اللہ تعالیٰ کے فضل سے مورخہ ۲۸؍ستمبر ۲۰۲۵ء کو سیرالیون کے ہیڈکوارٹرز فری ٹاؤن میں تحریک جدید، تعلیم القرآن اور وقف عارضی کی اہمیت کو اجاگر کرنے کے لیے ایک خصوصی اجلاس منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں ویسٹرن ریجن کے تمام مبلغین، سرکٹ مشنریز، صدران جماعت، سیکرٹریانِ مال، ذیلی تنظیموں کے ضلعی و ریجنل عہدیداران کے ساتھ ساتھ صدر صاحب مجلس انصار اللہ، صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ، صدر صاحبہ لجنہ اماء اللہ اور مکرم موسیٰ میوا صاحب امیر جماعت احمدیہ سیرالیون نے شرکت کی۔ اس اجلاس کا بنیادی مقصد ہر جماعت میں تعلیم القرآن کلاسز کے انعقاد کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور والدین کو اس طرف توجہ دلانا تھا کہ وہ اپنے بچوں کو ان کلاسز میں شامل کریں تاکہ وہ دنیاوی تعلیم کے ساتھ اللہ تعالیٰ کی کتاب کی تعلیم سے بھی بہرہ مند ہو سکیں۔ مکرم نیشنل سیکرٹری صاحب تعلیم القرآن نے اس حوالے سے ایک عملی منصوبہ پیش کیا اور بہتری کے امکانات بیان کیے۔ اجلاس میں مقررین نے تحریک جدید کی برکات اور اس تحریک کے ذریعہ دنیا میں آنے والے بابرکت انقلابات کا ذکر کرتے ہوئے اس امر پر زور دیا کہ جماعت کا ہر فرد چندہ تحریک جدید میں شامل ہو۔ بالخصوص خاندانوں کے سربراہان کو توجہ دلائی گئی کہ وہ اپنے تمام اہلِ خانہ کو اس بابرکت تحریک کا حصہ بنائیں۔ اجلاس کے اختتام پر مکرم امیر صاحب نے دعا کروائی اور نمازوں کی ادائیگی کے بعد شاملین کی کھانے سے تواضع کی گئی۔ فری ٹاؤن بھر سے ۱۰۴؍احباب نے اس اجلاس میں شرکت کی۔ اللہ تعالیٰ اس بابرکت پروگرام کے ثمرات کو وسیع فرمائے اور جماعت کے تمام افراد کو خدمتِ دین کی توفیق عطا فرماتا چلا جائے۔ آمین (رپورٹ:سید سعید الحسن شاہ۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل)