https://youtu.be/_7AKrEab3dI اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مجلس انصاراللہ ناروے کو ۲۲؍جون ۲۰۲۵ء کو حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے ملاقات کی سعادت نصیب ہوئی۔ یہ روحانی و تربیتی دورہ تقریباً تین دنوں پر مشتمل تھا جس میں ناروے بھر سے ۵۹؍انصار نے شرکت کی۔ اس سفر کی انتظامی ذمہ داری قائد صاحب عمومی مکرم رانا مبشر صاحب کے سپرد تھی جسے انہوں نے بخوبی سرانجام دیا۔ مجلس انصاراللہ یوکے نے مہمان نوازی کا حق ادا کیا۔ یہ بابرکت سفر صدر مجلس انصاراللہ ناروے ڈاکٹر احمد رضوان صادق صاحب کی قیادت میں جمعرات ۱۹؍جون کی شام اوسلو سے لندن روانگی سے شروع ہوا۔ انصار مختلف اوقات میں لندن پہنچے اور بیت الفتوح میں قیام کیا گیا۔ اس روز مغرب و عشاء کی نمازوں کی ادائیگی کے بعد عشائیہ کا انتظام تھا۔ جمعۃ المبارک ۲۰؍جون کو ناشتہ کے بعد قافلہ اسلام آباد روانہ ہوا جہاں انصار کو حضرت خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اقتداء میں نماز جمعہ ادا کرنے کا شرف حاصل ہوا۔ نماز و ظہرانہ کے بعد وفد نے رقیم پریس کا دورہ کیا۔ مسجد مبارک، اسلام آباد میں نماز عصر کی ادائیگی کے بعد جامعہ احمدیہ یوکے کی سیر کی گئی۔ مسجد مبارک میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کی اقتدا میں نماز مغرب و عشاء کی ادائیگی کے بعد بیت الفتوح کے ليے روانگی ہوئی۔ ہفتہ ۲۱؍جون کو مسجد فضل لندن کا روح پرور دورہ کیا گیا جہاں مکرم عطاء المجیب راشد صاحب امام مسجد فضل لندن سے ملاقات ہوئی۔ آپ نے مسجد فضل کی تاریخ کے حوالے سے ایمان افروز واقعات سنائے اور احباب کے سوالات کے جواب دیے۔ بعد ازاں وفد لندن میں ہی مخزن تصاویر کی نمائش کی سیر کرتا ہوا اسلام آباد کےليے روانہ ہوا جہاں مسجد مبارک میں حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ کے پیچھے نماز ظہر ادا کی گئی۔ طعام کے بعد مکرم عبدالماجد طاہر صاحب ایڈیشنل وکیل التبشیر سے ملاقات ہوئی۔ آپ نے خلافتِ خامسہ سے جڑے کچھ نہایت پُراثر روحانی واقعات بیان کیے۔ بعد ازاں صدر مجلس انصاراللہ یوکے مکرم صاحبزادہ مرزا وقاص احمد صاحب سے خصوصی ملاقات کا موقع ملا۔ آپ نے خلافت سے عشق و اطاعت کی اہمیت پر بصیرت افروز گفتگو کی اور حاضرین کے سوالات کے جواب بھی دیے۔ رات کے کھانے اور نمازوں کی ادائیگی کے بعد بیت الفتوح روانگی ہوئی۔ اتوار ۲۲؍جون ۲۰۲۵ء کا وہ بابرکت دن تھا جس کا سب کو بےچینی سے انتظار تھا۔ عید کی خوشی کا سا سماں تھا۔ وفد صبح سویرے بیت الفتوح سے اسلام آباد کے ليے روانہ ہوا۔ ظہر کی نماز سے قبل حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز سے ملاقات کی سعادت حاصل ہوئی۔ حضور انور نے ممبران مجلس انصار اللہ سے فرداً فرداً تعارف حاصل کیا اور مختلف جماعتی امور پر قیمتی نصائح عطا فرمائیں۔ نیز کچھ انصار کے سوالات کے مفصل جواب بھی ازراہِ شفقت عطا فرمائے۔ ملاقات کے اختتام پر تمام وفد کو حضور انور کے ساتھ گروپ فوٹو کا شرف حاصل ہوا۔ حضور نے از راہ شفقت تمام انصار کو قلم کے تحفہ سے نوازا۔ اس بابرکت ملاقات کے بعد سب نے اپنے رب کا شکر ادا کیا کہ خلیفۂ وقت کی صحبت اور دعاؤں سے فیضیاب ہوئے۔(ملاقات کی مکمل رپورٹ کے لیے ملاحظہ ہو الفضل انٹرنیشنل مورخہ ۳؍جولائی۲۰۲۵ء) اسی شام پریس اینڈ میڈیا سیکرٹری مکرم عابد خان صاحب کے ساتھ ایک دلچسپ نشست رکھی گئی تھی جس میں کئی اہم اور مفید موضوعات پر بات چیت ہوئی۔ بعد ازاں قافلہ بیت الفتوح واپس روانہ ہوا جہاں مجلس انصاراللہ یوکے کی طرف سے ایک عشائیہ دیا گیا جس میں مکرم عبد الخالق تعلقدار صاحب اسسٹنٹ پرائیویٹ سیکرٹری (انصار سیکشن) کے ساتھ بھی تمام انصار کی ایک میٹنگ ہوئی۔ آخرکار سوموار ۲۳؍ جون کو ناشتہ کے بعد انصار اللہ ناروے مختلف اوقات میں اوسلو کے لیے روانہ ہوئے۔ یوں یہ بابرکت، روحانی اور ایمان افروز سفر بخیروخوبی اختتام پذیر ہوا۔ الحمدللہ علیٰ ذالک (رپورٹ: راحیل احمد ناصر۔ رکن مجلس انصار اللہ ناروے)