اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے خاکسار (مبلغ انچارج جماعت احمدیہ برازیل) اور مکرم اعجاز احمد ظفر صاحب کو مورخہ یکم تا ۵؍اکتوبر ۲۰۲۵ء کو صوبہ Parana کے ایک اہم شہر Londrina میں تبلیغی دورہ کرنے کی توفیق ملی۔ دورہ کے دوران شہر کے سٹی ہال کے صدر جناب Emanoel Edson سے ان کے دفتر میں ملاقات ہوئی جو نہایت خوشگوار اور مفید ثابت ہوئی۔ جناب صدر اور ان کے عملے نے پُرجوش انداز میں استقبال کیا۔ انہیں کتاب ’عالمی بحران اور امن کی راہ‘ کا پرتگیزی ترجمہ بطور تحفہ پیش کیا گیا جس پر انہوں نے خوشی کا اظہار کیا۔ اس موقع پر جب انہیں برازیل کی اخبارات میں جماعتی رپورٹس دکھائی گئیں تو انہوں نے فوراً شہر کی معروف اخبار Folha de Londrina کے مالک سے رابطہ کیا۔ اس کے نتیجہ میں اسی دن تفصیلی انٹرویو کا اہتمام ہوا جو تصویر سمیت ۴؍اکتوبر کے شمارہ میں شائع ہوا۔ رپورٹ میں یہ پیغام نمایاں طور پر شامل کیا گیا کہ جماعت احمدیہ کے نزدیک پیشگوئیوں کے مطابق حضرت مسیح موعودؑ تشریف لا چکے ہیں۔ شہر کے میئر اپنی مصروفیات کے باعث ملاقات نہ کر سکے تاہم ان کی سیکرٹری سے تفصیلی ملاقات ہوئی۔ انہیں جماعت احمدیہ کا تعارف کروایا گیا اور مذکورہ کتاب پیش کی گئی۔ انہوں نے بدلے میں شہر کی تاریخ اور معلومات پر مشتمل سوونیئر بطور تحفہ دیا اور آئندہ ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی بھی کروائی۔ اسی دوران شہر کی مرکزی پبلک لائبریری کا بھی دورہ کیا گیا۔ اس موقع پر لائبریری کے لیے پرتگیزی زبان میں قرآن کریم اور دیگر جماعتی کتب مثلاً ’اسلامی اصول کی فلاسفی‘ اور ’مسیح ہندوستان میں‘ بطور تحفہ پیش کی گئیں۔ ۴؍اکتوبر کو سٹی کونسل کے نائب صدر جناب Giovani Mottaسے ان کے دفتر میں ملاقات ہوئی۔ جماعت احمدیہ کا تعارف کروانے کے بعد انہیں مسجد کا دورہ کرنے کی دعوت دی گئی۔ بعد ازاں صوبہ کی معروف یونیورسٹی کی ہیڈ Dra. Marta Regina سے ملاقات ہوئی جس میں یونیورسٹی کے دیگر ذمہ داران بھی شریک تھے۔ تقریباً ۴۵؍منٹ کی اس ملاقات میں جماعت کا تفصیلی تعارف پیش کیا گیا۔ انہیں بھی کتاب ’عالمی بحران اور امن کی راہ‘ کا تحفہ دیا گیا۔ اسی طرح شہر میں واقع ایک مسجد کا بھی دورہ کیا گیا جہاں امام اور دیگر مسلمانوں سے ملاقات ہوئی اور جماعت احمدیہ کے تعارف پر مبنی پمفلٹ پیش کیے گئے۔ علاوہ ازیں Hotel Crillon میں ایک پبلک لیکچر کا اہتمام کیا گیا۔ اس پروگرام کے لیے اخباری رپورٹ کے ساتھ ساتھ ایک اعلان تیار کر کے اسلام اور احمدیت کے تعارف پر مبنی پمفلٹس شہر کے مرکزی اور مختلف علاقوں میں تقسیم کیے گئے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ تبلیغی دورہ کئی لحاظ سے کامیاب رہا۔ اللہ تعالیٰ ان کوششوں میں برکت ڈالے اور یہاں کے لوگوں کے دل اسلام احمدیت قبول کرنے کے لیے کھول دے۔ آمین (رپورٹ:وسیم احمد ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: سیرالیون میں ’تحریک جدید، تعلیم القرآن اور وقف عارضی کی اہمیت‘پر ایک اجلاس کا انعقاد