٭…اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ جنگ بندی معاہدہ نافذ العمل ہونے کا اعلان کردیا گیا ہے۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہےکہ حماس کے ۱۱ قیدی رہا کیےجائیں گے۔ عرب میڈیا کے مطابق اسرائیل نے اپنے فوجیوں کو غزہ معاہدے کے تحت طے شدہ لائن سے پیچھے ہٹانا شروع کردیا ہے جبکہ غزہ کے لوگوں نے اپنے علاقوں کی جانب واپس جانے کا آغاز کردیا ہے۔ ٭…حماس اور اسرائیل کے درمیان جنگ بندی شروع ہونے کے کچھ ہی دیر بعد اسرائیل نے لبنان کے جنوبی علاقے پر بمباری کی۔ اسرائیلی فوج نے لبنان میں حزب اللہ کے مبینہ انفراسٹرکچر پر فضائی حملہ کیا ہے۔ ٭…افغان فورسز نے پاک افغان بارڈر پر انگور اڈا، باجوڑ،کرم، دیر، چترال، اور بارام چاہ کے مقامات پر بھی بِلا اشتعال فائرنگ کی۔سیکیورٹی ذرائع کا کہنا ہےکہ پاک فوج کی چوکس پوسٹوں کی جانب سے بھرپور اور شدید جواب دیا جارہا ہے۔ پاک فوج نے فوری شدید رد عمل دیتے ہوئے متعدد افغانی پوسٹوں کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا۔ ٭…پاک افغان بارڈر پر افغان فورسز کی بلا اشتعال فائرنگ اور پاکستانی فوج کی جانب سے بھرپور جواب کے بعد سعودی عرب اور قطر کا ردعمل بھی سامنے آگیا۔ سعودی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہےکہ سعودی عرب کو اسلامی جمہوریہ پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحدی علاقوں میں ہونے والی کشیدگی اور جھڑپوں پر تشویش ہے۔ دونوں ممالک تحمل، کشیدگی سے گریز اور بات چیت اور حکمت کو اپنائیں، جو کشیدگی کو کم کرنے اور خطے کی سلامتی اور استحکام کو برقرار رکھنے میں معاون ثابت ہوگی۔ سعودی عرب کا کہنا ہے کہ وہ تمام علاقائی اور بین الاقوامی کوششوں کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کرتا ہے، جن کا مقصد امن اور استحکام کو فروغ دینا ہے۔ اسی طرح قطر نے ان دو ملکوں کے درمیان کشیدگی پر اظہار تشویش کیا ہے۔ قطری وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ دونوں ممالک تحمل، بات چیت اور سفارتکاری سے مسائل حل کریں۔ خطے میں امن و استحکام کے لیے کشیدگی میں کمی ناگزیر ہے، پاکستان اور افغانستان کے درمیان کشیدگی خطے کے امن پرمنفی اثرڈال سکتی ہے۔ ٭…آسٹریلیا میں چھوٹا طیارہ گر کرتباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں تین افراد ہلاک ہوگئے۔ طیارہ رَن وے سے ۳۰ میٹر بلندی تک اڑان بھرنے کے فوراً بعد گر کر تباہ ہو گیا جس کے بعد طیارے میں آگ بھڑک اُٹھی۔ طیارہ نیو ساؤتھ ویلز کے شیل ہاربر ایئرپورٹ سے ریاست کے وسطی مغرب میں واقع باتھرسٹ کے لیے پرواز کر رہا تھا۔ پولیس تینوں افراد کی باضابطہ شناخت کے عمل پر کام کر رہی ہے۔ ٭…شمالی امریکی ملک میکسیکو میں شدید بارشوں اور سیلاب سے ۲۳ افراد ہلاک ہوگئے۔ میکسیکو کے شہری دفاع نے بتایا کہ ملک کی ۳۲ میں سے ۳۱ ریاستوں میں شدید بارشوں کے بعد آنے والے سیلاب نے شدید تباہی مچادی ہے۔ ریاست ہڈالگو میں ۱۶ شہریوں کی اموات ہوئی ہیں، جبکہ ایک ہزار کے لگ بھگ گھر تباہ ہوئے ہیں۔ ملک کے متاثرہ علاقوں میں فوج بھیج دی گئی ہے جبکہ متاثرین کے لیے عارضی پناہ گاہیں بھی تیار کی گئی ہیں۔ ٭…چیئرمین نوبیل کمیٹی یورگن واٹنے کا ٹرمپ کو نوبیل انعام نہ دینے سے متعلق بیان سامنے آگیا۔ جب ان سے سوال کیا گیا کہ صدر ٹرمپ بارہا خود کو نوبیل انعام کا حقدار قرار دیتے رہے اور نہ ملنے کو امریکہ کی توہین کہا۔ اس پر چیئرمین کمیٹی نے جواب دیا کہ نوبیل امن انعام دینے کی طویل تاریخ میں کمیٹی نے مختلف مہمات دیکھی ہیں اور کمیٹی کو ہر سال ہزاروں خطوط موصول ہوتے ہیں جن میں لوگ امن پر اپنی رائے دیتے ہیں۔ کمیٹی ایک ایسے کمرے میں بیٹھتی ہے جس کی دیواروں پر تمام سابق انعام یافتہ لوگوں کی تصویریں آویزاں ہیں جو جرأت اور دیانتداری کی علامت ہے، اسی جذبے کے تحت فیصلہ الفریڈ نوبیل کے نظریات اور وصیت کی بنیاد پر کیا جاتا ہے۔ ٭…برطانیہ نے بادشاہ چارلس کے شاہی نشان والے نئے پاسپورٹس دسمبر سے جاری کرنے کا اعلان کر دیا۔ بادشاہ چارلس کے شاہی نشان میں “ٹیوڈر تاج” شامل ہوگا۔ وزارت داخلہ نے پاسپورٹ کا نیا ڈیزائن متعارف کرادیا ہے، نئے پاسپورٹس میں برطانیہ کے قدرتی مناظر شامل ہوں گے۔ دوسری جانب ملکہ الزبتھ کے نشان والے پاسپورٹس میعاد ختم ہونے تک قابلِ استعمال رہیں گے۔ یاد رہے کہ برطانیہ میں ۲۰۲۳ء سے پاسپورٹس بادشاہ چارلس کے نام سے جاری ہو رہے ہیں۔ مزید پڑھیں: خبرنامہ(اہم عالمی خبروں کا خلاصہ)