اللہ تعالیٰ کے فضل سے جماعت احمدیہ سیرالیون کو نومبائعین کی تربیت کے لیے متعدد ریفریشر کورسز منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ یہ پروگرامز فری ٹاؤن ویسٹ کی مختلف جماعتوں میں مورخہ ۲۰تا ۲۶؍ستمبر ۲۰۲۵ء کے دوران منعقد ہوئے۔ مورخہ ۲۰؍ستمبر کو جماعت احمدیہ کیلاہوں کوٹ باری میں ایک روزہ کورس ہوا جس میں قریب کی آٹھ جماعتوں کے نومبائعین نے شمولیت کی۔ اجلاس کی صدارت مکرم ابراہیم بنگورا صاحب نائب امیر رابع و صدر ویسٹرن ریجن نے کی۔ یہ پروگرام ایک نئی مسجد میں ہوا جو امریکہ میں مقیم ایک احمدی نے اپنی زمین پر تعمیر کرا کے جماعت کو ہدیہ کی ہے۔ اللہ تعالیٰ انہیں بہترین اجر سے نوازے۔ پروگرام میں ۲۲۰؍سے زائد افراد شریک ہوئے جن میں اکثریت نومبائعین کی تھی۔ مقررین میں صدر صاحب مجلس خدام الاحمدیہ، خاکسار (ریجنل مبلغ) اور دیگر سرکٹ مشنریز شامل تھے۔ تقاریر کے موضوعات میں وفاتِ مسیح، حضرت مسیح موعودؑ کی آمد کی پیشخبریاں، ضرورۃ الامام، نظامِ جماعت و چندہ جات، شرائطِ بیعت اور ہماری ذمہ داریاں شامل تھیں۔ ہر تقریر کے بعد سوال و جواب کا دور ہوا جس میں نومبائعین نے نہایت دلچسپی سے سوالات کیے اور اپنے تجربات بھی بیان کیے۔ پروگرام کا اختتام نمازِ ظہر اور اجتماعی ظہرانے پر ہوا جس کے اخراجات نومبائعین کی جماعت نے خود برداشت کیے۔ مورخہ ۲۱؍ستمبر کو جماعت گلوسٹر میں دوسرا ریفریشر کورس منعقد ہوا۔ اس میں قریبی پانچ جماعتوں کے نومبائعین نے شرکت کی۔ مقررین نے جماعت احمدیہ میں شمولیت کی اہمیت، خلافت سے وابستگی اور حضرت مسیح موعودؑ کی آمد کی حقیقت کو اجاگر کیا۔ نومبائعین نے زیادہ تر احمدیت اور عیسائیت کے عقائد کے مابین فرق کے حوالہ سے سوالات کیے۔ اس پروگرام میں ۷۵؍افراد شریک ہوئے۔ نمازوں کی ادائیگی کے بعد ظہرانہ پیش کیا گیا جس کے اخراجات مقامی جماعت نے برداشت کیے۔ مورخہ ۲۶؍ستمبر کو جماعت ریجنٹ میں نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعد ایک اور ریفریشر کورس منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر نومبائعین کو خوش آمدید کہا گیا اور انہیں حضرت مسیح موعودؑ کی بیان فرمودہ دس شرائط بیعت کے مطابق زندگی گزارنے کی تلقین کی گئی۔ نومبائعین نے نہایت شوق سے سوالات کیے جن کی اکثریت بنیادی نوعیت کے سوالات پر مشتمل تھی۔ اس پروگرام میں ۷۰؍افراد شریک ہوئے جن میں ۲۰؍نومبائعین شامل تھے۔ اللہ تعالیٰ نومبائعین کو کامل ایمان اور اخلاص کے ساتھ احمدیت کی برکات سے فیضیاب فرمائے اور خلافت سے وابستہ رہنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین (رپورٹ:سید سعید الحسن شاہ۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) مزید پڑھیں: جامعة المبشرین سیرالیون اور مدرسة الحفظ سیرالیون کی بابرکت تقریب تقسیم اسناد