غیر از جماعت مہمانوں کے لیےخصوصی اجلاس۔ ممبرز آف پارلیمنٹ، مئیرز اور کونسلرز کے علاوہ متعدد شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے معزز مہمانوں کی شرکت، بک اسٹال اور نمائش کا وزٹ مستورات کے اجلاس کا انعقاد۔ بچوں کے لیے کتب کا سٹال اور صنعت و دستکاری کی مصنوعات کی نمائش اور لجنہ ممبرات کے تعلیمی ایوارڈذ کا اعلان دوسرا دن۔ ۴؍اکتوبر ۲۰۲۵ء (۴؍اکتبور ۲۰۲۵ء، بیت الھدیٰ سڈنی، آسٹریلیا، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) الحمد للہ آج جماعت احمدیہ آسٹریلیا کے دوسرے دن کا آغاز باجماعت نماز تہجد سے ہوا جو مکرم خالد عبدالناصر صاحب نے پڑھائی اور مکرم سید ودود جنود صاحب مربی سلسلہ نے درس القرآن دیا۔ دوسرا اجلاس: صبح دس بجے جلسہ سالانہ کے دوسرے اجلاس کا انعقاد مکرم ڈاکٹر تنویر عارف صاحب نائب امیر سوم کی صدارت میں ہوا۔ مکرم عاطف عارف صاحب نے تلاوت قرآن کریم جبکہ انگریزی ترجمہ مکرم ایمن نور صاحب نے پیش کیا۔ مکرم احشام احمد صاحب صدر جماعت ماونٹ ڈروٹ (Mt. Druitt) نے حضرت مسیح موعودؑ کا منظوم کلام ’’ہر طرف فکر کو دوڑا کے تھکایا ہم نے‘‘ پیش کیا جبکہ اسکا انگریزی ترجمہ مکرم سدید احمد صاحب نے پیش کیا۔ اس اجلاس کی پہلی تقریر اردو میں مکرم ڈاکٹر ابرار چغتائی صاحب افسر جلسہ سالانہ نے نظام جماعت اور اطاعت کے موضوع پر کی۔ بعدازاں مکرم کامران مبشر صاحب مربی سلسلہ نے انگریزی میں ’’ہر طرف آواز دینا ہے ہمارا کام آج‘‘ نے تبلیغ کے موضوع پہ کی۔ پھر مکرم رضی الرحمٰن صاحب نے نظم ’’خلافت سہارا ہے ہم غمزدوں کا‘‘ پڑھی اور اس کا انگریزی ترجمہ مکرم قنوان احمد صاحب نے پیش کیا۔ اس کے بعد مکرم ملک عمران احمد صاحب نیشنل جنرل سیکرٹری نے ’’خلافت سے مضبوط تعلق اور وابستكى تمام كاميابيون كى كنجى ہے‘‘ کے موضوع پر اردو میں تقریر کی۔ اسکے بعد مکرم احمد ندیم صاحب مربی سلسلہ نے اس اجلاس کی آخری تقریر انگریزی اور اردو میں کی جس کا موضوع تھا “مغربى معاشرہ ميں اولاد كى اخلاقى وروحانى تربيت”۔ اس اجلاس کے بعد وقفہ برائے نماز و طعام ہوا۔ تیسرا اجلاس: سہ پہر تین بجے جلسہ سالانہ کے تیسرے اجلاس آغاز مکرم محمد خلیل شیخ صاحب نائب امیر دوم کی صدارت میں ہوا۔ تلاوت قرآن کریم مکرم عاطف احمد زاہد صاحب مربی سلسلہ جبکہ انگریزی ترجمہ مکرم عمر فاروق صاحب نے پیش کیا۔ مکرم ڈاکٹر سلمان احمد صاحب نے نظم پڑھی جس کا انگریزی ترجمہ مکرم فاران احمد صاحب نے پیش کیا۔ اس اجلاس کی پہلی تقریر مکرم فہیم الدین ارشد صاحب نے ’’عائلی مسائل اور انکا حل‘‘ کے موضوع پر کی ۔ بعد ازاں مکرم رضوان شریف صاحب نے ’’میری پہچان بطور آسٹریلین مسلم‘‘ کے موضوع پر انگریزی میں تقریر کی۔ مستورات کا اجلاس: دوسری طرف مستورات کے جلسہ گاہ میں ان کا اجلاس محترمہ نجم السحر چودھری صاحبہ صدر لجنہ اماء اللہ آسٹریلیا کی صدارت میں منعقد ہوا۔ تلاوت مکرمہ آرابیہ فاروق صاحبہ نے پیش کی جبکہ نظم مکرمہ حنا احمدی صاحبہ نے پیش کی۔ پھر مکرمہ فرح خان صاحبہ نے ’’صحابیات کی قربانیاں، ایمان اور اطاعت۔ آج کی نسل کےلئے نمونہ‘‘ کے موضوع پر اردو اور انگریزی میں تقریر کی۔ اس کے بعد مکرمہ سعدیہ منیب صاحبہ نے ’’معاشرتی برائیوں اور رسوم کے شکنجے سے فرار‘‘ کے موضوع پر انگریزی اور اردو میں تقریر کی۔ بعد ازاں ناصرات الاحمدیہ کے گروپ نے ترانہ پیش کیا۔ پھر مکرمہ رمشا سید صاحبہ نے ’’موجودہ دور میں بچوں کی تربیت۔ مسائل اور انکا حل‘‘ کے موضوع پر انگریزی اور اردو میں تقریر کی۔ اس کے بعد تعلیمی ایوارڈز لینے والی لجنہ ممبرات کے ناموں کا اعلان کیا گیا۔ آخر پر مکرمہ صدر صاحبہ لجنہ اما اللہ نے اختتامی تقریر کی اور بعد میں ناصرات نے ترانے پڑھے۔ چوتھا اجلاس: شام پانچ بجے غیر از جماعت احباب کے لیے ایک خصوصی اجلاس مکرم امیر صاحب کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں غیر از جماعت کی ایک کثیر تعداد (جن میں ممبرز آف پارلیمنٹ، کونسلرز اور مئیرز شامل تھے) نے شرکت کی۔ اجلاس کے آغاز میں مکرم قمر احمد چوہان صاحب نے تلاوت قرآن کریم کی اور ترجمہ پیش کیا۔ پھر مکرم رستگار چوہان صاحب مربی سلسلہ نے امن، عدل اور انصاف: بنى نوع انسان كى بقا كى بنياد کے موضوع پر انگریزی میں تقریر کی۔ بعد ازاں مکرم محمد عطا ربی ہادی صاحب مربی سلسلہ نے عالمی بحران میں امام جماعت احمدیہ عالمگیر کی راہنمائی کے موضوع پر انگریزی میں تقریر کی۔ بعدازاں مختلف مہمانوں نے اپنی آراء کا اظہار کیا اور جماعت کی انسانیت کے لیے کی جانے والی خدمات کو سراہا۔ مہمانوں نے بک اسٹال اور نمائش کا وزٹ بھی کیا۔ آخر پر مکرم امیر صاحب نے سب مہمانان گرامی کی آمد پر ان کا شکریہ ادا کیا اور اختتامی کلمات کہے اور دعا سے اس اجلاس کا اختتام ہوا۔ بعد ازاں مہمانوں کی خدمت میں کھانا پیش کیا گیا۔ اسکے بعد نماز مغرب اور عشاء ادا کی گئیں۔ یوں اللہ کے فضل سے جلسہ سالانہ آسٹریلیا کے دوسرے دن کا بخیر وخوبی اختتام ہوا۔ الحمد للہ