں میں آگ بھڑک اٹھی۔حکام نے تصدیق کی کہ کارگو طیارہ حادثے میں سات افراد ہلاک جبکہ گیارہ زخمی ہوئے ہیں۔ حادثے کا شکار طیارہ ہونولول کے ڈینیئل کانوئے انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی جانب جارہا تھا۔ امریکی ادارے نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ نے حادثے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ ٭…امریکہ کے اہم ترین شہروں میں سے ایک نیویارک کے میئر کا الیکشن جیتنے والے ظہران ممدانی شہر کے پہلے مسلمان میئر ہونے کے ساتھ سب سے کم عمر ترین میئر بھی بن گئے ہیں۔ڈیموکریٹک سوشلسٹ امیدوار ظہران ممدانی تاریخی کامیابی حاصل کر کے پہلے مسلمان اور کم عمر ترین میئر بن گئے۔ ۳۴؍سالہ ظہران ممدانی نے غیر سرکاری نتائج کے مطابق ۴۹؍اعشاریہ ۶؍فیصد ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے حریف سابق گورنر اینڈریو کومو کو ۴۱؍اعشاریہ ۶؍فیصد ووٹ ملے۔نومنتخب میئر نیویارک سٹی نے کہا کہ ہم لیڈرشپ کے نئے دور میں داخل ہوگئے ہیں، ایک ہزار سے زائد رضاکاروں کے مہم میں حصہ لینے پر شکر گزار ہوں، مجھے خود کو ثابت کرنے کا موقع دینے کے لیے شکریہ۔ان کا کہنا تھا کہ ہم سب اس شہر کو بہتر بنانے کے منصوبے پر کام کر رہے ہیں، آج کے الیکشن نے ثابت کردیا کہ امید اب بھی زندہ ہے، آج خوف کی شکست اور امید کی جیت ہوئی ہے۔ ٭…سوڈان کے علاقے دارفور میں ریپڈ سپورٹ فورسز کے جنگجوؤں نے ہسپتال میں گھس کر ۴۶۰؍افراد کو قتل کردیا۔اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ سوڈان کی ریپڈ سپورٹ فورسز نے شمالی دارفور کے صوبائی دارالحکومت پر قبضہ کرنے کے بعد مریضوں سمیت ہسپتال میں سینکڑوں افراد کو ہلاک کر دیا۔عالمی ادارہ صحت کے سربراہ ٹیڈروس اذانوم گیبریئس کا کہنا ہے کہ سوڈان کی ریپڈ سپورٹ فورسز کے جنگجوؤں نے منگل کے روز الفشر شہر میں گھس کر ۴۶۰؍مریضوں اور دیگر افراد کو قتل کیا۔ امریکن میڈیا کے مطابق اعداد وشمار بتانے والے ایک گروپ کے مطابق سوڈان پر کنٹرول حاصل کرنے کے لیے دو سال سے جاری جھڑپوں میں اب تک چالیس ہزار افراد مارے گئے ہیں۔دوسری طرف خانہ جنگی کے باعث ایک کروڑ چالیس لاکھ سے زیادہ افراد کے بے گھر ہونے سے دنیا کا بدترین انسانی بحران پیدا ہوگیا ہے۔ ٭…امریکی ماہرین کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ سوڈان کے صوبے دارفور کے دارالخلافہ شہر الفاشر میں نیم فوجی تنظیم ’ریپڈ سپورٹ فورسز‘ (آر ایس ایف) مبینہ طور پر اجتماعی قبریں کھود کر قتل کیے گئے افراد کی لاشیں دفن کر رہی ہے۔ امریکی ییل یونیورسٹی کے ہیومینیٹیرین ریسرچ لیب کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر، نیتھینیئل ریمنڈ نے عرب میڈیا کو دیے گئے انٹرویو کے دوران دعویٰ کیا ہے کہ ریپڈ سپورٹ فورسز الفاشر میں کیے گئے حالیہ قتلِ عام کے شواہد مٹانے کے لیے بڑے پیمانے پر قتل کیے گئے افراد کو دفن کر رہی ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق آر ایس ایف کے قبضے کے بعد سے اب تک ستّر ہزار سے زائد افراد الفاشر اور اس کے نواحی علاقوں سے نقل مکانی کرچکے ہیں جبکہ ہزاروں محصور شہری خوراک، پانی اور طبی امداد تک رسائی سے محروم ہیں۔ ٭…سوڈان کے شہر الفاشر پر قابض نیم فوجی تنظیم ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) نے سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والے خطرناک کمانڈر ابو لُولُو کو شدید عالمی ردعمل کے بعد گرفتار کرلیا ہے۔ سوڈان میں جنگ کے دوران بے رحمی اور سفاکیت کی علامت بننے والا جنگجو ’ابو لُولُو‘ کی گرفتاری نے آر ایس ایف کے خلاف مزید سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔’الجزیرہ‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق شدید عالمی ردعمل کے بعد آر ایس ایف نے ابو لُولُو سے لاتعلقی اختیار کرنے کی کوشش بھی کی ہے، آر ایس ایف کے ایک سینئر عہدیدار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ابو لُولُو آر ایس ایف کا حصہ نہیں بلکہ ایک اتحادی گروہ کی قیادت کرتا ہے۔ ٭…٭…٭