https://youtu.be/Kr5p_Rtpobc اللہ تعالیٰ کے فضل سے فجی کی مختلف جماعتوں میں جلسہ ہائے سیرۃ النبی ﷺ کا کامیاب انعقاد کیا گیا۔ تمام جماعتوں میں احباب جماعت کو جلسہ جات کی زبانی و تحریری اطلاع کی گئی تھی۔ جلسوں کے انعقاد سے قبل کئی مقامات پر وقار عمل کے ذریعے صفائی اور مناسب تزئین و آرائش کی گئی۔ قارئین الفضل کی خدمت میں ان جلسہ جات کی تفصیلات پیش خدمت ہیں۔ جماعت احمدیہ مارو:۷؍ستمبر کو جماعت احمدیہ مارو میں نماز مغرب و عشاء کی باجماعت ادائیگی کے بعد جلسے کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا۔ پروگرام میں دو نظمیں اور تین تقاریر شامل تھیں جن میں مقررین نے آنحضرتﷺکی تعلیمات، آپؐ کا اسوۂ حسنہ اور ارشادات مبارکہ پر روشنی ڈالی۔ دعا کے ساتھ جلسے کا اختتام ہوا جس کے بعد تمام شاملین کی کھانے سے تواضع کی گئی۔ کُل حاضری ۲۶؍رہی جس میں دو مہمان شامل تھے۔ الحمدللہ جماعت احمدیہ ناندی:۸؍ستمبر کو جماعت احمدیہ ناندی میں نماز عصر کے بعد جلسے کا آغاز تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے ہوا۔ پروگرام میں دو نظمیں اور چار تقاریر شامل تھیں جن میں مقررین نے جلسہ سیرت النبی ﷺ کی اہمیت، آنحضرتﷺ کا اسوۂ حسنہ، حضرت مسیح موعودؑ کا عشقِ رسول اور آنحضرت ﷺ کے تربیت کے طریق جیسے موضوعات پر تقاریر کیں۔ جلسے کا اختتام دعا سے ہوا۔ کُل حاضری ۶۵؍رہی جس میں چار مہمان شامل تھے۔ نماز مغرب و عشاء کے بعد حاضرین کو کھانا پیش کیا گیا۔ جماعت احمدیہ صووا:صووا جماعت نے مورخہ ۸؍ستمبر کو مسجد فضل عمر میں جلسہ سیرۃ النبی کا آغاز صبح دس بج کر پینتیس منٹ پر تلاوت قرآن کریم و ترجمہ سے کیا۔ پروگرام میں تین نظمیں اور ان موضوعات پر تین تقاریر شامل تھیں: شفقت و رحمت میں آنحضورﷺ کا بہترین نمونہ اور اسلام میں اعلیٰ اخلاق اور خلوص کی اہمیت۔ بعد ازاں مکرم محمود احمد صاحب امیر و مبلغ انچارج فجی نے آنحضرت ﷺ کے مختلف اخلاق عالیہ بیان کرتے ہوئے آپؐ کے اسوۂ حسنہ پر عمل کرنے کی طرف توجہ دلائی۔ نماز ظہر و عصر کے بعد دوپہر کا کھانا پیش کیا گیا۔ کل حاضری ۱۰۳؍رہی۔ ونوالیو کی جماعتیں: ۱۴؍ستمبر کو ونوالیوو کی جماعتوں (لمباسہ، سنیگاگا، ولودہ، نسروانگا) نے مشترکہ جلسہ سیرۃ النبیﷺ مسجد ولودہ میں منعقد کیا۔ تلاوت قرآن کریم اور نظم کے بعد صدر جماعت ولودہ مکرم محمد امین صاحب نے خوش آمدید کہا اور جلسہ کی اہمیت بیان کی۔ بعدازاں ان موضوعات پر تقاریر کی گئیں:محسن انسانیت، آنحضورﷺ کا اسوہ حسنہ، آنحضورﷺ تمام جہانوں کے لیے رحمت اور غیر مسلمانوں کی نظر میں آپﷺ کا مقام و مرتبہ۔ تقاریر کے درمیان نظمیں بھی پیش کی جاتی رہیں۔ آخر پر خاکسار (سیف اللہ مجید۔ مربی سلسلہ) نے آنحضرتﷺ کے اخلاق عالیہ اور اسوۂ حسنہ کے موضوع پر تقریر کی۔ حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطبہ جمعہ فرمودہ یکم دسمبر ۲۰۱۷ء کی روشنی میں خاکسار نے بتایا کہ حقیقی خوشی تبھی ممکن ہے جب ہم آنحضرت ﷺ کے اسوہ پر عمل کریں۔ دعا کے ساتھ جلسے کا اختتام ہوا۔ کُل حاضری ۱۱۰؍رہی۔ نماز ظہر و عصر کے بعد شاملین کی کھانے سے تواضع کی گئی۔ جماعت احمدیہ لٹوکا: جماعت لٹوکا میں ۸؍مئی کو دوپہر بارہ بجے تلاوت قرآن کریم و ترجمہ اور عربی قصیدہ سے جلسہ کا آغاز ہوا۔ بعدازاں عزیزم محمد عبداللہ نے ’’آنحضورﷺ کی حیات مبارکہ‘‘ پر اور مکرم اسد محمود صاحب مربی سلسلہ نے ’’آنحضورﷺ کا اسوۂ حسنہ اور بحیثیت مسلمان ہماری ذمہ داریاں‘‘ کے موضوعات پر تقاریر کیں۔ دعا کے ساتھ جلسے کا اختتام ہوا۔ نماز ظہر و عصر کے بعد کلوا جمیعًا کی طرز پر شاملین کی تواضع کی گئی۔ کل ۱۷؍احباب نے شرکت کی جن میں دو مہمان بھی شامل تھے۔ احمدیہ مسلم پرائمری سکول لٹوکا:احمدیہ مسلم پرائمری سکول لٹوکا کو مورخہ ۱۲؍ستمبر کو جلسہ سیرۃ النبیﷺ منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ تلاوت قرآن کریم اور عربی قصیدہ سے جلسہ شروع ہوا۔ مکرم اسد محمود صاحب مربی سلسلہ نے بچوں کو آنحضرتﷺ کی سادہ زندگی اور اس سے حاصل ہونے والے اسباق پر روشنی ڈالی۔ اس تقریر کا فجین زبان میں ترجمہ بھی سنایا گیا۔ پروگرام کے اختتام پر بچوں میں مٹھائی تقسیم کی گئی۔ کل حاضری ۴۸۶؍رہی۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک (رپورٹ:سیف اللہ مجید۔ مربی سلسلہ فجی) ٭…٭…٭