https://youtu.be/sdOCqqtHNMw ٭…یونان کے وزیراعظم نے کہا کہ غزہ کے مسئلے پر یونان کی اسرائیل سے گہری دوستی ختم ہوجائے گی۔ یونان کے وزیرِاعظم کریوکس مٹسوٹاکیز نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں خطاب کے دوران اسرائیل کو دوستی ختم کرنے کی دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی ۷؍اکتوبر ۲۰۲۳ء کے بعد حماس کے خلاف کارروائی درست تھی تاہم ہزاروں بچوں کے قتل کا جواز کوئی نہیں۔کریوکس مٹسوٹاکیز نے کہا کہ ہمارے اسرائیل سے سٹریٹجک تعلقات ضرور ہیں مگر کھری بات یہ ہے کہ ہمیں صحیح بات کرنی چاہیے۔ ٭…عالمی عدالتِ انصاف کو جنگی جرائم میں مطلوب اسرائیلی وزیرِاعظم نیتن یاہو گرفتاری سے بچنے کے لیے طویل فضائی راستہ اختیار کرنے پر مجبور ہوگئے۔ عالمی عدالت انصاف کی جانب سے وارنٹ گرفتاری جاری ہونے کی وجہ سے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کو امریکہ کے شہر نیویارک پہنچنے کےلیے طویل فضائی راستہ اختیار کرنا پڑا۔اسرائیلی وزیراعظم پر غزہ میں قحط کو بطور جنگی ہتھیار استعمال کرنے اور دیگر جنگی جرائم کے الزام میں عالمی عدالت انصاف کو مطلوب ہیں۔اسرائیلی وزیراعظم کے طیارے نے فرانس، سپین، پرتگال، آئرلینڈ اور برطانیہ کی فضائی حدود سے گزرنا تھا، تاہم ان کے طیارے کے لیے بحیرہ روم سے آبنائے جبرالٹر کا فضائی راستہ اختیار کیا گیا۔واضح رہے کہ اسرائیلی وزیرِاعظم کے نیویارک آنے کا مقصد اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب کرنا تھا۔ ٭…امریکی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ ہیڈکوارٹرز کے باہر فلسطین کے حق مظاہرے میں شرکت کر کے اشتعال انگیزی کی، ان کا ویزا منسوخ کریں گے۔ امریکی وزارت خارجہ حکام نے کہا ہے کہ نیویارک میں اقوام متحدہ ہیڈ کوارٹرز کے باہر فلسطین کے حق مظاہرے میں شرکت کرکے کولمبین صدر گسٹاو پیٹرو نے لاپروائی کا ثبوت دیا ہے۔سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا گیا کہ کولمبین صدر نے امریکی فوجیوں کو اُکساتے ہوئے پیغام دیا کہ وہ سرکاری احکامات کی نافرمانی کریں اور اس لاپروائی اوراشتعال انگیزی پر ہم ان کا ویزا منسوخ کریں گے۔ ٭…ٹرمپ انتظامیہ نے سپریم کورٹ سے درخواست کی ہے کہ امریکی شہریت کے پیدائشی حق کو ختم کرنے سے متعلق صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے صدارتی حکم نامے کی آئینی حیثیت کا جائزہ لیا جائے۔ خیال رہے کہ صدر ٹرمپ نے عہدہ سنبھالنے کے روز یہ صدارتی حکم نامہ جاری کیا تھا جس میں ایجنسیز کو حکم دیا گیا تھا کہ وہ امریکہ میں پیدا ہونے والے ایسے بچوں کی شہریت تسلیم نہ کریں جن کے والدین میں کم سے کم کوئی ایک امریکی شہری یا امریکہ میں مستقل رہائش پذیر یعنی گرین کارڈ ہولڈر نہ ہو۔ ٭…متحدہ عرب امارات (یو اے ای) میں آرٹیفیشل انٹیلجنس (اے آئی) کے ذریعے بغیر اجازت کے مشہور شخصیات اور قومی علامتوں کی تصویر کشی کرنے کو غیر قانونی قرار دے دیا گیا۔اماراتی میڈیا کونسل نے واضح انتباہ جاری کیا ہے کہ بغیر اجازت لیے اے آئی کی مدد سے مشہور شخصیات اور قومی علامتوں کی تصویر کشی کرنا اور گمراہ کن معلومات پھیلانا قانون کی سنگین خلاف ورزی ہے۔ایسی سرگرمیاں ناصرف پیشہ ورانہ اور اخلاقی ذمے داری کی خلاف ورزی ہیں بلکہ اماراتی میڈیا قوانین کے تحت قانونی کارروائی اور بھاری جرمانے کا باعث بھی بن سکتی ہیں۔کونسل کا کہنا تھا کہ آرٹیفیشل انٹیلجنس کی مدد سے شناخت متاثر نہ کریں۔ ٭…تائیوان میں سپر طوفان ’راگاسا‘ کے پیش نظر ہونے والی شدید بارشوں اور سیلاب نے تباہی مچادی۔ بارشوں اور سیلاب کے نتیجے میں ہلاک افراد کی تعداد چودہ ہوگئی اور ۱۲۴؍افراد لا پتا ہیں۔تائیوان کے مشرقی علاقے ہوالین کاؤنٹی میں جھیل سے پانی کا اخراج ہوگیا جس سے پانی آبادی میں داخل ہوگیا اور مکانات کو نقصان پہنچا۔ ٭…شام کے برطرف شدہ صدر بشار الاسد کے خلاف ان کے ملک چھوڑ کر فرار ہو جانے کے نو ماہ بعد دمشق کی ایک عدالت نے ان کی گرفتاری کا وارنٹ جاری کر دیا ہے۔ دمشق کی ایک عدالت کے تفتیشی جج توفیق العلی نے ہفتے کے روز بتایا کہ وارنٹ غیرحاضری میں جاری ہوا اور اس میں قتل عمد اور تشدد سے موت جیسے الزامات شامل ہیں۔ خیال رہے کہ بشار الاسد، جو دو دہائیوں سے زائد عرصے تک شام پر حکمرانی کرتے رہے، گذشتہ دسمبر میں اسلام پسند باغیوں کے اتحاد کی دمشق کی طرف پیش قدمی کے بعد روس فرار ہو گئے تھے۔ ٭…٭…٭