https://youtu.be/Zc2cSKe0YJY اللہ تعالیٰ کے خاص فضل سے لجنہ اماءاللہ نائیجیریا کو اپنا ۴۶واں سالانہ نیشنل اجتماع ۲۹تا ۳۱؍اگست ۲۰۲۵ء کو وکٹری کالج، ایکارے آکوكو، ریاست اونڈو (Victory College, Ikare, Akoko, Ondo)میں ‘وَمَنۡ یُّطِعِ اللّٰہَ وَرَسُوۡلَہٗ فَقَدۡ فَازَ فَوۡزًا عَظِیۡمًا’’ یعنی اور جو بھی اللہ اور اس کے رسول کی اطاعت کرے تو یقیناً اُس نے ایک بڑی کامیابی کو پالیا (الاحزاب:۷۲) کے مرکزی موضوع پر کامیابی کے ساتھ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ یہ تین روزہ اجتماع روحانی، تعلیمی اور سماجی سرگرمیوں پر مشتمل تھا۔ مقررہ دن سے قبل اجتماع کی ٹیم نے مقامی راہنماؤں سے تبلیغی مقاصدکے لیے ملاقاتیں کیں۔ اس کے علاوہ لجنہ اماءاللہ کی مجلس عاملہ نے آکوکو کے میڈیا، سیاسی اور روایتی راہنماؤں سے رابطہ کیا۔ اجتماع سے قبل Ikare میں مفت میڈیکل کیمپ لگایا گیاجس سے ایک ہزار دوسو سے زائد مقامی افراد مستفید ہوئے جنہیں معائنہ، ٹیسٹ اور دوائیں فراہم کی گئیں۔ ۶۰؍افراد کو مفت عینکیں بھی دی گئیں۔ اجتماع کے تینوں دن تعلیم و تربیت کی غرض سے دروس اور لیکچرز کا اہتمام کیا گیا۔ نیز صبح سے رات تک مختلف اوقات میں علمی و ورزشی مقابلہ جات کا انعقاد کیا گیا۔ دوران اجتماع ایک دستکاری نمائش کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں لجنہ نے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ دوران اجتماع لجنہ کی ممبرات نے کمیونٹی جنرل ہسپتال کا فلاحی دورہ کیا اور خواتین و بچوں کے وارڈ میں مریضوں کو طبی سامان عطیہ کیا۔ اس کے علاوہ لجنہ کی ٹیم نے ریاست اونڈو (Ondo) کے ریڈیو اور ٹی وی سٹیشنز کا دورہ بھی کیا تاکہ جماعت احمدیہ اور لجنہ اماءاللہ کی سرگرمیوں کا تعارف کرایا جا سکے۔ اس اجتماع کا ایک بڑا اور نمایاں پہلو سالانہ واک تھی جو ۳۰؍اگست کو منعقد ہوئی۔ یہ نہ صرف ورزشی مشق تھی بلکہ تبلیغ کا بھی ایک بہترین ذریعہ ثابت ہوئی۔ اجتماع ناصرات الاحمدیہ: اجتماع لجنہ اماءاللہ کے ساتھ ساتھ ناصرات الاحمدیہ نائیجیریا کا اجتماع بھی منعقد ہوا۔ اس کا مرکزی موضوع ‘‘اللہ کی اطاعت: بابرکت مستقبل کی کنجی’’ تھا۔ ناصرات کے بھی مختلف علمی ورزشی مقابلہ جات اور دیگر پروگرامز کا انعقاد کیا گیا جس میں ناصرات نے بڑھ چڑھ کر حصہ لیا۔ امسال اجتماع کی کُل حاضری چار ہزار انہتر تھی۔ اس میں ناصرات کی تعداد ۶۴۰؍تھی۔ یہ اجتماع پُرجوش دعاؤں کے ساتھ اختتام پذیر ہوا۔ اس موقع پر مسلم اور غیر مسلم معززین بھی سیاسی، سماجی اور کمیونٹی حلقوں کی نمائندگی کرتے ہوئے کثیر تعداد میں شامل ہوئے۔ اللہ تعالیٰ لجنہ اماءاللہ کو قرآن کریم کی تعلیم اور پیارے آقا ایدہ اللہ تعالیٰ کی خواہش کے مطابق اپنی نسلوں کی تربیت کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین (رپورٹ : سید اطہر محمود۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: نائیجر میں ۱۲؍ربیع الاول کی مناسبت سے ایک پروگرام میں جماعتی وفد کی شرکت