اللہ تعالیٰ کے فضل سے دو سال قبل کی طرح اس دفعہ بھی سکاٹ لینڈکے دُور دراز علاقوں میں تبلیغی دورے کا پروگرام بنایا گیا۔ مورخہ ۲۵؍اگست ۲۰۲۵ء بروز سوموار سکاٹ لینڈ ریجن سے ۱۵؍خدام اور انصار پر مشتمل ایک قافلے نے مکرم داؤداحمد قریشی صاحب مربی سلسلہ کی قیادت میں صبح مسجد بیت الرحمٰن، گلاسگو سے دُعا کے ساتھ اپنے سفر کا آغاز کیا۔ Aviemoreسکاٹ لینڈ کا ایک خوبصورت قصبہ ہے جو گلاسگو سے ۱۴۰؍میل کے فاصلہ پر شمال میں واقع ہے، وہاں تین دن تک مختلف تبلیغی سرگرمیاں منعقد کرنے کی توفیق ملی جس کی تفصیل کچھ یوں ہے: احباب کے قیام کےليے ایک ہوسٹل میں تین دن کا انتظام تھا جہاں سب نے اکٹھے تبلیغ کے کام کے ساتھ ساتھ باجماعت نمازیں بھی ادا کیں اور اپنے ليے دوستانہ ماحول میں کھانا بھی بنایا۔ تینوں دن اس قصبہ کی ہائی سٹریٹ پر تبلیغی سٹال لگایا گیا جس میں مقامی آبادی نے گہری دلچسپی کا اظہار کیا، سوال وجواب کيے اور اپنے ليے لٹریچر حاصل کیا۔ اس موقع پرمربی صاحب کی قیادت میں مقامی پولیس سٹیشن، لائبریری اور مختلف سکولوں کا دورہ بھی کیا گیا اور لٹریچر بھی تقسیم کیا گیا۔ اس قصبہ کے علاوہ درج ذیل قریبی علاقوں میں لٹریچر تقسیم کیا گیا:Newtonmore, Kingussie, Kincraig, Feshiebridge اور Boat of Garten۔ گھرگھر جاکر تقریباً دس ہزار سے زائد لیف لیٹس تقسیم کيے گئےاور مختلف مقامی شہریوں سے بات کرنے اور اسلام کی پُرامن تعلیم پیش کرنے کا موقع بھی ملا۔ مربی صاحب نے دوستوں کو مختلف ٹیموں میں تقسیم کیا جس سے اس کام میں کافی بہتری آئی۔ ایک ٹیم نے تین دنوں میں شہر کے مختلف علاقوں اور شاپنگ سنٹرز کے باہر تبلیغ سٹالز لگائے جہاں بڑی تعداد میں مقامی شہری آئے اور جماعت کا لٹریچر اور کتب لےکرگئے۔ اللہ تعالیٰ تمام شاملین اورمنتظمین کو بہترین جزا عطا فرمائے۔ آمین (رپورٹ:ارشدمحمود خاں۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭