اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ کینیا کو امسال بھی ربیع الاول کے بابرکت مہینے میں ملک بھر میں جلسہ ہائے سیرت النبیﷺ منعقد کرنے کی سعادت نصیب ہوئی۔ ان جلسوں میں غیر مسلم افراد کو بھی مدعو کیا جاتا ہے تاکہ وہ آنحضرت ﷺ کے اوصاف حمیدہ اور عالمگیر پیغام سے متعارف ہو سکیں۔ امسال کینیا کے ۱۳؍ریجنز کی ۷۴؍جماعتوں میں سیرت النبی ﷺ کے جلسے منعقد ہوئے جن میں مجموعی طور پر دو ہزار ۲۴۳؍احباب نے شرکت کی۔ ان میں مسلم علماء، پادری صاحبان، سرکاری عہدیداران، سماجی کارکنان اور دیگر احباب کے بشمول ۱۹۶؍مہمانان نے شریک ہوئے۔ ان پروگراموں میں اردو، عربی اور سواحیلی زبانوں میں قصائد اور نعتیں پیش کی گئیں۔ مبلغین سلسلہ،معلمین کرام اور دیگر مقررین نے آنحضور ﷺ کے روحانی مقام، آپؐ کی حیات طیبہ کے مختلف پہلوؤں اور انسانیت کی فلاح کے لیے آپؐ کی مساعی جمیلہ پر تقاریر کیں۔ بعض جماعتوں میں نومبائعین نے بھی نعتیں اور تقاریر پیش کیں جبکہ بعض مقامات پر کوئز اور کھیلوں کا اہتمام بھی کیا گیا تھا۔ ہر پروگرام کے بعد اجتماعی کھانے کا انتظام کیا گیا جس میں مہمانان کرام بھی شریک ہوئے۔ انہیں سیرت النبی ﷺ سے متعلق کتب اور لٹریچر کے تحائف بھی پیش کیے گئے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے بعض مقامات پر ان پروگراموں کے نتیجہ میں سعید روحوں کو قبول احمدیت کی توفیق بھی ملی۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک اللہ تعالیٰ دنیا کو آنحضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کے اعلیٰ مقام اور آپؐ کے عالمگیر پیغام کو پہچاننے کی توفیق عطا فرمائے اور سب کو توحید کے پرچم تلے متحد فرمائے۔ آمین (رپورٹ: محمد افضل ظفر۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)