مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری اطلاع دیتے ہیں کہ 5؍جنوری 2016ء کو 11بجے صبح حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد فضل لندن کے باہر تشریف لاکر مکرمہ پیر معروف سلطانہ صاحبہ (اہلیہ مکرم پیر انوارالدین صاحب مرحوم۔ یوکے) کی نماز جنازہ حاضر اور کچھ مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔ مکرمہ پیر معروف سلطانہ صاحبہ (اہلیہ مکرم پیر انوارالدین صاحب مرحوم۔یوکے) یکم جنوری2016 ء کو83 سال کی عمر میں وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ نے راولپنڈی میں صدر لجنہ ضلع کے طور پر لمبا عرصہ خدمت کی توفیق پائی۔ آپ مولوی فاضل تھیں۔ درس وتدریس کا کام باقاعدگی سے کرتی تھیں اور قرآن کریم پڑھانے کا سلسلہ بھی جاری رکھا۔ بہت نیک، دعاگو، ہمدرد، خلافت سے والہانہ لگائو رکھنے والی نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ آپ مکرم احسن احمدی صاحب (ریجنل امیراسلام آباد ) کی خوش دامنہ تھیں۔ اس موقع پر درج ذیل مرحومین کی نماز جنازہ غائب بھی ادا کی گئی: (1)مکرمہ نذیراں بی بی صاحبہ (اہلیہ مکرم محمود احمد صاحب اٹھوال مرحوم۔ آف ربوہ) 19دسمبر2015 ء کو90 سال کی عمر میں وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ صوم و صلوٰۃ کی پابند، نہایت سادہ، مہمان نواز، ہمدرد، غریبوں اور ضرورتمندوں کا خیال رکھنے والی نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ آپ نے لمبا عرصہ اپنی نابینا ساس کا بہت خیال رکھا اور بڑی خندہ پیشانی سے ان کی خدمت کی توفیق پائی۔ پسماندگان میں دو بیٹیاں اور 6 بھائی یادگار چھوڑے ہیں۔ آپ مکرم عبدالحمید صاحب طاہر اٹھوال(مبلغ سلسلہ غانا) کی والدہ محترمہ تھیں۔ (2)مکرمہ بیت اللہ بیگم صاحبہ( اہلیہ مکرم شیخ حسن صاحب آف اڑیسہ۔ انڈیا) 22 دسمبر2015 ء کو وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ کرڈاپلی جماعت کی صدر لجنہ کی حیثیت سے خدمات بجا لا رہی تھیں۔ صوم و صلوۃ کی پابند، نظام خلافت اور سلسلہ کی اطاعت گزار، نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں میاں کے علاوہ ایک بیٹی اور تین بیٹے یادگار چھوڑے ہیں۔ (3)مکرم چوہدری ضیاء الدین صاحب ایڈووکیٹ (ابن مکرم چوہدری عصمت اللہ صاحب۔ لاس انجلیز امریکہ) 12 دسمبر2015 ء کو طویل علالت کے بعد90 سال کی عمر میں وفات پا گئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت چوہدری عبد اللہ خان صاحب ذیلدار بہلولپوری صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام کے پوتے تھے۔ ساری زندگی دین کو دنیا پر مقدم رکھتے ہوئے گزاری۔ خلافت کے شیدائی اور جماعت کے لئے غیرت رکھنے والے نیک بزرگ انسان تھے۔ وکالت کے شعبہ سے منسلک تھے اور حضرت شیخ محمد احمد مظہر صاحب کے ساتھ پریکٹس کیا کرتے تھے۔ حفاظت مرکز قادیان اور فرقان فورس میں بھی خدمت کی توفیق پائی۔ بہت نیک، متقی، توکل علی اللہ پر مضبوطی سے قائم رہنے والے، مخلص اور باوفا انسان تھے۔ مرحوم موصی تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ تین بیٹیاں اور دوبیٹے یادگار چھوڑے ہیں۔ (4)مکرمہ امۃ النصیر صاحبہ( اہلیہ مکرم محمد صفدر صاحب۔ ڈیرہ اسماعیل خان ) 26 دسمبر2015 ء کو52 سال کی عمر میں وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت مولوی خدا بخش صاحب بھیرویؓ( صحابی حضرت مسیح موعود علیہ السلام) کی پوتی تھیں۔ مرحومہ گزشتہ6 سال سے صدر لجنہ تھیں۔ احمدی اور غیراحمدی خواتین میں یکساں مقبول تھیں۔ آپ بہت ہمدرد، صوم و صلوۃ کی پابند، انسانیت کی خدمت کرنے والی، خوش اخلاق، نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں میاں کے علاوہ چار بیٹیاں یادگار چھوڑی ہیں۔ اللہ تعالیٰ تمام مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے اور انہیں اپنی رضا کی جنتوں میں جگہ دے۔ اللہ تعالیٰ ان کے لواحقین کو صبر کرنے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین ……………………… ٭مکرم منیر احمد جاوید صاحب پرائیویٹ سیکرٹری اطلاع دیتے ہیں کہ 9؍جنوری 2016ء کو 10بجے صبح حضرت خلیفۃالمسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز نے مسجد فضل لندن کے باہر تشریف لاکر مکرم ذوالفقار احمد قریشی صاحب۔ یوکے (ابن مکرم بابو عبدالغفار صاحب شہید۔ سابق امیر جماعت احمدیہ حیدرآباد۔ پاکستان) کی نماز جنازہ حاضر اور کچھ مرحومین کی نماز جنازہ غائب پڑھائی۔ مکرم ذوالفقار احمد قریشی صاحب۔یوکے (ابن مکرم بابو عبدالغفار صاحب شہید۔ سابق امیر جماعت حیدرآباد۔ پاکستان ) 5؍جنوری2016 ء کو84 سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ حضرت حکیم عبدالصمد صدیقی صاحب ؓ کے داماد اور مکرم مرزا عبد الرحیم بیگ صاحب مرحوم (سابق نائب امیر جماعت کراچی) کے ہم زلف تھے۔ نمازوں کے پابند، خلافت کے اطاعت گزار اور سلسلہ کی خدمت کرنے والے انتہائی نیک اور مخلص انسان تھے۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ ایک بیٹی اور پانچ بیٹے یادگار چھوٹے ہیں۔ اس کے ساتھ ہی درج ذیل مرحومین کی نماز جنازہ غائب بھی ادا کی گئی: (1)مکرمہ صغریٰ بیگم صاحبہ( اہلیہ مکرم مرزا محمد لطیف احمد صاحب لاہور) 22 دسمبر2015 ء کو87 سال کی عمر میں وفات پاگئیں۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ نماز با جماعت کی پابند، تہجد گزار، باقاعدگی سے قرآن کریم کی تلاوت کرنے والی، کتب حضرت مسیح موعود علیہ السلام کا کثرت سے مطالعہ کرنے والی نیک اور مخلص خاتون تھیں۔ اپنے غیراحمدی رشتہ داروں کو تبلیغ کرنے کا کوئی موقعہ کبھی ہاتھ سے نہ جانے دیتی تھیں۔ خلافت سے محبت اور عقیدت کا تعلق تھا۔ قادیان قیام کے دوران حضرت اماں جان ؓ کی مجالس اور حضرت مصلح موعودؓ سے ملاقاتوں کا اکثر ذکر کیا کرتی تھیں۔ پارٹیشن کے دوران چونڈہ میں مہاجرین اور زخمیوں کی مرہم پٹی کرنے اور ان کی خوراک وغیرہ اکٹھی کرنے میں مدد کی توفیق پائی۔ مرحومہ موصیہ تھیں۔ پسماندگان میں ایک بیٹی اور چار بیٹے یادگار چھوڑے ہیں۔ آپ مکرم مرزا خلیل احمد صاحب قمر (کارکن دفتر الفضل ربوہ) کی والدہ تھیں۔ (2)مکرم نسیم احمد سیفی صاحب۔ ڈرائیوردفتر پرائیوٹ سیکرٹری ربوہ (ابن مکرم چوہدری شریف احمد صاحب) 10اکتوبر 2015 کو مختصر علالت کے بعد 55سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ نے دوران ملازمت 2005میں زندگی وقف کی۔ 19سال بطور ڈرائیور خدمت کی توفیق پائی۔ مجلس انصاراللہ کی طرف سے مقامی سطح پربطور سائق خدمت بجالاتے رہے۔ بڑی ذمہ داری کے ساتھ اپنی ڈیوٹی ادا کیا کرتے تھے۔ نمازوں کی پابندی کرتے اور تمام تحریکات میں حصہ لینے والے تھے۔ خوش اخلاق اور ہمدرد اور جماعت احمدیہ کے لئے غیرت رکھنے والے نیک انسان تھے۔ آپ مکرم محمد شفیع اشرف صاحب مرحوم( سابق ناظر امور عامہ ربوہ) کے بھانجے تھے۔ (3)مکرم حکیم طالب حسین صاحب (ابن مکرم حکیم غلام رسول صاحب۔ طاہر آباد شرقی ربوہ) 31اکتوبر2015ء کو 71سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ صوم و صلوٰۃ اور تہجد کے پابند،خلافت سے اطاعت اور وفاداری کا تعلق رکھنے والے تھے۔ رشتہ داروں اور ہمسایوں سے حسن سلوک کرتے۔ غریب پرور اور مہمان نواز آدمی تھے۔ چندہ جات کی بروقت ادائیگی کیا کرتے تھے۔ اپنی مجلس میں بطور قائد خدام الاحمدیہ خدمت کی توفیق پائی۔ لمبا عرصہ امام الصلوٰۃ بھی رہے۔ (4)مکرم ملک مبارک احمد صاحب (ابن مکرم ملک محمد خان صاحب۔ آف کھوکھر غربی گجرات) 23دسمبر 2015کو 96سال کی عمر میں وفات پاگئے۔ اِنَّا لِلّٰہِ وَاِنَّا اِلَیْہِ رَاجِعُوْنَ۔ آپ نہایت نیک، مخلص اورباوفا انسان تھے۔ ہر طرح کی مالی قربانی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے تھے۔ اللہ تعالیٰ مرحومین سے مغفرت کا سلوک فرمائے، انہیں اپنی رضا کی جنتوں میں جگہ دے۔لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے اور ان کی خوبیوں کو زندہ رکھنے کی توفیق دے۔آمین