اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے جماعت احمدیہ سینیگال کو زیگینشورشہر اور اس کے نواحی علاقوں میں مختلف تبلیغی و خدمتِ انسانیت کی سرگرمیوں کے انعقاد کی توفیق ملی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک تبلیغی کتب کا سٹال: سینیگال کے زیگینشورشہر میں جماعت احمدیہ نے تبلیغی سٹال کا انعقاد کیا۔ اس کا مقصد لوگوں کو امام مہدیؑ کی مبارک آمد سے آگاہ کرنا اور جماعت احمدیہ کا تعارف کروانا تھا۔ سٹال پر حضرت اقدس مسیح موعودؑ اور حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی تصاویر نمایاں طور پر آویزاں کی گئیں۔ سٹال پر جماعت کی دیگر کتب کے علاوہ خاص طور پر مقامی زبانوں میں قرآن کریم کے تراجم مثلاً فرنچ، وولوف، پولار اور مینڈیکا بھی رکھے گئے تھے۔ اسی طرح جماعت کا تعارف کروانے کے لیے خدام کی طرف سے پمفلٹ بھی تقسیم کیے گئے۔ نیز موجودہ عالمی جنگوں کے تناظر میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے اسلام کی تعلیمات پر مبنی امن اور ہم آہنگی سے متعلق خطابات کو فرنچ زبان میں پمفلٹ کی صورت میں تقسیم کیا گیا۔ لوگوں کی ایک کثیر تعداد نے سٹال کا دورہ کیا اور جماعت کی تعلیمات کو نہایت مفید قرار دیا۔ کتب کی افادیت کے پیش نظر متعدد افراد نے جماعتی کتب کو قیمتاً بھی خریدا۔ یونیورسٹی میں کتابوں کی نمائش:سینیگال کے شہر زیگینشورمیں موجود اسان سیک یونیورسٹی میں جماعتی کتب کی نمائش کا اہتمام کیا گیا۔ یونیورسٹی میں ۲۴؍ممالک کے ۸؍ہزار ۵۰۰؍سے زائد طلبہ زیر تعلیم ہیں۔ جماعت کی دیگر کتب کے ساتھ مقامی زبانوں میں قرآن پاک کے تراجم فرنچ، وولوف، پولار اور مینڈیکا بھی نمائش پر پیش کیے گئے۔ متعدد طلبہ نے نمائش کا دورہ کیا اور جماعت کی کتابوں میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ انہوں نے جماعت کے بارے میں معلومات حاصل کیں اور امام مہدیؑ کی آمد کے متعلق سوالات بھی کیے۔ فرنچ زبان میں ان کو جماعت کی آفیشل ویب سائٹ کا لنک بھی فراہم کیا گیا۔ بعض طلبہ نے جماعتی کتب کو قیمتاً بھی خریدا۔ اساتذہ اور طلبہ نے جماعت کی طرف سے امن کے پیغام کی ترویج کو نہایت سراہا۔ یونیورسٹی کے ڈائریکٹر کو جماعتی لٹریچر بھی پیش کیا گیا۔ انہوں نے نمائش کے انعقاد پر جماعت کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ اس طرح کی سرگرمیاں طلبہ کے لیے مفید ثابت ہوتی ہیں کیونکہ انہیں نصاب کے علاوہ دیگر کتب تک رسائی حاصل ہوتی ہے۔ عطیہ خون: عطیہ خون کے پروگرام کا انعقاد زیگینشور کے ریجنل ہسپتال میں کیا گیا۔ اس کا بنیادی مقصد جماعت کے ممبران اور عوام الناس کے درمیان خون کے عطیہ کی اہمیت کو اجاگر کرنا اور اس کے ذریعہ زندگیاں بچا کر انسانیت کی خدمت کرنا تھا۔ اس موقع پر کُل ۸؍لیٹر خون عطیہ کیا گیا۔ ہسپتال کی انتظامیہ نے جماعت کی اس خدمت کو بے حد سراہا اور آخر میں ہسپتال کے بلڈ بینک کے انچارج کو جماعتی لٹریچر بھی پیش کیا گیا۔ سولر سٹریٹ لائٹس کی تنصیب: زیگینشورکے ایک دور افتادہ گاؤں بامبا ٹوما میں جہاں آج کے جدید دور میں بھی بجلی دستیاب نہ تھی، جرمنی سے IAAAEکی ایک خصوصی ٹیم سینیگال پہنچی۔ یہ ٹیم دارالحکومت ڈاکار سے ۹۵۰؍کلومیٹر طویل اور دشوار گزار سفر کے بعد بامبا ٹوما پہنچی اور انسانی ہمدردی کے تحت وہاں سولر لائٹس نصب کیں تاکہ مقامی لوگوں کو رات کے وقت مشکلات پیش نہ آئیں اور طلبہ کو تعلیم میں آسانی میسر ہو۔ سولر لائٹس کی تنصیب کے دوران مقامی خدام نے ٹیم کے ساتھ بھرپور تعاون کیا۔ لائٹس کی تنصیب مکمل ہونے کے بعد علاقے کے میئر نے جماعت احمدیہ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ سینیگال کی ممبر نیشنل اسمبلی سے ملاقات: جماعت احمدیہ کے وفد نے سینیگال کی رکن قومی اسمبلی سے ملاقات کی جن کا تعلق ملک کی موجودہ حکمران پارٹی سے ہے۔ وفد نے انہیں جماعت احمدیہ کا تعارف پیش کیا اور جماعتی لٹریچر بھی دیا۔ انہوں نے دنیا میں اسلامی تعلیمات کی تبلیغ اور امن کے فروغ کے لیے جماعت کی سرگرمیوں کو بے حد سراہا۔ اللہ تعالیٰ ان مساعی کو قبول فرمائے اور سینیگال میں ہمیں اسلام احمدیت کا پیغام زیادہ سے زیادہ پھیلانے کی توفیق عطا فرماتا جائے۔ آمین (رپورٹ:مجیب الرحمٰن۔ مبلغ سلسلہ سینیگال)