مکرم طہٰ شکیل صاحب لوکل سیکرٹری تبلیغ آرنہم، ہالینڈ تحریر کرتے ہیں کہ مورخہ ۱۱؍اکتوبر بروز ہفتہ ہالینڈ کے شہر آرنہم میں جماعت احمدیہ کی جانب سے ایک خوبصورت پھولوں کی تقسیم کی مہم منعقد کی گئی۔ یہ پروگرام ان دھمکی آمیز خطوط کے پس منظر میں منعقد ہوا جو حال ہی میں ہالینڈ کی مختلف مساجد کو موصول ہوئے۔ اس مہم کا مقصد معاشرے کو یہ پیغام دینا تھا کہ اسلام امن، محبت اور احترام کا مذہب ہے اور ہم ہر نفرت کا جواب محبت سے دیتے ہیں۔ ۱۵؍احباب پر مشتمل ٹیم نے شہر کے مرکز میں تقریباً ۵۰۰؍پھول راہگیروں میں تقسیم کیے۔ ہر پھول کے ساتھ جماعت کا ماٹو’محبت سب کے لیے نفرت کسی سے نہیں ‘ درج تھا۔ پروگرام کے دوران فضا خوشگوار اور پرجوش رہی۔ لوگوں کی جانب سے ردِّعمل نہایت مثبت تھا اور کئی افراد نے اس اقدام کو امید اور اتحاد کی علامت قرار دیا۔ اس مہم کو میڈیا کی طرف سے بھی خاصی پذیرائی ملی۔ تین مختلف میڈیا ادارے موقع پر موجود تھے جنہوں نے اس مہم کی ریکارڈنگ اور رپورٹنگ کی۔ بعد ازاں یہ مناظر اور انٹرویوز ٹی وی پر بھی نشر کیے گئے اور مختلف نیوز ویب سائٹس پر شائع ہوئے جس سے یہ پیغام بہت وسیع پیمانے پر پھیلا۔ الحمدللہ مکرم ہبۃ النور فرحاخن صاحب امیر جماعت احمدیہ ہالینڈ کی تشریف آوری اس موقع پر خصوصی اہمیت کا باعث بنی۔ آپ نے پروگرام کے نظم و نسق اور پیغامِ محبت کے فروغ پر رضاکاروں کی حوصلہ افزائی کی۔ اللہ تعالیٰ ہمیں مزید تبلیغ کے مواقع عطا فرماتا چلا جائے۔ آمین (رپورٹ:عدیل باسم۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: لائبیریا میں جلسہ ہائے سیرت النبی صلی اللہ علیہ و سلم کا بابرکت انعقاد