٭… لندن میں سَمر ٹائم ختم ہونے کا وقت آن پہنچا ہے، سردیوں میں شام جلدی ہونے کی صورت میں گھڑیاں ہفتے کی شب ایک گھنٹہ پیچھے کر دی گئیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق ہفتہ اور اتوار کی شب دو بجتے ہی گھڑیوں کو ایک گھنٹہ پیچھے کر کے ایک بجا دیا گیا۔اتوار کی صبح گھڑیوں میں وقت کی تبدیلی سے لوگوں کوایک گھنٹہ زائد سونے کا موقع ملے گا۔لندن میں وِنٹر ٹائم آئندہ برس ۲۹؍مارچ تک جاری رہے گا جس کے بعد گھڑیوں کو پھر ایک گھنٹہ آگے کر دیا جائے گا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق لندن میں سَمر ٹائم کے اختتام پر سمارٹ فون اور لیپ ٹاپ وغیرہ میں وقت خود بخود درست ہو جاتا ہے جبکہ گاڑی اور دیوار میں لگی گھڑیوں میں وقت کو خود ٹھیک کرنا پڑتا ہے۔ ٭…اسرائیل نے جنوبی لبنان کے قصبے تول میں ڈرون حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں دو افراد شہید اور دو زخمی ہو گئے۔ اس سے ایک روز قبل بھی مشرقی اور جنوبی لبنان میں اسرائیلی فضائی حملوں میں چار افراد شہید ہوئے تھے۔عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل نے حزب اللہ کے ساتھ نومبر ۲۰۲۴ء کے معاہدے کی تقریباً روزانہ کی بنیاد پر خلاف ورزی جاری رکھی ہوئی ہے۔ ٭… امریکی انتظامیہ نے ممکنہ فوجی کارروائی کے لیے امریکی بحریہ کا سب سے بڑا طیارہ بردار جہاز یو ایس ایس جیرالڈ آر فورڈ وینزویلا کے قریب تعینات کرنے کےلیے تیار ہے۔ پینٹا گون میں امریکی فوجی ترجمان نے بتایا کہ امریکی وزیر دفاع پیٹ ہیگسیتھ نے امریکی بحریہ کے سب سے بڑے طیارہ بردار جہاز اور پانچ تباہ کن جہازوں پر مشتمل امریکی حملہ آور بیڑا تعیناتی کا حکم دے دیا ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق اس وقت بھی چھ ہزار امریکی سیلرز اور میرین خطے میں موجود ہیں جبکہ امریکی طیارہ بردار جہاز اور پانچ تباہ کن جہازوں کی تعیناتی سے اس میں چار ہزار پانچ سو اہلکاروں کا مزید اضافہ ہوجائے گا۔ ٭…وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کا کہنا ہے کہ امریکہ ایک نئی جنگ چھیڑنا چاہتا ہے، جنگ ہونے نہیں دیں گے۔ نکولس مادورو نے امریکہ کی جانب سے طیارہ بردار بحری جہاز کیریبین بھیجنے کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ جنگ ہونے نہیں دیں گے۔کولمبین صدر گستاوو پیٹرو نے امریکی پابندیوں پر ردعمل میں کہا کہ ایک قدم بھی پیچھے نہیں ہٹوں گا اور کبھی گھٹنے نہیں ٹیکوں گا۔انہوں نے کہا کہ منشیات کی غیرقانونی سرگرمیوں کے الزام پر امریکہ نے کولمبین صدر پر پابندیاں عائد کی ہیں۔ ٭…امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی امدادی ایجنسی انروا کا غزہ میں اب کوئی کردار نہیں ہوگا۔ امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو نے اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں انروا حماس کی ذیلی تنظیم کی طرح کام کر رہی تھی۔حماس مستقبل میں غزہ کے حکومتی سیٹ اَپ کا حصہ نہیں ہوگی اور اسرائیل غزہ میں تعینات کی جانے والی بین الاقوامی ٹاسک فورس کا حصہ بننے والے ممالک کی رکنیت کو ویٹو کر سکتا ہے۔اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس کے نائب ترجمان فرحان حق نے امریکی وزیرخارجہ مارکو روبیو کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے علم میں یہ بات پہلے سے ہے کہ انروا کا حماس سے کوئی تعلق نہیں ہے اور انروا غزہ میں امدادی سرگرمیوں کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی سی اہمیت رکھتی ہے۔ ٭…امریکہ کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ وہ جنوبی کوریا کے دورے کے دوران شمالی کوریا کے راہنما کم جونگ اُن سے ملاقات کی خواہش رکھتے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےدورہ ملائیشیا پر روانگی سے قبل اس خواہش کا اظہار کیا کہ وہ جنوبی کوریا کے دورے کے دوران شمالی کوریا کے راہنما کم جونگ اُن سے ملاقات کے خواہشمند ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں کم سے اچھی طرح واقف ہوں اور ہم ایک دوسرے کے ساتھ اچھے تعلقات رکھتے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ملائیشیا میں آسیان راہنماؤں کے ۴۷ ویں اجلاس میں شرکت کریں گے۔ وہ اجلاس کے بعد جاپان اور جنوبی کوریا میں ایپک اجلاس میں بھی شریک ہوں گے۔ ٭…تھائی لینڈ کی سٹائل آئیکون اور سابقہ ملکہ مدر سری کِٹ ۹۳؍برس کی عمر میں چل بسیں۔ شاہی محل کا کہنا ہے کہ موجودہ بادشاہ مہا واجرالونگ کورن کی والدہ و سابقہ ملکہ سری کِٹ کا گذشتہ شب انتقال ہوگیا ہے۔شاہی محل کے مطابق ملکہ سریکِٹ ۱۷؍اکتوبر سے بلڈ انفیکشن کے باعث زیرِ علاج تھیں اور گذشتہ شب انتقال کر گئیں۔بادشاہ مہا واجرالونگ کورن نے اپنی والدہ کے انتقال پر ایک سالہ سرکاری سوگ کا اعلان کیا ہے۔سابقہ ملکہ کی شادی سب سے طویل عرصے تک حکمرانی کرنے والے بادشاہ بھومی بول سے ہوئی تھی۔ شاہ بھومی بول سات دہائیوں تک تخت نشین رہنے کے بعد ۲۰۱۶ء میں وفات پاگئے تھے۔ ٭…پاکستان اور افغانستان کے وفود کے مذاکرات استنبول میں شروع ہوگئے۔ یہ مذاکرات ترکی کے شہر استنبول کے مقامی ہوٹل میں شروع ہوئے جس میں پاکستان کی جانب سے دو رکنی وفد شریک ہے۔ مذاکرات کی میزبانی ترک حکام کر رہے ہیں۔ واضح رہے کہ قطر اور ترکی کی ثالثی میں مذاکرات کا پہلا دور دوحہ میں ہوا تھا۔ ٭…امریکہ نے کولمبیا کے صدر پر ملک میں منشیات کی سمگلنگ میں اضافہ کرنے کا الزام عائد کردیا۔ امریکی وزیرِ خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے الزام لگایا ہے کہ کولمبیا کے صدر گستاؤ پیٹرو کی حکومت آنے کے بعد ملک میں کوکین کی پیداوار میں اضافہ ہوگیا ہے، جس سے امریکہ میں کوکین کے استعمال میں اضافہ ہوگیا ہے۔کولمبیا کے صدر نے اپنے ملک میں منشیات کے دھندے میں ملوث مافیاز کو پنپنے کا موقع دیا ہے۔