مکرم منیر عباس صاحب انچارج الحافظون کلاس تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے مورخہ ۷؍ستمبر ۲۰۲۵ء کو الحافظون ہالینڈ کی سالانہ تقریب منعقد ہوئی جس کا آغاز جلسہ سیرت النبیﷺ سے ہوا۔ جلسہ اور سالانہ تقریب کی صدارت مکرم ہبۃ النور فرحاخن صاحب امیر جماعت احمدیہ ہالینڈ نے کی۔ پروگرام کا آغاز صبح ساڑھے دس بجے تلاوت قرآن کریم و ترجمہ، حدیث، حضرت مسیح موعودؑ کے ایک اقتباس اور نظم سے ہوا۔ سیرت النبیﷺ کے موضوع پر عزیزم رمیض عباس نے اردو میں اور عزیزہ ملیحہ شوکت نے ڈچ میں تقاریر کیں۔ بعد ازاں سالانہ تقریب الحافظون کا پروگرام شروع ہوا۔ خاکسار (انچارج الحافظون ہالینڈ) نے سالانہ رپورٹ پیش کی اور نئے شامل ہونے والے بچوں کا تعارف کروایا۔ اس سال دس نئے طلبہ کلاس میں شامل ہوئے ہیں۔ الحمدللہ مکرم حافظ فضل ربی صاحب نے آن لائن شامل ہوکر الحافظون کلاس کی انتظامیہ اور طلبہ کو نصائح کیں اور شکریہ بھی ادا کیا۔ مکرم زبیر اکمل صاحب نیشنل سیکرٹری تعلیم القرآن و وقف عارضی نے بتایا کہ یہ کلاس کس طرح مجلس شوریٰ کی تجویز سے شروع ہوئی۔ آپ نے پچھلے دو سال کی کارگزاری کی رپورٹ پیش کی اور طلبہ کو نصیحت کی کہ وہ موبائل پر وقت ضائع کرنے کی بجائے قرآن کریم کی تلاوت کی طرف توجہ دیں۔ آپ نے ٹیم کو مبارک باد دی کہ دوسرا سال کامیابی سے مکمل ہو رہا ہے اور سب سے دعا کی درخواست کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں بچوں کو قرآن کریم احسن رنگ میں سکھانے کی توفیق عطا فرمائے۔ اس کے علاوہ والدین اور اساتذہ نے بھی الحافظون کلاس کے حوالے سے اپنے تاثرات بیان کیے۔ اس کے بعد نمائندہ صدر مجلس انصار اللہ مکرم شاہد محمود صاحب نے قرآن کریم کی حفاظت کے متعلق گزارشات پیش کیں۔ نیشنل صدر صاحبہ لجنہ اماءاللہ نے بھی اظہار خیال کیا اور انتظامیہ اور والدین کو مبارک باد دی کہ انہوں نے بچوں کو قرآن کریم حفظ کرانے میں مدد کی۔ مکرم نعیم احمد وڑائچ صاحب مبلغ انچارج ہالینڈ نے اپنی تقریر میں کہا کہ قرآن کریم پڑھنے اور پڑھانے کی بہت فضیلت ہے۔ آپ خوش قسمت ہیں کہ اس خدمت کی توفیق پا رہے ہیں۔ دوسروں کو بھی اس طرف توجہ دلانی چاہیے۔ آخر میں مکرم امیر صاحب اور مبلغ انچارج صاحب نے اساتذہ اور طلبہ میں انعامات تقسیم کیے۔ مکرم امیر صاحب نے طلبہ اور والدین کو نصائح کیں۔ دعا کے ساتھ اس تقریب کا اختتام ہوا۔ (رپورٹ: عدیل باسم۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل ہالینڈ) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: مجلس انصار اللہ بیلجیم کے انتیسویں سالانہ نیشنل اجتماع ۲۰۲۵ء کا کامیاب انعقاد