https://youtu.be/1SBO6obliXI ٭… سعودی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ وہ پاکستان افغانستان سرحدی کشیدگی کے خاتمے کےلیے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ سعودی وزار ت خارجہ نے بیان میں کہا کہ سعودی عرب حکومت پاک افغان فوری جنگ بندی اور قیام امن کے لیے میکینزم معاہدے کی حمایت کرتی ہے۔دونوں ممالک کے درمیان سرحدی کشیدی کے خاتمے کے لیے معاہدہ مثبت قدم ہے اور امید ہے یہ مثبت قدم دونوں ممالک کی سرحدی کشیدگی کے خاتمے کا باعث بنے گا۔سعودی وزارت خارجہ کے بیان پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بیان ثابت کرتا ہے کہ دنیا پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحد تسلیم کرتی ہے۔ ٭…امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نےاعلان کیا ہے کہ بھارت نے روسی تیل کی خریداری نہ روکی تو اس پر بھاری ٹیرف جاری رہیں گے۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ نریندر مودی نے کہا تھا وہ روسی تیل نہیں خریدیں گے، بھارت کو روسی تیل پر فیصلہ کرنا ہوگا، ورنہ اس پر معاشی دباؤ بڑھے گا۔ انہوں نے کہا کہ چین کے ٹیرف کم کر سکتے ہیں، مگر اسے ہمارے لیے کچھ کرنا ہوگا۔ٹرمپ نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں چین امریکہ کے ساتھ نایاب معدنیات کا کھیل نہ کھیلے، کولمبیا پر ٹیرف سے متعلق مزید اعلان پیر کو کیا جائے گا۔صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ اگر یوکرین ڈونباس کا علاقہ روس کے حوالے کر دے تو یہ کوئی نئی بات نہیں ہو گی۔انہوں نے مزید کہا کہ غزہ میں جنگ بندی اب بھی برقرار ہے۔ ٭…غزہ جنگ بندی میں کردار ادا کرنے والے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے داماد جیرڈ کُشنر نے کہا ہے کہ اگر اسرائیل مشرقِ وسطیٰ میں ضم ہونا چاہتا ہے تو اسے فلسطینیوں کو ترقی اور کامیابی کے مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔ انہوں نے امریکی میڈیا کو انٹرویو کے دوران کہا کہ ہم اسرائیلی قیادت کو جو سب سے اہم پیغام دینا چاہتے ہیں وہ یہ کہ اب جب جنگ ختم ہو چکی ہے تو اسرائیل کو مشرقِ وسطیٰ کے ساتھ بہتر تعلقات کے لیے فلسطینی عوام کی بہتری اور ترقی کے لیے کوئی راستہ تلاش کرنا ہوگا۔ثالثوں کی جانب سے ملنے والی اطلاعات کے مطابق اب تک حماس نیک نیتی کے ساتھ معاہدے پر عمل پیرا ہے اگرچہ یہ صورتحال کسی بھی وقت بدل سکتی ہے لیکن اس وقت حماس اپنے معاہدے پر عمل کرنے کی کوشش کرتی نظر آ رہی ہے۔ ٭…ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے جنرل محمد رضا نے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ بارہ روزہ جنگ میں ایران کا میزائل اسلحہ خانہ محفوظ رہا یہاں تک کہ اس پر کوئی خراش تک نہیں آئی۔ ایرانی پاسداران انقلاب کے سینئر جنرل محمد رضا نقدی نے اسرائیلی دعووں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ دشمن اس جنگ میں ہمارے تین فیصد میزائل لانچرز ہی تباہ کرسکے۔ ہماری ٹیکنالوجی خالصتاً مقامی ہے اور ہماری تکنیک اتنی سادہ ہے کہ ہم ہزاروں کی تعداد میں لانچرز دوبارہ تیار کرسکتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ تمام تر معلومات کی فراہمی کے باوجود ہمارے دشمن کو بارہ روزہ جنگ میں شدید تباہی کا سامنا کرنا پڑا اسی لیے اس نے جنگ بندی کےلیے درخواست کی تھی۔ ٭…جرمنی نے اپنے فضائی دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے مزید پندرہ امریکی ساختہ F-15 لڑاکا طیارے خریدنے کا فیصلہ کیا ہے۔ جرمن اخبار ڈیر اسپیگل کی ایک رپورٹ کے مطابق جرمنی مزید پندرہ امریکی ساختہ F-35 طیاروں کا آرڈر دینے کا ارادہ رکھتا ہے۔ جرمن پارلیمنٹ کی جانب سے بجٹ کمیٹی کے لیے تیار کیے گئے خفیہ دستاویزات کے مطابق نئے طیاروں کے لیے ۲.۹۲؍ارب ڈالر کے بجٹ کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔اس منصوبے کے بجٹ کی منظوری آئندہ ہفتوں میں دیے جانے کی توقع ہے۔ان طیاروں کی خریداری سے جرمنی کے F-35 بیڑے کی مجموعی تعداد پچاس طیاروں تک پہنچ جائے گی۔ ٭… بنگلہ دیش کے ڈھاکہ انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر لگنے والی خوفناک آگ سے ایک ارب ڈالر سے زائد کے نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔ ڈھاکہ ایئر پورٹ کے کارگو لاجسٹکس سیکشن میں گذشتہ ہفتے کے روز آگ لگی تھی جس کے نتیجے میں تقریباً ۳۵؍افراد زخمی ہوئے تھے۔۲۷؍ گھنٹے کے بعد آگ پر قابو پا لیا گیا تھا، آگ سے کپڑے، خام مال اور دیگر اشیاء جل گئی تھیں جبکہ پروازوں اور ایئرپورٹ کی سرگرمیوں کو عارضی طور پر معطل کر دیا گیا تھا۔ڈھاکہ ایئرپورٹ پر آگ لگنے سے بنگلہ دیش کے برآمدی معاہدے خطرے میں پڑنے کا امکان ہے۔ آگ لگنے کی وجوہات معلوم کرنے کےلیے تحقیقات جاری ہیں۔ ٭…فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو ٹیلیفون کیا جہاں دونوں راہنماؤں کے درمیان غزہ کی صورتحال اور جنگ کے خاتمے کے لیے جاری کوششوں پر بات ہوئی۔ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو ہوئی جس میں دونوں راہنماؤں نے مختلف شعبوں میں تعاون، باہمی دلچسپی کے امور اور علاقائی حالات پر تبادلہ خیال کیا۔دونوں راہنماؤں نے مشرق وسطیٰ میں سلامتی اور استحکام کو بڑھانے کے لیے کی جانے والی کوششوں کا جائزہ لیا جبکہ ساتھ ہی غزہ کی تازہ صورتحال اور جنگ کے خاتمے کے لیے جاری کوششوں پر بات کی۔ ٭…ہانگ کانگ میں کارگو طیارہ لینڈنگ کے دوران رن وے سے پھسل کر سمندر میں جاگرا جس سے طیارے کے عملے کے دو افراد ہلاک ہوگئے۔ ترکیہ کا کارگو طیارہ دبئی سے ہانگ کانگ ایئرپورٹ پر لینڈ کرتے ہی حادثے کا شکار ہوا۔ طیارے میں سوار عملے کے چار افراد کو علاج کے لیے ہسپتال منتقل کیا گیا۔ حادثے کے بعد شمالی رن وے کو عارضی طور پر بند کردیا گیا جبکہ حادثے کی تحقیقات جاری ہیں۔ ٭…٭…٭