محض اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سےمجلس انصاراللہ آسٹریا کو اپنا سالانہ نیشنل اجتماع ‘‘اطاعت’’ کے مرکزی موضوع پر اور مجلس شوریٰ مورخہ ۱۶؍اگست ۲۰۲۵ء کو منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ اس اجتماع میں ۳۴؍انصار اور ۶؍مہمانوں سمیت کل حاضری ۴۰؍رہی۔ الحمدللہ منتظم علمی مقابلہ جات کی طرف سے اجتماع کا نصاب بناکراُردو اور جرمن زبانوں میں انصار بھائیوں کی خدمت میں ارسال کر دیا گیا تھا۔ نیز منتظم ورزشی مقابلہ جات کی طرف سے بھی کھیلوں اور مقابلوں کی تفاصیل ارسال کردی گئی تھیں۔ اجتماع کے دن باجماعت نماز فجر مسجد بیت الطاہر میں ادا کی گئی۔ ناشتہ اور رجسٹریشن کے بعد بوقت ۱۰؍بجے تقریب پرچم کشائی سے اجتماع کا آغاز ہوا۔ تلاوت قرآن کریم، عہد اور نظم کے بعد مکرم محمد اشرف ضیاء صاحب نیشنل صدر و مبلغ انچارج جماعت احمدیہ آسٹریا نے افتتاحی تقریر کی اور دعا کروائی۔ بعد ازاں علمی مقابلہ جات بیت الطاہر میں منعقد کروائے گئے جن میں حسنِ قراءت، نماز باترجمہ، نظم، اذان، تقریر اور تقریر فی البدیہہ کے مقابلہ جات شامل تھے۔ دوپہر کے کھانے اور نماز ظہر وعصر کے بعد مجلس انصاراللہ آسٹریا کی مجلس شوریٰ کا اجلاس منعقد ہواجس کے بعد ورزشی مقابلہ جات کے ليے ویانا میں کھیلوں کے ایک گراونڈ De la Salle- Strebersdorf کی طرف روانگی ہوئی جہاں انصار کے مابین دوڑ ۱۰۰؍میٹر، کلائی پکڑنا، ڈارٹس، گولہ پھینکنا، لمبی چھلانگ، سلو سائیکلنگ اور رسہ کشی کے دلچسپ مقابلہ جات کروائے گئے۔ تمام انصار نے ان مقابلوں میں بڑی دلچسپی اور گرم جوشی سے حصہ لیا۔ اختتامی تقریب ویانا کی بیت الطاہر میں منعقد کی گئی۔ تلاوت قرآن کریم و ترجمہ کے بعد خاکسار (ناظم اعلیٰ سالانہ اجتماع) نے رپورٹ پیش کی اور اجتماع میں شامل ہونے والے انصار بھائیوں اور انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔ مبلغ انچارج صاحب نے اعزاز پانے والے انصار میں انعامات تقسیم کيے اور چند نصائح کیں۔ اللہ تعالیٰ کرے کہ اس اجتماع کا انعقاد ہم سب کے ازدیادِ ایمان اور ترقی کا باعث بنے۔ آمین (رپورٹ:مبارک احمد فرخ۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل۔) مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ کوسوو میں جلسہ سیرت النبیﷺ کا انعقاد