اللہ تعالیٰ کے فضل سے ۱۷؍جولائی ۲۰۲۵ء بروز جمعرات جماعت احمدیہ جرمنی کو مسجد بیت الشکور، ناصر باغ، گروس گیراؤ میں ۲۴؍جرمن خواتین کے تعارفی و تبلیغی دورہ کے انعقاد کی توفیق ملی۔ یہ خواتین مقامی شہر Büttelborn کے سپورٹس گروپ Gymnastikfrauen TV سے تعلق رکھتی تھیں جبکہ دو مہمان فرانکفرٹ سے شامل ہوئے۔ خواتین کی اکثریت بائیسکل چلا کر گروپ کی صورت میں ناصر باغ پہنچی جہاں مسجد بیت الشکور کے مرکزی دروازے پر موجود مینارۃالمسیح کے ماڈل کے سامنے ان کا استقبال کیا گیا۔ تلاوت قرآن کریم کے بعد مکرم اعتزاز احمد شاہ صاحب مبلغ سلسلہ نے ناصر باغ کی تاریخ اور پس منظر بیان کیا۔ بعض خواتین کو یہ جان کر دلچسپی ہوئی کہ اسی قطعہ اراضی پر پہلے Wonderland کے نام سے بچوں کا پارک قائم تھا۔ بعد ازاں مہمانوں کو ناصر باغ اور مسجد بیت الشکور کے مختلف حصے دکھائے گئے اور اسلامی عبادات کے بارے میں وضاحت کی گئی۔ اسی طرح النصرت کی طرف سے قائمNaturkitaکا بھی تعارف کروایا گیا۔ سوال و جواب کے اجلاس میں مربی صاحب اور مکرم سلمان طیب صاحب انچارج پروگرامنگ ایم ٹی اے جرمنی نے مہمانوں کے سوالات کے جواب دیے۔ مزید برآں جماعت احمدیہ کی عالمی دینی و سماجی خدمات پر مشتمل ایک تعارفی ویڈیو بھی دکھائی گئی۔ پروگرام کے اختتام پر مکرمہ لئیقہ احمد صاحبہ نے خود تیار کردہ کھانے سے مہمانوں کی ضیافت کی۔ بعد ازاں شعبہ تبلیغ کی طرف سے تحائف پیش کیے گئے جن میں عالمی جنگوں سے بچنے اور امن کا راستہ اختیار کرنے سے متعلق حضور انور ایدہ اللہ تعالیٰ بنصرہ العزیز کے خطابات اور سربراہان مملکت کو لکھے جانے والے خطوط پر مشتمل کتاب کا جرمن ترجمہ بھی شامل تھا۔ مہمان خواتین نے شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہاں آکر ان کے پہلے سے بنے ہوئے بہت سے تصورات بدل گئے ہیں۔ پروگرام کے دوران جمناسٹک گروپ کی انتظامیہ نے ۱۰۰؍یورو ہیومینٹی فرسٹ کو عطیہ بھی پیش کیا۔ اللہ تعالیٰ کے فضل سے یہ پروگرام نہایت کامیاب رہا اور مہمانوں نے جماعت احمدیہ کی تعلیمات اور خدمات کو قریب سے دیکھنے کا موقع حاصل کیا۔ اللہ تعالیٰ ان کے دل کھولے اور اسلام احمدیت کو سمجھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین (رپورٹ: عرفان احمد خان۔ نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: سالانہ پیس سمپوزیم نیوزی لینڈ ۲۰۲۵ء کا کامیاب انعقاد