اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ میرپور، بنگلہ دیش میں واقفین نو اور واقفات نو کا دوسرا سالانہ اجتماع مورخہ ۲۸؍جون ۲۰۲۵ء بروز ہفتہ منعقد ہوا۔ اجتماع کا آغاز صبح ساڑھے آٹھ بجے افتتاحی اجلاس سے ہوا۔ واقفین نو اور واقفات نو کے نصاب کے مطابق مختلف ۳۸ علمی اور ۱۸ ورزشی مقابلہ جات ہوئے۔ والدین کے لیے بھی خصوصی مقابلہ جات کا انتظام کیا گیا تھا۔ واقفین نو اور واقفات نو کو عمر کے لحاظ سے چار گروپس میں تقسیم کر کے مقابلے کروائے گئے۔ شام کے وقت اختتامی اجلاس منعقد ہوا جس میں والدین کے ساتھ تبادلۂ خیالات اور مشاورت کا اجلاس بھی رکھا گیا۔ اس موقع پر مکرم منصور الٰہی صاحب سیکرٹری وقف نو جماعت احمدیہ میرپور نے رپورٹ پیش کی اور تمام شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔ لجنہ اماء اللہ کی طرف سے ناصرات کی سیکرٹری صاحبہ نے پردہ کی رعایت سے اظہار خیال کیا۔ اسی طرح مکرم مستفیض الرحمٰن صاحب مبلغ سلسلہ، مکرم زبیر احمد صاحب مبلغ سلسلہ اور مکرم ظہور الاسلام صاحب (نومنتخب نیشنل سیکرٹری وقف نو) نے بھی تقاریر کیں۔ آخر میں مکرم امیر صاحب جماعت احمدیہ میرپور نے تقریر کی اور دعا کے ساتھ اجتماع اپنے اختتام کو پہنچا۔ اس بابرکت اجتماع میں کُل ۲۲۰؍احباب شامل ہوئے جن میں ۳۱؍واقفین نو، ۵۷؍واقفات نو، ۱۲؍والدین، ۵۱؍والدات اور ۶۹؍دیگر مہمانان و کارکنان شامل تھے۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ تمام واقفین و واقفات نو کو اپنی وقف کی روح کے ساتھ خدمتِ دین کی توفیق عطا فرماتا چلا جائے۔ آمین (رپورٹ: نوید الرحمٰن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)