نوٹ: اعلانات صدر؍ امیر صاحب حلقہ؍جماعت کی تصدیق کے ساتھ آنا ضروری ہیں تقریبات آمین ٭…عطاءالرب چیمہ صاحب نمائندہ الفضل انٹرنیشنل قزاقستان تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے خاص فضل و کرم سے جماعت احمدیہ قزاقستان کی جماعت شمکنت کے مکرم تولیبایف باخ بیرگین صاحب مرحوم کے بیٹے عزیزم تولیبایف ابراہیم اور دو بیٹیوں عزیزہ تولیبایوا فاطمہ اور عزیزہ تولیبایوا رحیمہ نے قرآن کریم کا دور مکمل کرنے کی سعادت حاصل کی۔ اس موقع پر مورخہ ۳۱؍اگست ۲۰۲۵ء کو ایک بابرکت تقریبِ آمین منعقد ہوئی جس میں مکرم وقار احمد صاحب (مبلغ سلسلہ) نے تینوں بچوں سے قرآن کریم سن کر دعا کروائی۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ تینوں بچے وقفِ نو کی بابرکت تحریک میں شامل ہیں۔ تقریب میں بارہ اطفال و ناصرات اور تین ممبرات لجنہ اماءاللہ نے شرکت کی۔ آخر پر بچوں کی حوصلہ افزائی اور ان میں مسابقت کی روح پیدا کرنے کے لیے تحائف تقسیم کیے گئے اور مہمانوں کو کھانا بھی پیش کیا گیا۔ اسی طرح جماعت شمکنت ہی کی عزیزہ حدیقہ احمد نے محض سات سال کی عمر میں قرآن کریم کا دور مکمل کرنے کی سعادت پائی۔ اس موقع پر مورخہ ۳؍ اگست ۲۰۲۵ء کو تقریبِ آمین منعقد ہوئی جس میں مکرم باورجان صاحب (معلم سلسلہ) نے عزیزہ سے قرآن کریم سن کر دعا کروائی۔ ٭… ملک اللہ بخش صاحب واقف زندگی پینشنر تحریک جدید لکھتے ہیں کہ خاکسار کی پوتیوں عروسہ مظفر واقفہ نو بنت مظفراحمد عارف واقف زندگی اور سائرہ طاہر واقفہ نو بنت طاہر احمد ملک صاحب کارکن دفتر وکالت وقف نو نے بالترتیب سوا چھ سال اور چھ سال پانچ ماہ کی عمر میں قرآن کریم ناظرہ کا پہلا دور مکمل کرنے کی سعادت حاصل کی۔ عروسہ مظفر نے یہ سعادت جنوری ۲۰۲۵ء میں حاصل کی۔ بچی کو قرآن کریم پڑھانے کی توفیق ان کے والد صاحب اور والدہ درثمین صاحبہ کو ملی۔ ان کی تقریب آمین مورخہ ۳۱؍جنوری ۲۰۲۵ء بروز جمعۃ المبارک ان کے گھر پر منعقد ہوئی۔ اسی طرح سائرہ طاہر نے یہ سعادت مئی ۲۰۲۵ء میں حاصل کی۔ بچی کو قرآن کریم پڑھانے کی سعادت ان کے والد صاحب اور والدہ آصفہ طاہر صاحبہ کو ملی۔ ان کی تقریب آمین مورخہ ۷؍جون ۲۰۲۵ء بروز ہفتہ ان کے گھر پر منعقد ہوئی۔ دونوں تقریبات میں تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد خاکسار نے بچیوں سے قرآن کریم کا کچھ حصہ سنا اور دعا کروائی۔ اللہ تعالیٰ ان بچوں کے دلوں کو قرآن کریم کے انوار سے منور فرمائے اور انہیں ہمیشہ قرآن پڑھنے، سمجھنے اور اس پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین ٭…٭…٭ سانحہ ارتحال حصور احمد صاحب (طالب علم جامعہ احمدیہ ) ولد نذیر احمد صاحب تحریر کرتے ہیں کہ خاکسار کے خالو مکرم محمد نواز صاحب ولد مکرم محمد اسماعیل صاحب (چک ۹۹؍ شمالی ضلع سرگودھا )ہارٹ اٹیک کی وجہ سے مورخہ ۱۱؍ستمبر ۲۰۲۵ء کو ۵۸؍سال کی عمر میں وفات پا گئے۔ انا للہ و انا الیہ راجعون آپ کے خاندان میں احمدیت کا نفوذ حضرت مصلح موعودؓ کے دور میں مرحوم کے پڑدادا غلام احمد صاحب کے ذریعہ سے ہوا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے مرحوم موصی تھے۔ تہجد اور پنجوقتہ نماز باجماعت کے پابند تھے۔ جب بھی مسجد میں نماز تہجد باجماعت ہوتی تو گھر گھر جا کر احباب کو بیدار کرتے۔ آپ اپنی جماعت میں لمبا عرصہ سے امام الصلوٰۃ، نائب صدر جماعت نیز وفات تک زعیم مجلس انصار اللہ کی خدمت سر انجام دینے کی توفیق پاتے رہے۔ اس کے علاوہ اپنی جماعت میں سیکرٹری وقف نو بھی رہے اور خدام الاحمدیہ کے بھی کئی شعبہ جات میں خدمات سر انجام دیتے رہے۔ آپ نے متعدد مرتبہ مجلس شوریٰ میں اپنی جماعت کی نمائندگی کی۔ جماعتی اور تنظیمی چندہ جات میں ہمیشہ پہل کرتے۔ مسجد کی تزئین و آرائش کا خاص خیال رکھتے اور خوبصورتی کے ليے پودے لا کر لگاتے۔ اس کے علاوہ اپنی جماعت کے قبرستان کی بھی صفائی ستھرائی کا خاص خیال رکھتے، ہفتہ میں ایک دن ضرور قبرستان کا چکر لگاتے اور صفائی کرتے۔ ہنگامی حالات میں سب سے پہلے یہ ڈیوٹی پر آتے اور پھر اپنے ساتھ اور خدام کو شامل کرتے۔ آپ کے گھر میں ڈش انٹینا خراب تھا لیکن پھر بھی آپ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کا خطبہ جمعہ اور جلسہ سالانہ یوکے اور جرمنی کی تمام براہ راست نشریات اپنے موبائل فون پر دیکھتے۔ خالو مرحوم بہت مہمان نواز، انسانیت کا درد رکھنے والے، اپنے تمام عزیز و اقارب کا بہت زیادہ خیال رکھنے والے اور کوئی بھی جماعتی نمائندہ ان کی جماعت میں آتا تو اس کی بہت عزت کیا کرتے اور دعوت بھی کرتے تھے۔ مقامی مبلغ سلسلہ کا کہنا ہے کہ اگر مجھے کسی کام سے جماعت سے باہر جانا ہوتا تو مجھے فکر نہیں ہوتی تھی کیونکہ مجھے پتا تھا کہ محمد نواز صاحب موجود ہیں اور نماز پڑھا لیں گے۔ ۱۱؍ستمبر۲۰۱۲ء کو مرحوم کے ہم زلف کی کراچی میں شہادت ہوئی تھی اور ان کا نام بھی محمد نواز تھا۔ مرحوم کے پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو بیٹے اور دو بیٹیاں شامل ہیں۔ اللہ تعالیٰ مرحوم کے درجات بلند کرے اور جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور لوحقین کو صبر و حوصلہ عطا فرمائے۔ آمین ثم آمین ٭…٭…٭