اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ ایکواڈور کو ’’ایکواڈورین ریڈ کراس‘‘ ایسوسی ایشن کے تعاون سے مشن ہاؤس، دارالحکومت Quito میں پہلی مرتبہ عطیہ خون کی مہم ۶؍ستمبر ۲۰۲۵ء کو منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اس بابرکت اقدام کا بنیادی مقصد ملک میں خون کی ضرورت کو پورا کرنا تھا۔ ریڈ کراس کے نمائندگان نے بتایا کہ بالخصوص گرمیوں کی تعطیلات کے دوران خون کی طلب میں اضافہ اور خون دینے والے رضاکاروں کی کمی واقع ہو جاتی ہے، اس لیے اس وقت میں خون دینے کی مہم غیر معمولی اہمیت اختیار کر لیتی ہے۔ اس پروگرام کی تیاری کے لیے ۲۲؍اگست ۲۰۲۵ء کو ریڈ کراس کی ایک ٹیم نے مشن ہاؤس کا دورہ کیا اور جائزہ لینے کے بعد مہم کو کامیاب بنانے کے لیے ۵۰؍رضاکاروں کا ہدف مقرر کیا۔ اس موقع پر جماعت کی جانب سے محلہ کے گھروں میں فلائر تقسیم کیے گئے، پڑوس اور مقامی کاروباری مراکز و سکولوں میں بھی پیغام پہنچایا گیا تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ شامل ہو سکیں۔ مہم کے دن شرکاء کے لیے ابتدائی صحت کی جانچ، طبی تاریخ کے اندراج اور خون عطیہ کرنے کے لیے تین میڈیکل بستر مہیا کیے گئے۔ احباب جماعت نے نہ صرف خون دینے میں بھرپور حصہ لیا بلکہ مہمانوں کا استقبال کرنے اور بعد ازاں ریفریشمنٹس فراہم کرنے میں بھی رضاکارانہ خدمات انجام دیں۔ اس موقع پر کُل ۴۰؍ افراد خون دینے کی نیت سے مشن ہاؤس پہنچے جن میں سے ۲۰؍ نے خون عطیہ کرنے کی سعادت حاصل کی۔ اگرچہ مقررہ ۵۰؍رضاکاروں کا ہدف پورا نہ ہوسکا، تاہم ریڈ کراس کے طبی عملہ، مقامی پڑوسی اور شامل ہونے والے سبھی افراد نے اس بابرکت اقدام کو بہت سراہا۔ یہ پروگرام جماعت احمدیہ ایکواڈور کی تاریخ میں ایک اہم آغاز کی حیثیت رکھتا ہے۔ ان شاء اللہ آئندہ سال بھی اسی نوعیت کی مہم منعقد کرنے اور بلند تر اہداف حاصل کرنے کا ارادہ ہے۔ اللہ تعالیٰ اس نیک کام کو قبول فرمائے اور ہمیں مزید خدمت انسانیت کی توفیق بخشے۔ آمین (رپورٹ: خواجہ عبدالباسط۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: شمال مشرقی سیرالیون میں امیر صاحب کے ہمراہ ایک وفد کا تربیتی دورہ