اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مورخہ ۱۲؍ستمبر ۲۰۲۵ء بروز جمعۃ المبارک مسجد بیتالباسط چٹاگنگ، بنگلہ دیش میں نومبائعین سیمینار کا بابرکت انعقاد ہوا۔ اس پروگرام میں شرکت کے لیے دارالحکومت ڈھاکہ سے تین نمائندگان بھی شامل ہوئے۔ پروگرام کا آغاز صبح دس بجے تلاوت قرآن کریم اور نظم سے ہوا جو نومبائعین میں سے دو احباب نے پیش کیں۔ بعدازاں مکرم مظفر احمد نظامی صاحب سیکرٹری تربیت جماعت احمدیہ چٹاگنگ نے نماز کے قیام کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ اس کے بعد نومبائعین نے اپنے ایمان افروز تاثرات اور احمدیت قبول کرنے کے واقعات سنائے۔ آخر میں خاکسار (مبلغ سلسلہ) نے ’’جماعت احمدیہ کا مالی نظام‘‘ کے موضوع پر تقریر کی۔ پہلا اجلاس دوپہر بارہ بجے اختتام پذیر ہوا۔ نماز جمعہ و نماز عصر اور ظہرانے کے وقفہ کے بعد سہ پہر تین بجے دوسرا اجلاس تلاوت اور نظم سے شروع ہوا جو دو نومبائعین نے پیش کی۔ اس کے بعد مکرم محمد جمال الدین صاحب نے ’’جماعت احمدیہ کی انتظامی ساخت‘‘ پر تقریر کی۔ مکرم ہزاری احمد المنعم صاحب مبلغ سلسلہ ایم ٹی اے انٹرنیشنل بنگلہ دیش سٹوڈیوز نے ’’خلافت کی اہمیت اور اس سے تعلق قائم کرنے کی ضرورت‘‘ پر تقریر کی۔ مکرم نجم الحق صاحب نائب نیشنل سیکرٹری تربیت نومبائعین اور ان کے بعد مکرم شاہان شاہ آزاد صاحب نائب نیشنل امیر و نیشنل سیکرٹری وقف جدید نے لوگوں کے بیعت کرنے کے ایمان افروز واقعات بیان کیے اور احمدی ہونے کے بعد کی ذمہ داریوں پر روشنی ڈالی۔ آخر پر مکرم حاجی محمد خالد الرحمٰن بھوئیاں صاحب امیر جماعت احمدیہ چٹاگنگ نے اختتامی کلمات کہے اور دعا کروائی۔ اس بابرکت پروگرام میں ۳۰؍نومبائعین و نومبائعات کے علاوہ تقریباً ۱۲۰؍دیگر احباب و خواتین نے بھی شرکت کی۔ بعض غیر از جماعت مہمانان بھی شامل تھے۔ اللہ تعالیٰ نومبائعین کو نظام جماعت اور نظام خلافت سے مضبوط تعلق قائم رکھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین (رپورٹ: نویدالرحمٰن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ میرپور، بنگلہ دیش میں واقفین نَو کے دوسرے سالانہ اجتماعات نیز سمینار برائے والدین کا انعقاد