https://youtu.be/B3GQ7XTVSY8 اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مدرسۃ الحفظ القرآن ایلاروا، نائیجیریا کواپنی ۱۴ویں تقریب گریجوایشن ۱۳؍ستمبر ۲۰۲۵ء بروز ہفتہ کامیابی کےساتھ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اس بابرکت موقع پر ۲۸؍طلبہ کو قرآن کریم حفظ کرنے پر اسناد تقسیم کی گئیں۔ تقریب کی صدارت مکرم الحاج بیرسٹر عبدالعزیز الاتوئے صاحب امیر جماعت احمدیہ نائیجیریا نے کی۔ دیگر معزز مہمانوں میں قائم مقام مبلغ انچارج نائیجیریا، صدر مجلس خدام الاحمدیہ نائیجیریا، صدر مجلس انصاراللہ نائیجیریا اور عاملہ کے بعض اراکین شامل تھے۔ ان سب نے اپنے کلمات میں قرآن کو یاد رکھنے میں ثابت قدم رہنے، اس کی تعلیمات پر عمل کرنے اور دوسروں تک پہنچانے کی اہمیت پر زور دیا۔ پروگرام کا آغاز صبح گیارہ بجے تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور قصیدہ سے ہوا۔ کوآرڈینیٹر مکرم حافظ مصلح الدین اوپایمی صاحب نے مہمانانِ گرامی، والدین اور حاضرین کو خوش آمدید کہا اور طلبہ کی تربیت میں اُن کے تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ اسسٹنٹ کوآرڈینیٹر مکرم حافظ عبدالغنی شوبامبی صاحب نے ادارہ کی سالانہ کارکردگی رپورٹ پیش کی۔ تقریب کا نمایاں حصہ فارغ التحصیل حفاظ کی دلنشین قراءت تھی۔ خصوصی پروگرامز میں اردو نظم اور تحفۃ الاطفال (تجوید کے بنیادی اصولوں کا منظوم خلاصہ) شامل تھے۔ فارغ التحصیل طلبہ، نمائندہ طلبہ اور مختلف ہم نصابی سرگرمیوں مثلاً نماز، درود شریف، قصیدہ اور کھیلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانے والوں کو انعامات و اسناد پیش کی گئیں۔ مکرم امیر صاحب نے طلبہ، والدین اور اساتذہ کو مبارکباد پیش کی اور نصیحت کی کہ قرآن کو یاد رکھنے کے ساتھ ساتھ اس پر عمل کریں اور اپنی زندگیوں کو اس کا عملی نمونہ بنائیں تاکہ معاشرے میں قرآن کا پیغام عام ہو۔ دیگر مہمانوں نے بھی اسی رنگ میں استقامت، عاجزی اور عمر بھر سیکھتے رہنے کی تلقین کی۔ آخر میں مکرم امیر صاحب نے اختتامی دعا کروائی۔ (رپورٹ:سید اطہر محمود۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: شمال مشرقی سیرالیون میں امیر صاحب کے ہمراہ ایک وفد کا تربیتی دورہ