بک اسٹال اور قرآن کریم کے پچاس زبانوں میں ترجموں کی نمائش اور جماعتی نمائش کاخوبصورت اہتمام آسٹریلیا کے طول و عرض سے ۳۱۷۵ افراد جماعت نے پہلے دن کے اجلاس میں شرکت کی آسٹریلیا کے علاوہ ۱۴ ممالک سے ۹۶ مہمانوں کی شرکت (۳؍اکتبور ۲۰۲۵ء، بیت الھدیٰ سڈنی، آسٹریلیا، نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) الحمد للہ آج سے جماعت احمدیہ آسٹریلیا کے ۳۷ویں جلسہ سالانہ کا انعقاد مسجد بیت الھدیٰ سڈنی میں منعقد ہورہا ہے۔ اس مرتبہ چھ سال کے بعد جلسہ سالانہ آسٹریلیا مسجد بیت الھدیٰ کے وسیع و عریض احاطہ میں منعقد ہو رہا ہے۔ اس کی وجہ یہ تھی کہ کووڈ کی وبا کے باعث تین سال جلسہ نہ ہوسکا اور اس کے بعد کے تین جلسے باہر منعقد ہوئے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے اس جلسہ کے انعقاد سے مسجد بیت الھدیٰ کی رونقیں پھر سے لوٹ آئی ہیں اور ہم جلسہ سالانہ کی برکتوں سے حصہ پا رہے ہیں۔ الحمد للہ جلسہ کے پہلے دن کا آغاز نماز تہجد سے ہوا۔ دوپہر ایک بجے نماز جمعہ ادا کی گئی۔ مکرم انعام الحق کوثر صاحب امیر جماعت آسٹریلیا نے خطبہ جمعہ دیا اور نماز پڑھائی۔ تقریب پرچم کشائی: دوپہر دو بج کر چالیس منٹ کے قریب تقریب پرچم کشائی منعقد ہوئی۔ مکرم امیر صاحب نے لوائے احمدیت لہرایا جبکہ مکرم محمد خلیل شیخ صاحب نائب امیر دوم نے آسٹریلیا کا قومی پرچم لہرایا۔ بعد ازاں مکرم امیر صاحب نے دعا کروائی۔ افتتاحی اجلاس: سہ پہر تین بجے جلسہ سالانہ آسٹریلیا کا افتتاحی اجلاس مکرم امیر صاحب کی صدارت میں منعقد ہوا۔ مکرم قمرالزماں صاحب، مربی سلسلہ نے تلاوت قرآن کریم پیش کی جس کا انگریزی ترجمہ مکرم مصلح الدین چانڈیو صاحب نے پیش کیا۔ بعد ازاں خاکسار (نیشنل سیکرٹری اشاعت) نے حضرت مسیح موعودؑ کا پاکیزہ کلام ’’ہے شکر رب عزوجل خارج از بیاں’’ پڑھا جس کا انگریزی ترجمہ مکرم مسرور احمد صاحب نے پیش کیا۔ اس کے بعد حضرت مسیح موعودؑ کا فارسی منظوم کلام مکرم سید انعام اللہ شاہ صاحب نے پیش کیا اور اس کا اردو اور انگریزی ترجمہ مکرم ڈاکٹر خرم احمد صاحب نے پیش کیا۔ بعد ازاں مکرم امیر صاحب نے افتتاحی تقریر کی۔ آپ نے سیدنا حضرت مرزا مسرور احمد، خلیفۃ المسیح الخامس ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا پیغام اردو اور انگریزی میں پڑھ کر سنایا جو حضور انور نے ازراہ شفقت احباب جماعت آسٹریلیا کے لیے جلسہ کے موقع پر بھیجا تھا۔ الحمد للہ۔ دعا کے ساتھ اس اجلاس کا اختتام ہوا۔ پہلا اجلاس: جلسہ سالانہ کا پہلا اجلاس مکرم ناصر کاہلوں صاحب، نائب امیر اول جماعت احمدیہ آسٹریلیا کی صدارت میں منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں حضرت مسیح موعودؑ کا منظوم کلام مکرم توفیق احمد اشفاق صاحب نے پیش کیا جبکہ انگریزی ترجمہ مکرم انصر رانا صاحب نے پڑھ کر سنایا۔ اس اجلاس کی پہلی تقریر مکرم عطا الاول ناصر صاحب نے “ہستی باری تعالیٰ کے سائنسی ثبوت’’ کے موضوع پر انگریزی میں کی۔ اس کے بعد مکرم مبشر احمد خالد صاحب، صدر جماعت بیرک، میلبورن نے انگریزی میں “آنحضرت صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم انسانی حقوق کے علمبردار” کے موضوع پر کی۔ اجلاس کی آخری تقریر مکرم سرفراز رحیم صاحب نے انگریزی میں ’’آخری زمانہ کا مصلح۔ حضرت مسیح موعودؑ‘‘ کے موضوع پر کی۔ اجلاس کے بعد احباب جماعت نےنہایت ذوق و شوق سے بک سٹال اور نمائش بھی دیکھی۔ نماز مغرب اور عشا کے بعد احباب کی خدمت میں عشائیہ پیش کیا گیا۔ یوں اللہ تعالیٰ کے فضل کے ساتھ جلسہ سالانہ کے پہلے دن کا اختتام ہوا۔ الحمد للہ