مکرم میاں عمر عزیز صاحب ایڈیشنل قائد عمومی مجلس انصار اللہ جرمنی تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے جولائی ۲۰۲۵ء میں مجلس انصار اللہ جرمنی کو مختلف پروگرامز منعقد کرنے کی توفیق ملی جن کی تفصیل قارئین الفضل کی خدمت میں پیش ہے۔ احمدیہ موبائل لنگر: ۸؍جون کو علاقہ بائرن کی مجلس Münchenنے ایک فلاحی ادارے کے تعاون سے احمدیہ موبائل لنگر کو ۲۸۵؍بےگھر افراد کو کھانا مہیا کرنے کی توفیق ملی۔ اِس موقع پر جماعت احمدیہ کا تعارف بھی کروایا گیا اور مقامی اداروں نے پروگرام کو بےحد سراہا۔ اس خدمت میں زعیم مجلس کے ہمراہ ۶؍انصار شامل ہوئے۔ الحمدللہ، یہ سلسلہ سال بھر جاری رہتا ہے اور اس کے ذریعہ خدمتِ انسانیت کے ساتھ ساتھ جماعت کے تعارف کا بھی موقع ملتا ہے۔ چیریٹی واکس: مجلس انصار اللہ جرمنی ہر سال مختلف شہروں میں احمدیہ چیریٹی واکس کا انعقاد کرتی ہے۔ امسال اب تک ۵۳؍واکس کی تواریخ موصول ہو چکی ہیں جن میں سے ۱۷؍واکس ماہِ جولائی تک مکمل ہوئیں۔ ۶؍جولائی کو علاقہ بیت الجامع کی مجلس Hanau میں ہونے والی واک میں اراکین نیشنل عاملہ اور بڑی تعداد میں احمدی و جرمن احباب نے شرکت کی۔ پروگرام کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا جس کے بعد مکرم سید سلمان شاہ صاحب مبلغ سلسلہ نے جماعت احمدیہ کا تعارف پیش کیا۔ واکس میں بچوں، خواتین اور مردوں کے لیے علیحدہ علیحدہ فاصلے مقرر کیے گئے اور نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والوں کو انعامات دیے گئے۔ ان واکس سے حاصل ہونے والی رقوم سماجی تنظیموں کو پیش کی جاتی ہیں جبکہ مقامی میڈیا اور اخبارات میں بھی اِن کی نمایاں تشہیر ہوتی ہے۔ تبلیغی سرگرمیاں: مجلس انصار اللہ جرمنی کو دورانِ سال مختلف تبلیغی پروگرامز کی بھی توفیق ملتی رہتی ہے۔ جرمنی کے مختلف شہروں کی چھوٹی لائبریریوں میں جماعتی کتب رکھوائی جاتی ہیں جبکہ مجالس میں بڑے پوسٹرز لگا کر معلوماتی سٹالز کا اہتمام کیا جاتا ہے۔ مہمانان کرام ان سٹالز پر آکر اسلام احمدیت سے متعلق سوالات کرتے ہیں۔ مبلغین کرام بھی ان پروگراموں کے دوران ناظمین اعلیٰ علاقہ اور زعمائے مجالس کے ساتھ مل کر خدمت کی توفیق پا تے ہیں اور مہمانوں کے سوالات کے جواب دیتے ہیں۔ اس ماہ نمایاں کارکردگی دکھانے والی مجالس میں Wiesbaden West, Wiesbaden Ost, Wiesbaden Mitte, München, Iserlohn, Mainz Süd, Wittlich اور Esslingen شامل ہیں۔ ان مجالس نے تقریباً چھ ہزار فلائرز تقسیم کیے، ۷؍چھوٹی لائبریریوں میں ۳۰؍جماعتی کتب رکھوائیں اور ۵؍معلوماتی سٹالز لگائے۔ اللہ تعالیٰ مجلس انصار اللہ جرمنی کو خدمتِ دین اور خدمتِ انسانیت کی مزید توفیق عطا فرماتا جائے۔ آمین مزید پڑھیں: مجلس خدام الاحمدیہ جرمنی کا پینتالیسواں سالانہ نیشنل اجتماع ۲۰۲۵ء