اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ فن لینڈ کے وفد کو ماہ اکتوبر ۲۰۲۵ء کے دوران فن لینڈ پارلیمنٹ کے دو اراکین سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتوں کی توفیق ملی۔ جناب Pekka Haavistoکے ساتھ مورخہ ۱۷؍اکتوبر کو وفد نے رکن پارلیمنٹ اور سابق وزیر خارجہ (۲۰۱۹ءتا۲۰۲۳ء) جناب Pekka Haavisto(گرین لیگ پارٹی) سے ملاقات کی۔ اسی طرح ۲۲؍اکتوبر کو وفد نے رکن پارلیمنٹ جناب Juho Seppo Antero Eerola سے بھی ملاقات کی۔ وفد میں مکرم عطاء الغالب صاحب نیشنل صدر جماعت احمدیہ فن لینڈ، مکرم شاہد محمود کاہلوں صاحب مبلغ انچارج اور مکرم احمد فاروق قریشی صاحب نیشنل سیکرٹری امور خارجہ شامل تھے۔ ان ملاقاتوں کے دوران وفد نے جماعت احمدیہ کا تعارف پیش کیا اور جماعت احمدیہ کے قیام امن، بین المذاہب ہم آہنگی اور خدمت انسانیت کے حوالے سے جاری عالمی و قومی خدمات پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر خیرسگالی اور باہمی احترام کے اظہار کے طور پر معزز اراکین پارلیمنٹ کو قرآن کریم کا فنش ترجمے کے ساتھ نسخہ تحفۃً پیش کیا گیا۔ دوسری ملاقات کے دوران فن لینڈ کی معاشرتی اقدار اور وہاں کی مثبت روایات پر بھی تبادلۂ خیال ہوا۔ الحمدللہ، یہ دونوں ملاقاتیں نہایت کامیاب اور بابرکت رہیں جن کے ذریعے جماعت احمدیہ کا پیغام امن، ہم آہنگی اور خدمت انسانیت مؤثر انداز میں مختلف طبقات تک پہنچانے کی توفیق ملی۔ اللہ تعالیٰ ان روابط کے بابرکت نتائج ظاہر فرمائے اور آئندہ مزید مؤثر تبلیغ و جماعتی تعارف کے مواقع عطا فرماتا چلا جائے۔ آمین (رپورٹ: فرخ اسلام۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)