مکرم محمد بشیر تورے صاحب ایریا مشنری سنٹرل ریور ریجن تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ سنٹرل ریور ریجن گیمبیا کواپنا ریجنل اجتماع مورخہ۳۱؍اگست ۲۰۲۵ء بروز اتوار ریجن کے ہیڈ کوارٹر مکاتی میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ اجتماع کا آغاز صبح افتتاحی اجلاس سے ہوا جس میں تلاوت قرآن کریم اور عہد کے بعد اجتماع کا پروگرام بتایا گیا۔ اس کے بعدورزشی مقابلہ جات کا انعقاد ہوا۔ اجتماع کے دوسرے اجلاس میں تلاوت قرآن کریم کے بعد مکرم سمباہ باہ صاحب معلم سلسلہ نے پنجوقتہ نماز کی اہمیت کی طرف خدام کو توجہ دلائی۔ اس تقریر کے بعد حفظ القرآن، نماز اور دینی معلومات کے مقابلہ جات ہوئے۔ اس اجتماع کے موقع پر ایک نمائش کا بھی انعقاد کیا گیا جس میں جماعتی کتب رکھی گئیں تاکہ شاملین میں جماعتی کتب سے تعارف کے ساتھ ساتھ مطالعہ کا شوق پیدا کیا جاسکے۔ اختتامی اجلاس کا آغاز تلاوت قرآن کریم سےہوا جس کے بعد مکرم بابا تانجا صاحب مبلغ سلسلہ و نمائندہ صدر مجلس خدام الاحمدیہ گیمبیا نے اپنی تقریر میں خدام کو اپنے اخلاقی، علمی و روحانی معیار بلند کرنےکی طرف توجہ دلائی۔ خاکسار (ایریا مشنری) نے اختتامی کلمات کہے جن میں تمام شاملین کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں بطور احمدی اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کی تلقین کی۔ اجتماع کا اختتام اجتماعی دعا سے ہوا۔ اس اجتماع میں شاملین کی تعداد ۹۵؍رہی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک گیمبیا کے سنٹرل ریور ریجن کی جماعت سارے انگائی میں تقریب آمین کا انعقاد مکرم محمد بشیر تورے صاحب ہی تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے سنٹرل ریور ریجن کی ایک جماعت سارے انگائی میں مورخہ ۸؍اگست ۲۰۲۵ء بروز جمعۃ المبارک تقریب آمین منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم سے ہوا۔ بعدازاں مکرم عبدالرحمان جاؤ صاحب معلم سلسلہ نے قرآن کریم پڑھنے، سیکھنے اور اس کی تعلیمات پر عمل کرنے کی اہمیت پر تقریر کی۔ مکرم سعیدو باہ صاحب معلم سلسلہ نے علم حاصل کرنے اور خصوصاً قرآن کریم کا علم حاصل کرنے کی ہماری زندگیوں میں اہمیت بیان کی۔ ان تقاریر کے بعد گاؤں کے بزرگان نے قرآن کریم کی تعلیم حاصل کرنے کے حوالے سے بچوں اور والدین کو توجہ دلائی اور والدین کو نصائح کیں کہ بچوں کو دنیا کے ساتھ ساتھ دین سکھانے کی اوّلین ذمہ داری والدین کی ہے۔ قرآن کریم سیکھنے اور پہلی بار مکمل کرنے والے آٹھ طلبہ سے خاکسار نے قرآن کریم کے مختلف حصے سنے اور آخر پر قرآن کریم سیکھنے کی عظمت اور برکات پر روشنی ڈالی۔ پروگرام کا اختتام اجتماعی دعا سے ہوا۔ دعا کے بعد نماز جمعہ و عصر جمع کرکے ادا کی گئیں۔ بعدازاں شاملین کی ظہرانے سے تواضع کی گئی۔ (رپورٹ: مسعود احمد طاہر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)