محض اللہ تعالیٰ کے فضل سے امسال جماعت احمدیہ مڈغاسکر کو دوسری مرتبہ ریجنل جلسہ جات منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ ان کی رپورٹ قارئین الفضل انٹرنیشنل کی خدمت میں پیش ہے۔ امسال جلسہ سالانہ کا مرکزی موضوع ’’اخلاقیات‘‘ مقرر ہوا۔ اس کے تحت ۶؍لوکل اور ۷؍ریجنل جلسہ جات منعقد ہوئے۔ مقررہ موضوع کے مطابق ۶؍جماعتوں کے لیے لوکل مالاگاسی زبان میں ان موضوعات پر ۴؍تقاریر تیار کی گئیں: اللہ کا رنگ اختیار کرو، پانچ بنیادی اخلاق اور آنحضورﷺ کی لائی ہوئی اعلیٰ اخلاقی تعلیمات۔ تمام جماعتوں میں یکساں پروگرام ترتیب دیا گیا۔ اسی طرح تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، اردو نظموں اور ترانوں کے مالاگاسی تراجم بھی تیار کیے گئے اور یہ تمام مواد مقامی احباب میں تقسیم کیا گیا تاکہ وہ پروگرام میں احسن رنگ میں پیش کر سکیں۔ ان جلسوں میں انصار، خدام، اطفال، ممبرات لجنہ اماءاللہ اور ناصرات سب شامل ہوئے۔ Mahajanga میں پہلا ریجنل جلسہ:دارالحکومت Antananarivoسے ایک وفد ۱۲؍اگست ۲۰۲۵ء کو ۵۸۰؍کلومیٹر کا سفر طے کرکے شمال مغربی شہر Mahajanga پہنچا جہاں گذشتہ سال احمدیت کا پودا لگا تھا۔ اگلے روز ۱۳؍اگست کو اس ریجن کا پہلا جلسہ منعقد ہوا جس میں دو جماعتوں نے شمولیت اختیار کی۔ مجموعی حاضری ۳۸؍ رہی۔ Antananarivoکی تینوں جماعتوں میں جلسہ جات:۱۵تا۱۷؍اگست دارالحکومت کی تینوں جماعتوں، حلقہ نور، حلقہ محمود اور حلقہ ناصر میں پہلی مرتبہ ریجنل جلسے ہوئے۔ حلقہ ناصر:۱۵؍اگست۔ جلسہ کے ساتھ مسجد کی افتتاحی تقریب بھی ہوئی۔ کُل حاضری ۲۶۰ رہی۔ اس موقع پر کئی سرکاری افسران بھی شامل ہوئے اور نہایت خوشگوار تاثرات کا اظہار کیا۔ حلقہ نور: ۱۶؍اگست۔ کُل حاضری ۳۰۴ حلقہ محمود: ۱۷؍اگست۔ کُل حاضری ۲۹۸ Fianarantsoa میں جلسہ: ۲۰؍اگست کو دارالحکومت سے ۴۲۱؍کلومیٹر کے فاصلے پر واقع شہر Fianarantsoaمیں تین جماعتوں کا مشترکہ جلسہ ہوا۔ کُل حاضری ۲۹۲؍رہی۔ نائب گورنر Raharison Benjamin صاحب نے شرکت کی اور اپنے تاثرات میں کہا کہ خدا کی صفات اپنانا ہی اصل کامیابی ہے۔ اس موقع پر پریس کانفرنس بھی ہوئی جسے تین ٹی وی چینلز نے کوریج دی اور پیغام اندازاً دو ملین افراد تک پہنچا۔ الحمدللہ جنوب مغربی جماعتوں کے جلسہ جات:۲۱؍اگست کو وفد مزید ۶۱۹؍کلومیٹر کا سفر طے کرکے شہر Toliara پہنچا جہاں ۲۲؍اگست کو ریجنل جلسہ منعقد ہوا۔ اس میں شہر کے ساتھ قریبی گاؤں Tsingorintelo کے احباب بھی شامل ہوئے۔ کُل حاضری ۳۸۸؍رہی۔ اگلے روز ۲۳؍اگست کو قریبی گاؤں Milenaka میں جلسہ ہوا جس میں ۱۸۱؍افراد شامل ہوئے۔ ۲۵؍اگست کو وفد دو روزہ سفر کے بعد واپس دارالحکومت پہنچا۔ مجموعی حاضری:ان ۷؍ریجنل جلسوں میں مڈغاسکر کی ۹؍جماعتوں کے ایک ہزار ۷۶۱؍افراد شامل ہوئے۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک اللہ تعالیٰ ان جلسوں کو بابرکت فرمائے اور ہماری کوششوں کو قبول فرمائے۔ آمین (رپورٹ: مجیب احمد۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: ایکواڈور کے گیارھویں بین الاقوامی کتب میلے میں جماعت کی شمولیت