مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز تحریر کرتے ہیں کہ حضورِ انور ایّدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے ۱۱؍اکتوبر ۲۰۲۵ء بروز ہفتہ بارہ بجے بعد دوپہر اسلام آباد (ٹلفورڈ) میں اپنے دفتر سے باہر تشریف لاکر مکرم محمد وارث نسیم صاحب (تھارٹن ہیتھ۔یوکے) کی نماز جنازہ حاضر اور ۶؍مرحومین کی نمازِ جنازہ غائب پڑھائی۔ نماز جنازہ حاضر مکرم محمد وارث نسیم صاحب (تھارٹن ہیتھ۔یوکے) ۶؍اکتوبر ۲۰۲۵ء کو ۵۷ سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم کا تعلق بہوڑو ضلع شیخو پورہ سے تھا۔ کچھ عرصہ جرمنی میں رہنے کے بعد یوکے شفٹ ہوگئے تھے۔ پاکستان اور جرمنی میں قائد مجلس اور یوکے میں مقامی سطح پر سیکرٹری ضیافت اور سیکرٹری تعلیم کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔ تبلیغ کا بہت شوق تھا۔ وفات سے ایک ہفتہ قبل بھی لیف لیٹنگ کرتے رہے۔ مرحوم صوم وصلوٰۃ کے پابند، جماعت کی خدمت کے لیے ہمہ وقت تیار رہنے والے ایک نیک اور مخلص انسان تھے۔ آپ نے سادہ زندگی گزاری اوراپنی جماعت میں خدمت کی وجہ سے بڑے ہر دل عزیز تھے۔ مرحوم موصی تھے۔پسماندگان میں والدہ اور اہلیہ کے علاوہ تین بیٹے شامل ہیں۔ آپ کی اہلیہ گذشتہ چار سال سے بطور استاد ITQA خدمت کی توفیق پارہی ہیں اورجرمنی میں لوکل صدر لجنہ رہ چکی ہیں۔ آپ کے بیٹے مکر م فارس احمد نسیم صاحب جامعہ احمدیہ یوکے میں زیر تعلیم ہیں۔ نماز جنازہ غائب ۱۔مکرمہ اقبال بیگم صاحبہ اہلیہ مکرم چودھری غلام نبی صاحب مرحوم (یوکے) ۲۵؍ستمبر۲۰۲۵ء کو ۸۹سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ صوم وصلوٰۃ کی پابند، تہجدگزار ایک نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ بیماری میں بھی ہمیشہ آپ کو نماز کی فکر رہتی اور صرف اس ڈر سے کہ کہیں نماز قضا نہ ہو دن بھر پوچھتی رہتی تھیں کہ نماز کا وقت ہوا ہے کہ نہیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں دوبیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔آپ مکرم کامران مبشر طاہر صاحب (مربی سلسلہ ایڈیلیڈ، آسٹریلیا) کی دادی تھیں۔ ۲۔مکرمہ فریدہ محمود صاحبہ اہلیہ مکرم بشیرالدین محمود صاحب (Fitchburg۔ امریکہ) ۲۲؍اگست ۲۰۲۵ء کو ۷۳سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ کے والد مکرم میاں غلام احمد صاحب کا تعلق قادیان سے تھا۔ ۱۹۸۱ء میں آپ اپنے خاوند کے ہمراہ امریکہ منتقل ہوئیں۔ مرحومہ کو چند سال لوكل صدر لجنہ کے علاوہ لمبا عرصہ لجنہ اماء الله کی مقامی عاملہ میں مختلف عہدوں پر خدمت کی توفیق ملی۔ آپ صوم و صلوٰۃ کی پابند، دعا گو، خوش اخلاق اور ملنسار خاتون تھیں۔ لجنہ کے کاموں میں بہت شوق سے حصہ لیتی تھیں۔ خلافت کے ساتھ گہرا اخلاص و وفا کا تعلق تھا۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔پسماندگان میں دو بیٹے، ایک بھائی اورتین بہنیں شامل ہیں۔ آپ کے بیٹے مکرم فرقان محمود صاحب صدر جماعت Fitchburg کے طور پر خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔ ۳۔مکرم منور احمد صاحب ابن مکرم جلال الدین صاحب ننگلی (ربوہ) ۱۲؍جولائی ۲۰۲۵ء کو ۸۵سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ مکرم مولوی محمد صدیق ننگلی صاحب مرحوم (مربی سلسلہ )کے تایازاد بھائی تھے۔مرحوم ۱۹۴۷ء میں ۷ سال کی عمر میں ہجرت کر کے کھرڑیانوالہ فیصل آباد آگئے تھے۔ آپ نے نامساعد حالات کے باوجود تعلیم الاسلام کالج سے بی اے کیا اور ۳۵ سال سٹیٹ بینک آف پاکستان میں بڑی ایمانداری سے ملازمت کی۔ کھرڑیانوالہ میں لمبا عرصہ صدر جماعت رہے اور وہاں اپنے خاندان کے تعاون سے ایک بڑی مسجد تعمیر کروائی۔ ریٹائرمنٹ کے بعد ربوہ شفٹ ہونے پر اپنے حلقہ میں زعیم انصاراللہ اور سیکرٹری مال کے طور پر خدمت بجالاتے رہے۔ آپ صوم و صلوٰۃ کے پابند اور تہجدگزار انسان تھے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹی اور دو بیٹے شامل ہیں۔ ۴۔ مکرم نذر احمد صاحب ابن مکرم غلام احمد صاحب (اسلام آباد۔پاکستان) ۲۸؍ستمبر ۲۰۲۵ء کو۵۳سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔آپ نے فزکس میں ایم ایس سی کی اور بوقت وفات بطور وائس پرنسپل اوورسیز پاکستان فاؤنڈیشن کالج اسلام آباد میں کام کر رہےتھے۔ آپ نے اسلام آباد جماعت میں سیکرٹری تربیت نو مبائعین کے طور پر خدمت کی توفیق پائی۔اس سے قبل لمبا عرصہ صدر حلقہ بھی رہے۔ کچھ عرصہ طاہر ہو میو پیتھک ڈسپنسری ربوہ میں مکرم وقار منظور بسر اءصاحب کے ساتھ بطور اسسٹنٹ کام کرنے کا موقع ملا۔جس سے آپ کو ہو میو پیتھی میں کافی مہارت حاصل ہوئی اور پھر بیت الذکر اسلام آباد میں قائم ہو میو پیتھک کلینک کے انچارج کے طور پر خدمت بجالاتے رہے۔ جماعت اسلام آباد کے سینکڑوں احباب کے علاوہ غیر از جماعت لوگ بھی آپ سے استفادہ کرتے تھے۔ آپ اپنی تمام ذمہ داریوں کو بڑی محنت اور اخلاص کے ساتھ ادا کیا کرتے تھے۔ بڑے نافع الناس، خاموش طبع اور منکسرالمزاج انسان تھے۔ تدریس سےبہت لگاؤ تھا اور طلبہ سے بڑی شفقت سے پیش آتےتھے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں ایک بیٹا اور دوبیٹیاں شامل ہیں۔ ۵۔مکرم وسیم احمد صدیق صاحب مرحوم (سابق ناظر بیت المال آمد قادیان۔ ساکن کالیکٹ صوبہ کیرالہ۔انڈیا) ۹؍ستمبر ۲۰۲۵ء کو ۶۱ سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کے والد مکرم صدیق امیر علی صاحب آف موگرال (کیرالہ ) نے کتاب ’’اسلامی اصول کی فلاسفی‘‘ پڑھنے کے بعد بیعت کی سعادت حاصل کی۔ مرحوم نے ۱۹۸۷ء میں جامعہ احمدیہ قادیان سے فارغ التحصیل ہونے کے بعد چھ سال بطور مبلغ خدمت کی توفیق پائی۔ اور پھر نظارت بیت المال آمد میں بطور انسپکٹر اور نائب ناظر بڑی محنت، لگن اور اخلاص کے ساتھ خدمت بجالاتے رہے۔ ۲۰۱۵ء میں ناظر بیت المال آمد اور پھر ۲۰۲۱ء میں نائب وکیل المال مقرر ہوئے۔ ۲۰۲۳ء میں ریٹائر ہونے پر اپنے آبائی وطن کیرالہ چلے گئے۔ مرحوم صوم وصلوٰۃ کے پابند، خوش اخلاق، منکسرالمزاج اور خلافت سے گہرا عقیدت کا تعلق رکھنے والے ایک نیک اور مخلص انسان تھے۔ مرحوم موصی تھے۔پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹا اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔ آپ کے بیٹے مکرم را حول احمد صدیق صاحب (مربی سلسلہ) نظارت امور عامہ قادیان میں خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔ آپ کے ایک داماد بھی سلسلہ کی خدمت پر مامور ہیں۔ ۶۔ مکرم چودھری مستنصر باللہ صاحب (بریمپٹن۔ کینیڈا) ۹؍ستمبر ۲۰۲۵ء کو ۶۵ سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَ اِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحوم حضرت قاضی نذیر احمد صاحب رضی اللہ عنہ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے نواسے اور مکرم چودھری محمد شہباز گوندل صاحب بھڈال کے بیٹے اور مکرم چودھری محمد دین صاحب (صدر جماعت بھڈال سیالکوٹ) کے پوتے تھے۔ مرحوم خدمت دین کے لیے ہمیشہ تیار رہتے۔ چندوں میں باقاعدہ اور ہر مالی تحریک میں بڑی فراخ دلی سے حصّہ لیتے اور اپنے حلقہ احباب میں بڑی عزت واحترام سے دیکھے جاتے تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹا اور تین بیٹیاں شامل ہیں۔ اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنے پیاروں کے قرب میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین