مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری اطلاع دیتے ہیں کہ 12؍جنوری 2016ء بروز منگل 11بجے صبح حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد فضل لندن کے باہر تشریف لاکر مکرم عبدالرحمن صاحب (ابن مکرم علیم اللہ صاحب۔ یوکے) کی نماز جنازہ حاضر اور کچھ مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔ مکرم عبد الرحمن صاحب (ابن مکرم علیم اللہ صاحب۔ یوکے) 4؍جنوری 2016ء کو 92سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ قادیان میں پیدا ہوئے۔ابتدائی تعلیم بھی وہیں حاصل کی۔ چند سال فوج کی ملازمت اختیار کی اور پھر قادیان سے ہجرت کرکے حافظ آباد میں رہائش پذیر ہوئے۔ آپ کے دادا نے حضرت مسیح موعود علیہ السلام کی زندگی میں خط کے ذریعہ اور بعدازاں حضرت خلیفۃ المسیح الاولؓ کے ہاتھ پر بیعت کی سعادت حاصل کی۔ آپ تہجد گزار، نماز باجماعت کے پابند،چندہ جات میں باقاعدہ، خلافت کے اطاعت گزار اور سلسلہ کی خدمت کرنے والے مخلص اور نیک انسان تھے۔ آپ کا حلقہ احباب کافی وسیع تھا جس میں غیرازجماعت احباب بھی شامل تھے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ تین بیٹیاں اور گیارہ بیٹے یادگار چھوڑے ہیں۔ آپ کے ایک بیٹے مکرم حافظ سعیدالرحمن صاحب مربی سلسلہ آجکل مرکزی رشین ڈیسک یوکے میں خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔ اس کے ساتھ درج ذیل مرحومین کی نماز جنازہ غائب بھی ادا کی گئی: (1)مکرم ناصر احمد باجوہ صاحب(آف جرمنی) 30 اگست2015 ء کو 83 سال کی عمر میں بقضائے الٰہی وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ ایک مخلص اور فدائی احمدی تھے۔ مختلف عُہدوں پر خدمت کرنے کی توفیق ملی۔ حضرت مصلح موعود ؓ کے دور خلافت میں دفتر پرائیویٹ سیکرٹری ربوہ میں بھی خدمت بجا لاتے رہے۔ گراس گیرائو جرمنی میں لوکل امیر رہے۔ بوقت وفات اپنے حلقہ میں بطور سیکرٹری تعلیم خدمت بجا لارہے تھے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹی اور دو بیٹے یادگار چھوڑے ہیں۔ (2)مکرم شمیم بخش صاحب (ابن مکرم رحیم بخش صاحب۔ فجی) 25 دسمبر2015 ء کو63 سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کے والد مکرم رحیم بخش صاحب جماعت احمدیہ فجی کے ابتدائی احمدیوں میں سے تھے جنہوں نے والو ا کے مقام پر مسجد کے لئے زمین بطور عطیہ دی۔ دینی تعلیم حاصل کرنے کے لئے آپ 1970/1971ء میں ربوہ گئے اور جامعہ احمدیہ ربوہ میں داخل ہوئے مگر بوجہ بیماری دو سال بعد ہی واپس آگئے۔ آپ کو لمبا عرصہ جماعت Volocaکے صدر کی حیثیت سے خدمت کی توفیق ملی۔ اس کے علاوہ قریباً دس سال احمدیہ سکول Volocaمیں بطور منیجر خدمت انجام دیتے رہے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ تین بیٹیاں اور ایک بیٹا یاد گار چھوڑے ہیں۔ اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنی رضا کی جنتوں میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین ………………………… مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری اطلاع دیتے ہیں کہ 13؍جنوری 2016ء بروز بدھ قبل از نماز ظہر و عصر حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد فضل لندن کے باہر تشریف لاکر حسب ذیل مرحومین کی نماز جنازہ حاضر پڑھائی۔ (1)مکرم رانا عبداللطیف خان صاحب (ابن مکرم چوہدری محمد علی خان صاحب مرحوم۔یوکے) 7؍جنوری 2016ء کو 72سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت چوہدری دولت خان صاحب کاٹھگڑی ؓ صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے پوتے تھے۔ آپ بہت نیک، نمازوں کے پابند، تہجد گزار، دعاگواور خلافت کے ساتھ اخلاص و محبت کا تعلق رکھنے والے بزرگ انسان تھے۔ آپ کو 15سال تک مختلف جماعتی عہدوں پر خدمت کرنے کی توفیق ملتی رہی۔ اپنے بچوں کی بھی بہت اچھی تربیت کی اوروہ بھی مختلف حیثیتوں سے جماعت کی خدمت کرنے کی توفیق پارہے ہیں۔ آپ کے ایک بیٹے مکرم رانا فہیم احمد صاحب اس وقت بطور صدر جماعت کاسل خدمت کی توفیق پارہے ہیں۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں ایک بیٹی اور چار بیٹے یادگار چھوڑے ہیں۔ (2)مکرمہ روبینہ عطیہ کیفی صاحبہ(بنت مکرم منصور احمد صاحب ) آف ہیز، یوکے۔ 4؍جنوری 2016ء کو بعارضہ کینسر وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ مرحومہ گذشتہ 6سال سے کینسر کے عارضہ میں مبتلا تھیں۔ بڑے صبر سے بیماری کا مقابلہ کیا۔ آپ جماعت کی فعال رکن تھیں اور ہمیشہ لجنہ کے کاموں میں پیش پیش رہتیں۔ لوکل سیکرٹری ناصرات کے طور پر بھی خدمت کی توفیق پائی۔ آپ مکرم سہیل محمود صاحب صدر جماعت سائوتھ آل کی ہمشیرہ تھیں۔ پسماندگان میں چار بیٹیاں سوگوار چھوڑی ہیں۔ اللہ تعالیٰ مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنی رضا کی جنتوں میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین …………………………