اللہ تعالیٰ کے فضل سے وسطی سویڈن میں مورخہ ۴تا۸؍اگست ۲۰۲۵ء ایک پانچ روزہ تبلیغی دورے منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ خاکسار(مبلغ سلسلہ) نے مکرم جاہد خان صاحب لوکل سیکرٹری تبلیغ کے تعاون سے وسطی سویڈن کے چھ شہروں Strömsund, Krokom, Åre, Berg, Bräckeاور Ragunda میں تبلیغی سٹالز لگائے، لٹریچر تقسیم کیا اور اہم سیاسی و مذہبی شخصیات سے ملاقاتیں کیں۔ اس سفر میں مکرم صدیق احمد صاحب اور مکرم شازل احمد افضل صاحب بھی شامل تھے۔ پہلے دن ستروم سُند (Strömsund)شہر کے مرکزمیں ہم نے تبلیغ سٹال لگایا جہاں بہت لوگوں نے سٹال کا دورہ کیا اور اپنے سوالات کے جواب پائے۔ اس روز شہر کے ميئر، شہر کے اپوزیشن لیڈر اور اس علاقے کے پادری صاحب سے بھی ملاقات ہوئی۔ ان سب احباب کو جماعت کا تعارف کروایا گیا اور اور کتاب ‘عالمی بحران اور امن کی راہ’ تحفۃً دی گئی۔ دوسرے دن کروکوم (Krokom) شہر میں تبلیغ سٹال لگایا گیا۔ اس شہر میں بھی یہاں کی چیف پادری صاحبہ اور ميئر صاحبہ سے ملاقات ہوئیں۔ انہیں جماعت کا تعارف کروایا گیا اور اور کتاب ‘عالمی بحران اور امن کی راہ’ تحفۃً دی گئی۔ اسی دن سویڈش ٹی وی کی رپورٹر نے خاکسار کا انٹرویو ریکارڈ کیا جو ۷؍اگست کی صبح پرائم ٹائم میں ٹی وی پر نشر ہوا۔ تبلیغی دورے کے تیسرے روز اُرے (Åre) شہر کے مرکز میں سٹال کا اہتمام کیا گیا۔ یہاں پر بھی علاقے کی چیف پادری صاحبہ اور اپوزیشن پارٹی کے دو سیاستدانوں سے ملاقات ہوئی اور انہیں جماعت کا تعارف کروایا گیا۔ چوتھے روز دو شہروں کا دورہ کیا گیا۔ پہلے شہربیری (Berg) میں ہماری ملاقات شہر کی ميئر صاحبہ کے ساتھ ہوئی۔ اس کے بعد جنوب مشرقی علاقے کے تین شہروں کے چیف پادری صاحب سے ملاقات ہوئی۔ یہاں سے وفد دوسرے شہر بریکے(Bräcke) پہنچا جہاں ہماری ملاقات اس شہر کے ميئر صاحب اور اپوزیشن لیڈر کے ساتھ کونسل کے دفتر میں ہوئی۔ اسی طرح اس علاقے کی مشہور اخبار نے ہمارے سٹال پر آکر انٹرویو لیا جو بعد میں اخبار میں شائع ہوا۔ ان دونوں شہروں میں تبلیغ سٹالز بھی شہر وں کے مرکز میں لگائے۔ جہاں بہت سے لوگوں نے دورہ کیا اور سوالات کے جواب حاصل کیے۔ اس دورہ کے آخری دن راگ اُندا (Ragunda) میں وہاں کے ڈپٹی ميئر صاحب سے ملاقات کی گئی۔ تبلیغ سٹال پر آنے والوں کو تبلیغی لڑیچر بھی تقسیم کیا گیا جس میں مختلف موضوعات پر کتب کے علاوہ فلائرز بھی تقسیم کیے گئے۔ اس تبلیغی سفر کے ليے کل ایک ہزار ۶۶۲؍کلومیٹر کا فاصلہ طے کیا گیا۔ الحمد للہ۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے تبلیغی دورہ بہت کامیاب رہا۔ جہاں ہمارے سٹال پر آکر بہت سے لوگوں نے سوالات پوچھے اور ہماری موجودگی کو سراہا وہاں مکرم شازل افضل صاحب نے ان شہروں کےتمام فیس بُک گروپس میں بھی اپنی آمد کی اطلاع کی جس پر ایک بڑی تعداد میں لوگوں نے ہماری موجودگی کو سراہا۔ آن لائن بھی سوالات کا سلسلہ جاری رہا۔ ان گروپس کے ممبران کی کل تعداد تقریباً ۵۰؍ہزار افراد ہے۔ اسی طرح جماعتی و ذاتی سوشل میڈیا اکاؤنٹس سے بھی معلومات کو پھیلایا گیا۔ سویڈش ٹی وی، اخبار اور سوشل میڈیا کے ذریعہ تقریباً ایک لاکھ سے زائد لوگوں تک جماعت کا پیغام پہنچا۔ الحمدللہ اللہ تعالیٰ ہمیں اسلام کی صحیح تعلیمات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کی توفیق عطا فرمائے اور حضور انور ایدہ اللہ کی ہدایات کے مطابق مقبول خدمت دین کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین (رپورٹ:رضوان احمد افضل۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: رپورٹ سالانہ نیشنل اجتماع مجلس انصار اللہ یوکے ۲۰۲۵ء