اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے خاکسار (مربی سلسلہ) کو مورخہ ۲۴؍جون ۲۰۲۵ء کو ساؤ پاؤلو کے قریب واقع شہر Americana کے کونسل ہاؤس میں منعقدہ اجلاس میں شرکت کی توفیق ملی۔ یہ دعوت ایک مقامی کونسلر کی جانب سے دی گئی تھی تاکہ مذہبی آزادی اور اسلام کی امن پسند تعلیمات کو کونسلرز کے سامنے پیش کیا جا سکے۔ کونسل ہاؤس کے تعارفی کلمات کے بعد خاکسار نے مذہبی آزادی اور امن و رواداری کے حوالے سے رسولِ کریمﷺ کی بابرکت زندگی سے چند روشن مثالیں پیش کیں۔ تقریر کے بعد چار کونسلرز نے اظہار خیال کرتے ہوئے اسلام کی نمائندگی میں پیش کیے گئے پیغام کو سراہا اور اسے معاشرہ کے لیے نہایت اہم قرار دیا۔ اس موقع کی کوریج مقامی میڈیا نے بھی کی۔ ایک ٹی وی چینل نے اجلاس کے بعد انٹرویو نشر کیا جو یوٹیوب پر بھی اپلوڈ ہوا جبکہ ایک اخبار نے بھی اس خبر کو شائع کیا۔ مزید ایک اور ٹی وی چینل نے سٹوڈیو انٹرویو ریکارڈ کر کے نشر کیا۔ اسی دوران ایک معروف صحافی نے پوڈکاسٹ پروگرام میں مدعو کیا جس میں اسلام احمدیت، حضرت مسیح موعودؑ کی بعثت، عصری مسائل اور عورتوں کے حقوق جیسے اہم موضوعات پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ مورخہ ۲۵؍جون کو شہر کے ایک عیسائی کالج میں طلبہ کے لیے لیکچر کا انتظام بھی کیا گیا جس میں دو کلاسوں کے طلبہ نے شمولیت اختیار کی۔ طلبہ نے نہایت دلچسپی سے سوالات کیے۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے ان تمام پروگراموں کے ذریعہ ہزاروں افراد تک اسلام احمدیت کا پیغام پہنچانے کی توفیق ملی۔ فالحمدللہ علیٰ ذالک (رپورٹ:حافظ احتشام احمد مومن۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: جماعت احمدیہ فجی کی ذیلی تنظیموں کا اڑتالیسواں نیشنل سالانہ اجتماع ۲۰۲۵ء