اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ بنگلہ دیش کے زیرِ انتظام مورخہ ۲۲؍اگست ۲۰۲۵ء بروز جمعۃ المبارک ملک بھر میں تعلیمی بورڈ لیول امتحانات کامیابی سے منعقد ہوئے۔ مجلس خدام الاحمدیہ بنگلہ دیش کو ۲۰۰۵ء سے حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اجازت سے ان امتحانات کے انعقاد کی توفیق حاصل ہورہی ہے۔ تعلیمی پروگرام کو چھ مختلف لیولز میں تقسیم کیا گیا ہے۔ ہر خادم پہلے لیول سے آغاز کر کے کامیابی کی صورت میں اگلے مراحل میں شامل ہو سکتا ہے۔ بعض وجوہ کی بنا پر گذشتہ چند سال میں یہ امتحانات منعقد نہ ہو سکے، تاہم امسال تمام نصاب کا ازسرِنو جائزہ لے کر اسے مزید بہتر اور جامع بنایا گیا۔ نصاب میں قرآنِ کریم، احادیثِ نبویہؐ، حضرت مسیح موعودؑ کی کتب، نصاب وقفِ نو، مختلف دینی و معلوماتی امور، تبلیغی موضوعات اور کامیابی کی راہیں جیسے مضامین شامل کیے گئے۔ اس سال امتحان کے لیے تمام چھ لیولز کے جواب پر مشتمل نوٹ بکس شائع کر کے ملک کی تمام مجالس تک پہنچانے کا انتظام کیا گیا۔ مزید سہولت کے لیے یہ مواد مجلس کی ویب سائٹ اور موبائل ایپ پر بھی اپلوڈ کیا گیا۔ امتحانات کے انعقاد کے لیے ملک بھر کی ۱۱۲؍مجالس میں سے ۸۳؍مجالس میں مبلغین و معلمین سلسلہ کو ناظم الامتحانات مقرر کیا گیا جبکہ دیگر ۳۰؍مجالس میں مقامی قائدین نے یہ خدمت سرانجام دی۔ موصولہ رپورٹس کے مطابق ملک کی ۹۲؍مجالس سے مجموعی طور پر ایک ہزار ۱۵۴؍خدام و اطفال نے امتحانات میں شرکت کی۔ شرکاء کی تعداد کے لحاظ سے مجلس شالشیڑی پہلی، مجلس میرپور دوسری اور مجلس برہمن باڑیہ تیسری پوزیشن پر رہیں، جن میں بالترتیب ۸۲، ۷۹ اور ۷۱؍خدام و اطفال نے امتحانات میں حصہ لیا۔ امتحانات کے نتائج پرچوں کی جانچ کے بعد شائع کیے جائیں گے۔ اللہ تعالیٰ مجلس خدام الاحمدیہ کی اس تعلیمی کاوش کو قبول فرمائے اور بنگلہ دیش کے خدام و اطفال کو علم و عمل میں مزید ترقی کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین (رپورٹ: نوید الرحمٰن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: برطانیہ کی جماعت ماسک ایسٹ میں جلسہ سیرت النبی ﷺ کا انعقاد