محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس خدام الاحمدیہ فن لینڈ کو اپنی پہلی مجلسِ شوریٰ مورخہ ۱۰؍اکتوبر ۲۰۲۵ء بروز جمعۃ المبارک بمقام مسجد نور، فن لینڈ مکرم فرید احمد صاحب صدر مجلس خدام الاحمدیہ فن لینڈ کی صدارت میں منعقد کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک۔اس موقع پر شوریٰ ممبران کی تعداد۳۹؍تھی۔ مجلس شوریٰ کا باقاعدہ آغاز حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطبہ جمعہ کے بعد شام چار بجے تلاوت قرآن کریم سے ہوا ۔یہ کارروائی رات دس بج کر بیس منٹ تک جاری رہی۔ اجلاس کے آغاز پر تمام اراکین نے صدر مجلس کے ساتھ خدام الاحمدیہ کا عہد دہرایا۔ بعد ازاں مکرم شاہد محمود کاہلوں صاحب مبلغ انچارج فن لینڈ نے ۲۰۲۵ء تا ۲۰۲۷ء کی مدت کے لیے صدر مجلس خدام الاحمدیہ فن لینڈ کا انتخاب کروایا۔ بعد از انتخاب مکرم احتشام عابد بسرا صاحب معتمد مجلس نے بطور سیکرٹری شوریٰ، حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے منظور شدہ تجاویز پیش کیں۔ ان تجاویز پر غور و فکر کے لیے سب کمیٹیاں تشکیل دی گئیں جن کے لیے صدران اور سیکرٹریان مقرر کیے گئے۔ سب کمیٹیوں کے اجلاس کے دوران تمام تجاویز پر تفصیلی غور کیا گیا اور حتمی سفارشات مرتب کی گئیں۔ نمازِ مغرب و عشاء کے بعد عمومی اجلاس میں یہ سفارشات پیش کی گئیں جنہیں اراکین مجلس شوریٰ نے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی خدمت اقدس میں برائے منظوری پیش کیے جانے پر اتفاق کیا۔ اختتامی اجلاس میں صدر مجلس نے تمام اراکین کا شکریہ ادا کیا جن کی محنت اور تعاون سے پہلی مجلس شوریٰ بفضلہ خدا کامیابی سے منعقد ہوئی۔ اجلاس کا اختتام دعا کے ساتھ ہوا۔ اللہ تعالیٰ مجلس خدام الاحمدیہ فن لینڈ کو خلافت احمدیہ کے سائے میں مزید ترقیات سے نوازے اور اس پہلی مجلس شوریٰ کے بابرکت نتائج ظاہر فرمائے۔ آمین ثم آمین (رپورٹ: فرخ اسلام۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ اٹلی کے ایک وفد کی ویٹیکن سٹی میں کارڈینل جارج جیکب کوواکاد سے ملاقات