مکرم سید سہیل احمد صاحب ریجنل قائد مجلس خدام الاحمدیہ تحریر کرتے ہیں کہ اللہ تعالیٰ کے فضل سے مجلس خدام الاحمدیہ لوئر ریور ریجن، گیمبیا کواپنا ریجنل اجتماع مورخہ۱۷؍اگست ۲۰۲۵ء بروز اتوار ریجن کی ایک مجلس سارے موموڈو میں منعقد کرنے کی توفیق ملی۔ الحمدللہ اجتماع کا آغاز صبح افتتاحی تقریب سے ہوا جس کی صدارت مکرم مسعود احمد صاحب مبلغ سلسلہ و ایریا مشنری لوئر ریور ریجن نے کی۔ تلاوت قرآن کریم اور دونوں ذیلی تنظیموں کے عہدوں اور ان کے ترجمہ کے بعد مربی صاحب نے تمام خدام و اطفال کو اجتماع کے اغراض و مقاصد سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی طرف نیز علمی و ورزشی مقابلہ جات میں جماعتی روایات کے مطابق حصہ لینے کی طرف توجہ دلائی۔ افتتاحی تقریب کے بعد ورزشی و علمی مقابلہ جات کا انعقاد ہوا۔ نماز ظہر و عصر کی ادائیگی کے بعد معتمد مجلس خدام الاحمدیہ گیمبیا مکرم ابرہیم مکا لو صاحب اور مکرم لامین طورے صاحب بطور نمائندہ صدر مجلس خدام الاحمدیہ احمدیہ گیمبیا خصوصی طور پر شمولیت کے ليے تشریف لائے۔ اختتامی تقریب کی صدارت مکرم معتمد صاحب نے کی۔ تلاوت قرآن کریم و عہد کے بعد علمی و ورزشی مقابلہ جات میں نمایاں کا میابی حاصل کرنے والے خدام و اطفال میں انعامات تقسیم کیے گئے۔ مکرم معتمد صاحب نے اپنی تقریر میں اطاعت خلافت کے حوالے سے خدام واطفال کو نصائح کرتے ہوئے اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کی طرف توجہ دلائی۔ اجتماع کا بابرکت اختتام دعا سے ہوا جس کے بعد شاملین اجتماع کی خدمت میں ظہرانہ پیش کیا گیا۔ اس اجتماع کی کُل حاضری ۸۵؍خدام واطفال پر مشتمل تھی۔ الحمدللہ علیٰ ذالک (رپورٹ:مسعود احمد طاہر۔نمائندہ الفضل انٹرنیشنل) ٭…٭…٭ مزید پڑھیں: مجلس انصار اللہ یونان کے دسویں سالانہ اجتماع ۲۰۲۵ء کا انعقاد